صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

وزارت صحت نے برطانیہ سے ہندوستان آنے والی پروازوں کی معطلی کی مدت میں 7 جنوری 2021 تک توسیع کرنے کی سفارش کی


ہیلتھ سکریٹری نے تمام ریاستوں کو مکتوب بھیجا ہے کہ وہ نئے سال کی تقریبات میں تیزی سے پھیلنے کے خطرے والے پروگراموں پر سخت نظر رکھیں

Posted On: 30 DEC 2020 11:39AM by PIB Delhi

 

نئی دہلی30 دسمبر2020:وزارت صحت نے شہری ہوابازی کی وزارت سے سفارش کی ہے کہ برطانیہ سے ہندوستان آنے والی پروازوں کی عارضی معطلی کو 7 جنوری (جمعرات) 2021 تک توسیع دی جائے۔

صحت کے ڈائریکٹر جنرل (DGHS) کی سربراہی والے جوائنٹ مونیٹرنگ گروپ اور ڈی جی – آئی سی ایم آر اور نیتی آیوگ کی مشترکہ سربراہی والی نیشنل ٹاسک فورس سے ملی جانکاری کی بنیاد پر یہ سفارش کی گئی ہے۔

شہری ہوابازی کی وزارت کو یہ صلاح بھی دی گئی ہے کہ 7 جنوری 2021کے بعد برطانیہ سے محدود تعداد میں سخت ضابطوں کے تحت پروازوں کو اجازت دینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح کے طریقہ کار کی تفصیلات شہری ہوابازی کی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے ساتھ صلاح ومشورہ کرکے وضع کرسکتی ہے۔

مرکزی ہیلتھ سکریٹری نے تمام ریاستوں کو مکتوب بھیج کر ان سے کہا کہ وہ نئے سال کے موقع پر ہونے والے پروگراموں کی سخت نگرانی کریں جہاں بیماری پھیلنے کے خطرے درپیش ہوں گے اور نئے سال اور جاری موسم سرماکے دوران بھیڑ بھاڑ کو روکیں۔

وزارت داخلہ نے حال ہی میں ریاستوں کو جوہدایات اور رہنما خطوط جاری کئے ہیں ،وزارت صحت نے بھی ان کو دوہرایا ہے۔ وزارت داخلہ نے ہدایت دی ہے کہ ریاستیں/ مرکزی انتظام والے علاقے صورتحال کا تخمینہ لگاتے ہوئے کووڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اپنے طور پر مقامی سطح پر بندشیں عائد کرسکتے ہیں۔ جس میں رات کے کرفیو کا اقدام بھی شامل ہے۔ وزارت داخلہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بین ریاستی اور ریاست گیر سطح پر لوگوں یا اشیا کی نقل وحمل پر کوئی پابندی عائد نہ کی جائے۔ اس جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے ہیلتھ سکریٹری نے ریاستوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی صورتحال کا مستعدی سے تخمینہ لگائیں اور 30 اور 31 دسمبر 2020 اور یکم جنوری 2021 کو مناسب مطلوبہ بندشیں عائد کریں۔

****

م ن۔ ر ف ۔ س ا

U: 8540

 



(Release ID: 1684924) Visitor Counter : 216