وزیراعظم کا دفتر

 وزیر اعظم نے جے این یو کیمپس میں سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی کی


نظریے کو کبھی بھی قومی مفاد کے آگے نہیں رکھنا چاہیے: وزیر اعظم

خیالات میں ساجھے داری اور نئے خیالات کی آمد میں کوئی رکاوٹ نہیں پڑنی چاہیے

Posted On: 12 NOV 2020 8:09PM by PIB Delhi

نئی دہلی،12 نومبر ،   وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نئی دہلی کے جے این یو کیمپس میں آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔

جے این یو کے طلبا اور ملک کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نظریے کو قومی مفاد پر ترجیح دینے کے نقصانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ  یہ ایک ایسی چیز ہے جس نے ہمارے ملک کے جمہوری نظام کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ’’چونکہ میرا نظریہ بتاتا ہے اس لیے  قومی مفاد کے معاملات میں، میں اسی فریم ورک کے اندر سوچوں گا، میں اسی نہج پر کام کروں گا، یہ غلط ہے‘‘۔ اپنے نظریے پر فخر کرنا فطری بات ہے لیکن پھر بھی قومی مفاد کے معاملات میں  ہمارے نظریے کو قومی مفاد کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اس کے مخالف نہیں۔

وزیر اعظم نے طلبا سے کہا کہ ملک کی تاریخ میں جب کبھی ملک کے سامنے مشکل وقت پڑا ہے ہر نظریے کے لوگ قومی مفاد میں ایک ساتھ جڑ گئے ہیں۔ آزادی کی جدوجہد میں مہاتما گاندھی کی قیادت میں ہر نظریے کے لوگ ایک ساتھ جمع ہوگئے تھے۔ انھوں نے ایک ساتھ ملک کے لیے لڑائی لڑی۔ ملک نے ایمرجنسی کے دوران بھی اِسی یکجہتی کا نظارہ کیا۔ سابق کانگریسی رہنما اور سرگرم کارکن بھی ایمرجنسی کے خلاف تحریک میں موجود رہے۔ آر ایس ایس کے رضاکار تھے اور جن سنگھ کے لوگ بھی تھے، سوشلسٹ اور کمیونسٹ بھی ایک ساتھ آگئے۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے زور دے کر کہا کہ اس یکجہتی میں نظریے پر کسی کو مصالحت نہیں کرنی پڑی۔ سب کے سامنے صرف ایک مقصد تھا۔ قومی مفاد۔ اس لیے جب کبھی قومی اتحاد یکجہتی اور قومی مفاد کا سوال  پیدا ہوتا ہے تو   نظریے کے تحت لیے جانے والے فیصلوں سے  قوم کو نقصان ہوگا۔

وزیر اعظم نے یہ بات واضح کردی کہ خیالات میں ساجھے داری اور نئے خیالات کی آمد میں کوئی رکاوٹ نہیں پڑنی چاہیے۔  ہماراملک ایک ایسی سرزمین ہے جہاں مختلف  دانشورانہ خیالات کے بیجوں میں کونپلیں پھوٹی ہیں اور وہ پھلے پھولے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس روایت کو مضبوط بنائیں۔اس روایت کی وجہ سے بھارت دنیا میں ایک انتہائی متحرک جمہوریت کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیر اعظم نے طلبا کے سامنے اپنی حکومت کا اصلاحات کا ایجنڈا رکھا۔ انھوں نے کہا کہ آتم  نربھر بھارت کا  نظریہ 130 کروڑ سے زیادہ بھارتیوں کا اجتماعی ا حساس بن گیا ہے۔ اور اس نے  ہماری امنگوں کے ایک حصے کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔ بھارت میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے کے سلسلے میں وزیر اعظم نے جے این یو کے طلبا پر زور دیا کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ  کس طرح اچھی اصلاحات اور خراب سیاست بدل کر اچھی اصلاحات اور اچھی سیاست بن گئی۔ انھوں نے کہا کہ آج اصلاحات کے پیچھے یہ عزم موجود ہے کہ بھارت کو ہر طریقے پر بہتر بنائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج اصلاحات کے اندر پایا جانے والا ارادہ ا ور عزم بہت پرخلوص ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کی اصلاحات سے پہلے ایک تحفظات  نیٹ ورک تشکیل دیا جارہا ہے اور اعتماد اس تحفظ کی بنیاد ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک مدت تک غریبوں کو صرف نعروں پر زندہ رکھا گیا اور ملک کے غریبوں کو نظام سے منسلک کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ غریبوں کو بہت زیادہ نظر انداز کیا گیا۔ وہ غیر منسلک تھے اور مالی اعتبار سے بہت پچھڑے ہوئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آج غریبوں کو اپنے پکے مکان مل رہے ہیں، اجابت خانوں، بجلی، گیس، پینے کے صاف پانی، ڈیجیٹل بینکاری، سستی موبائل کنیکٹیویٹی اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہو رہی ہے۔غریبوں کے چاروں طرف بُنا گیا یہ ایک تحفظاتی نیٹ ورک  ہے جو ان کے لیے اپنی امنگوں کے سلسلے میں جدوجہد کرنے کے لیے ضروری ہے۔اسی طرح آبپاشی کے بہتر بنیادی ڈھانچے، منڈیوں کی جدید کاری، ای-نام،سوائل ہیلتھ کارڈ، کم از کم بہتر امدادی قیمت پر یوریا کی فراہمی- یہ وہ حفاطتی نیٹ ورک ہے جو کسانوں کے اطراف قائم کیا گیا ہے۔ حکومت نے پہلے ان کی ضرورتوں کے لیے کام کیا اور اب وہ ان کی امنگوں کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے خواہش ظاہر کی کہ جے این یو میں سوامی جی کا مجسمہ ہر ایک کو فیضان بخشے اور ایسی ہمت دے جو سوامی وویکانند ہر شخص میں دیکھنا چاہتےتھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ مجسمہ ترحم کی تعلیم دے گا جو سوامی جی کے فلسفے کا اصل جزو ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ مجسمہ قوم کے تئیں زبردست لگن کی تعلیم دے اور ملک کے لیےشدید محبت کا سبق سکھائے گا جو سوامی جی کی زندگی کا اصل پیغام ہے۔ انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ یہ مجسمہ قوم کو وحدت  کے وژن کے لیے فیضان بخشے گا اور نوجوانوں کے زیر قیادت ترقی کے وژن کی ترغیب دے گا جس کی سوامی جی امید کیا کرتے تھے۔ انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ اس مجسمے سے ہمیں ایک مضبوط اور خوشحال بھارت کے سوامی جی کے خواب کو پورا کرنے کی ترغیب ملتی رہے گی۔

***************

م ن۔ اج ۔ ر ا   

U:7194      



(Release ID: 1672495) Visitor Counter : 234