57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

اینیمیشن کہانیوں کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے لیے57ویں آئی ایف ایف آئی 2026 میں نئے زمرے کی شروعات


جاپان، فرانس، چین، سنگاپور اور امریکہ کی پانچ مشہور اینیمیٹڈ فلمیں انسانی زندگی کے مختلف رنگوں اور تجربات کا امتزاج پیش کریں گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 1:09PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2337937Views: 18

گوا، 18 نومبر 2026

ہر ثقافت اور ہر دور میں اینیمیشن کو یہ منفرد صلاحیت حاصل رہی ہے کہ وہ سادہ تصویروں کو ایسی کہانیوں میں ڈھال دیتی ہے جو دل پر گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔ سنیما کے دائرے کو مزید وسعت دیتے ہوئے، ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول 2026 میں اینیمیشن کے لیے ایک نئے خصوصی زمرے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد اینیمیشن کہانیوں کے فن اور ان کی روح کو اجاگر کرنا ہے۔ جاپان، فرانس، چین، سنگاپور اور امریکہ کی پانچ نمایاں بین الاقوامی اینیمیٹڈ فلموں پر مشتمل یہ زمرہ ایسی فلموں کو نمایاں کرے گا جو آنکھوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ہی دل کو بھی چھو لیتی ہیں۔

جدید دور کی محبت اور سماجی بے چینی کے حوالے سے ایک دل کو چھو لینے والی تصویر پیش کرنے والی جاپانی اینیمیٹڈ فلم ’چیری اینڈ ورجن ‘ سے اس زمرے کا آغاز ہوگا۔ اس فلم کی ہدایت کاری ماساناؤ کاواجیری نے کی ہے۔ 2026 میں بننے والی یہ اینیمیٹڈ فلم رایو نامی 32 سالہ شخص کی کہانی بیان کرتی ہے، جو بالغان کے لیے مانگا کامکس بنانے والا آرٹسٹ ہے اور خواتین سے بات کرنے میں دشواری محسوس کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 28 سالہ ایمی بھی حقیقی زندگی میں مردوں سے بات چیت کرنے میں اسی طرح کی مشکل کا سامنا کرتی ہے۔ اپنے خوف اور محبت کے احساس سے محرومی کے باوجود، دونوں کی ملاقات ہوتی ہے اور وہ آہستہ آہستہ ایک دوسرے کو سمجھنے لگتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنی جھجک اور عدم اعتماد پر قابو پاتے ہوئے سچے رشتے سے ملنے والی خوشی کو دریافت کرتے ہیں۔

لائیو ایکشن مناظر اور مانگا اینیمیشن کے امتزاج سے تیار ہونے والی یہ فلم نہایت دلکش انداز، بے ساختہ گرم جوشی اور مزاح کے ساتھ اپنی کہانی پیش کرتی ہے۔ کاواجیری اوساکا یونیورسٹی آف آرٹس کے گریجویٹ ہیں۔ اس سے قبل 2018 میں ان کی اینیمیٹڈ مختصر فلم’ اے جاپنیز بوائے ہو ڈراز‘ کو فلمی میلوں میں بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ اس فلم کے ذریعے انہوں نے اینیمیشن اور حقیقی مناظر کے امتزاج پر مبنی ایک منفرد اسلوب متعارف کرایا، جسے جاپان اور بیرونِ ملک مسلسل سراہا جا رہا ہے۔

عصرِ حاضر کے معاشرے پر طنز کے ذریعے گہری بات پیش کرنے والی فرانسیسی اینیمیٹڈ فلم جم کوئین (Jim Queen) ہے، جس کی مشترکہ ہدایت کاری نکولس اتانے اور مارکو نگوین نے کی ہے۔ پیرس کے پس منظر میں بنائی جانے والی یہ 2026 کی اینیمیٹڈ فلم جم نامی ایک مقبول فٹنس انفلوئنسر کی کہانی ہے، جسے شہر کی ہم جنس پرست برادری میں کافی پسند کیا جاتا ہے۔ لیکن اس کی دنیا اس وقت اچانک بدل جاتی ہے جب’ ہیٹروسیس‘ نامی ایک پراسرار وائرس ہم جنس پرست مردوں کو مخالف صنف کی طرف مائل کرنے لگتا ہے۔ اس کے نتیجے میں جم اپنے مداحوں، دوستوں اور سماجی حیثیت سے محروم ہو جاتا ہے۔ ایسے میں صرف لوسین نامی ایک نوجوان اس کا ساتھ دیتا ہے، جو وفادار تو ہے لیکن خود زیادہ مقبول نہیں۔ جم اس وائرس کا علاج تلاش کرنے کے لیے پیرس کے علاقے ماریس کی رنگین اور پررونق گلیوں کا رخ کرتا ہے، جو ایسے ڈاکٹر کیلئے مشہور ہے جس کے پاس اس کا علاج موجود  ہونے کی افواہ  پھیلی ہوتی ہے۔

