صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ نے سوچھ سرویکشن ایوارڈز پیش کیے


صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ صفائی ستھرائی  کا عمل محض عوامی مقامات کی خوب صورتی برقرار رکھنے کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ یہ ہماری صحت، سماجی شعور اور انتظامی جواب دہی کی بھی عکاسی کرتاہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 8:52PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (11 نومبر 2026) نئی دہلی میں سوچھ سرویکشن ایوارڈز 2025-25 پیش کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے اہداف صرف کسی ایک ادارے کی کوششوں سے حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ اس کے لیے ہر شہری، ہر گھرانے، ہر برادری اور ہر شہر کی شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی ستھرائی محض عوامی مقامات کی خوب صورتی برقرار رکھنے کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ یہ ہماری صحت، سماجی شعور اور انتظامی جواب دہی کی بھی عکاس ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ہمارے گھروں میں اپنائی جانے والی عادات کا بھی آئینہ ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہر شہری، بالخصوص نوجوانوں، خواتین، رہائشی فلاحی انجمنوں اور سماجی تنظیموں کو صفائی ستھرائی کے مختلف پہلوؤں سے وابستہ ہونا چاہیے۔ انہیں اپنے تجربات کا تبادلہ کرنا چاہیے اور صفائی کے انتظامات میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کرنی چاہیے، تاکہ ان خامیوں کو دور کرکے اپنے شہروں کو مزید صاف ستھرا اور صحت مند بنایا جا سکے۔ اس سے بلدیاتی انتظامیہ اور شہریوں کے درمیان مسلسل مذکرات  کو فروغ ملے گا اور باہمی اعتماد، شفافیت اور جواب دہی کا نظام مزید مستحکم  ہوگا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/SKH_9287_20261111205445_910f63.JPG

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کی صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے معاملے میں شہری ہی بہترین رائے دے سکتے ہیں۔ لہٰذا شہریوں کی آرا اور تجاویز کا استعمال محض سروے یا درجہ بندی تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ان سے بلدیاتی خدمات کو بہتر بنانے اور مقامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم وسیلے کے طور پر استفادہ کیا جانا چاہیے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے شعبے میں مؤثر، کم خرچ اور محفوظ ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کئی آئی آئی ٹیز سمیت مختلف ادارے اور دیگر سائنسی تحقیقی تنظیمیں اس سمت میں سرگرمی سے کام کر رہی ہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے شعبے میں کئی نئے اسٹارٹ اَپس  سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے صفائی ستھرائی سے متعلق حقیقی مسائل کے حل میں اہم  رول  ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی نمایاں تعاون کر سکتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/A3S_5806_20261111205525_472031.JPG

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں کی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ تیزی سے ترقی کرنے والے شہری مراکز ہیں۔ ان شہروں کی ضروریات اور مسائل الگ نوعیت کے ہیں۔ ان کی ترقی کے لیے ایک ایسا قومی لائحہ عمل تیار کیا جانا چاہیے، جو ان کے مخصوص مسائل اور چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا حل پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے درجے کے شہروں کے منصوبہ ساز، پہلے درجے کے شہروں کو درپیش مسائل سے سبق حاصل کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں پہلے درجے کے شہروں کے منصوبہ سازوں کے تجربات کا مطالعہ کرنا چاہیے۔

مرکزی وزارتِ ہاؤسنگ اور شہری امور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سوچھ سرویکشن ایوارڈز کے ذریعے ہندوستان کے صاف ستھرے ترین شہروں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے اور سوچھ بھارت مشن (شہری) کے تحت ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

***

ش ح۔ ش  ب۔رض

7525:U-No


(ریلیز آئی ڈی: 2335295) وزیٹر کاؤنٹر : 12