دونوں ہدایت کاروں نے اینیمیشن کے معروف ادارے گوبیلینز سے تربیت حاصل کی ہے۔ نکولس اتانے اس سے قبل رے مان ویڈیو گیمز، دی ربیّز کیٹ اور دی ریڈ ٹرٹل میں کام کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مسٹر فلیپ ، اسٹارٹ اَپ ہیروز اور پیپوڈو جیسی اینیمیٹڈ سیریز کی مشترکہ ہدایت کاری بھی کی ہے۔ دوسری جانب، مارکو نگوین نے دی ربیّز کیٹ، ارنسٹ اینڈ سیلیسٹین اور دی سمٹ آف دی گاڈز جیسی فلموں میں اپنے کام کے ذریعے ویزول آرٹ  اور اینیمیشن کے میدان میں نمایاں تجربہ حاصل کیا ہے۔

تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں تنہائی، چاہت اور جذباتی وابستگی جیسے موضوعات کو پیش کرنے والی چینی اینیمیٹڈ فلم لائٹ پلر ہے۔ یہ 2026 میں ریلیز ہونے والی فلم ہے، جو مصنف، ہدایت کار اور پروڈکشن ڈیزائنر شو زاؤ کی پہلی اینیمیٹڈ فیچر فلم ہے۔ اس فلم کی کہانی ایسے مستقبل میں پیش کی گئی ہے جہاں خلائی سفر معمول کی بات بن چکا ہے۔ فلم میں ژا ؤنامی ایک تنہا ئی پسند صفائی کارکن کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو ایک دیوالیہ فلم اسٹوڈیو کے احاطے کی دیکھ بھال کرنے پر مامور ہے۔ اسے پر تعیش ورچوئل دنیا میں رہنے والی ایک خاتون سے محبت ہو جاتی ہے۔ اس خاتون سے چاند پر ملنے کے لیے ٹکٹ خریدنے کی خاطر ژاو اضافی وقت تک کام کرتا ہے، لیکن جب وہ ٹکٹ حاصل کرتا ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا ٹکٹ قابلِ قبول نہیں ہے۔ اسی دوران ایک فلمی ٹیم فلم کے اختتامی منظر کی شوٹنگ کے لیے پرانے اسٹوڈیو کو منہدم کرنے پہنچ جاتی ہے۔ ایسے میں ژاو متاثر کن فیصلہ کرتا ہے کہ وہ اسی میں چھپا رہے گا اور اسی دنیا کے ساتھ آہستہ آہستہ گم ہو جائے گا جسے وہ ہمیشہ سے اپنا گھر سمجھتا آیا ہے۔

شو زاؤ 1991 میں چین کے شہر آنشان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بیجنگ فلم اکیڈمی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اس سے قبل ان کی اینیمیٹڈ مختصر فلم ’نو چینجز ہیو ٹیکن اِن آور لائف ‘کو بھی خوب پذیرائی ملی تھی، جس کی پہلی نمائش روٹرڈیم بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آر) میں کی گئی تھی۔

سنگاپور کی جانب سے چینی زبان میں پیش کی جانے والی اینیمیٹڈ فلم’ میجک اٹلس‘ یادداشت اور مزاحمت کے موضوع پر مبنی 2026 کی ایک پُراسرار اور فکر انگیز تمثیلی کہانی ہے، جس کی ہدایت کاری سن شیون نے کی ہے۔ فلم میں ایک پراسرار جادوگر کی کہانی پیش کی گئی ہے، جو لووچا نامی ایک الگ تھلگ کوئلے کی کان میں پہنچتا ہے۔ اس کی آمد سے پہلے ہی کشیدہ ماحول میں خوف اور بے چینی پھیل جاتی ہے۔ جادوگر کو شیاؤ ژی نامی ایک یتیم لڑکے کے ساتھ گرفتار کرکے قید کر دیا جاتا ہے۔’ میمینگ ‘تہوار کے موقع پر، جس میں ایک سرکاری رسم کے تحت شہریوں کو اپنا ماضی بھلا دیا جاتا ہے، جادوگر کو زندہ آگ میں جلانے سے عین پہلے وہ خفیہ طور پر اس لڑکے کو ایک جادوئی نقشہ سونپ دیتا ہے۔

سن شیون 1980 میں چین کے شہر فوکسین میں پیدا ہوئے۔ وہ بیجنگ میں مقیم فنکار ہیں اور چائنا اکیڈمی آف فائن آرٹس سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے 2005 میں پائی اینیمیشن اسٹوڈیو قائم کیا۔ ان کے فن پارے وینس اور برلن کے فلمی میلوں میں پیش کیے جا چکے ہیں۔ لوکارنو اور ٹوکیو فلم فیسٹیول کے مقابلہ جاتی مراحل میں شرکت کے بعد میجک اٹلس اب آئی ایف ایف آئی میں پیش کی جا رہی ہے۔

اس اینیمیشن زمرے کی آخری فلم انگریزی زبان کی امریکی اینیمیٹڈ فلم ’رے گن‘  ہے، جس کی ہدایت کاری 2026 میں اکیڈمی ایوارڈ یافتہ فلم ساز بریڈ برڈ نے کی ہے۔ اس فلم کی کہانی مستقبل کے جدید شہر میٹروپیا میں پیش کی گئی ہے، جہاں انسان اور خلائی مخلوق ایک ساتھ سکونت پذیر ہیں۔ اس شہر کے آسمان اڑنے والی گاڑیوں سے بھرے ہوتے ہیں اور یہاں ہر چیز کی ایک قیمت ہے، لیکن اس کی چمکتی دمکتی ظاہری دنیا کے پیچھے بڑے پیمانے پر بدعنوانی چھپی ہوئی ہے۔ ایسے ماحول میں رے گن نامی ایک روایتی طرز کا جاسوس اپنی پیشہ ورانہ اقدار کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ دنیا اس کے پیشے کو فرسودہ سمجھتی ہے۔ اسی دوران وہ اپنے کریئر کے سب سے بڑے اور اہم مقدمے میں الجھ جاتا ہے۔

بریڈ برڈ کو دنیا بھر میں کامیاب مصنف، ہدایت کار، پروڈیوسر اور وائس ایکٹر کے طور پر شہرت حاصل ہے۔ وہ اپنی کہانیوں میں جذبات، مزاح اور اداکاری کو نہایت خوبصورتی سے یکجا کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس فلم میں بھی وہ دی اِنکریڈیبلز ، ریٹاٹُوئی اور مشن: امپاسیبل – گھوسٹ پروٹوکول جیسی مشہور فلموں کا منفرد کہانی بیان کرنے کا انداز ایسے اینیمیٹڈ جاسوسی ڈرامے میں پیش کر رہے ہیں، جس میں ماضی کے طرز اور مستقبل کی دنیا کا حسین امتزاج دکھائی دیتا ہے۔

اس نئے شعبے کے ذریعے، 57واں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا 2026 (آئی ایف ایف آئی) فلم شائقین کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اینیمیشن کو محض فنّی ذریعہ سمجھنے کے بجائے اسے اپنی امیدوں، کمزوریوں اور مشترکہ انسانی جذبات کی عکاسی کرنے والے قریبی آئینے کے طور پر دیکھیں اور اس کے ذریعے انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو محسوس کریں۔

آئی ایف ایف آئی کے بارے میں

سال1952 میں قائم ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) ایشیا کے قدیم ترین اور ممتاز عالمی فلمی میلوں میں سے ایک ہے۔ حکومتِ ہند کی وزارتِ اطلاعات و نشریات، حکومتِ گوا اور انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ فلمی میلہ عالمی سنیما کی بہترین فلموں کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فلموں اور فنکارانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر فروغ دیتا ہے۔ ہر سال گوا میں منعقد ہونے والا یہ میلہ تخلیقی تبادلے، نئے فنکاروں اور نئے خیالات کو متعارف کرانے اور سنیما کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے مابین باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

********

 (ش ح ۔م ش ع  ۔ص ج )

U. No.7825


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2337937
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026