پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 NOV 2026 4:14PM by PIB Delhi
تنظیمی ضروریات اور آپریشنل کارکردگی کے تناظر میں کیے گئے معروضی جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگنی ویروں نے مہارت، حوصلے، تحریک، جسمانی فٹنس اور تکنیکی صلاحیت کے اعتبار سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر 25 فیصد اگنی ویروں کو مسلح افواج میں مستقل ملازمت کی پیشکش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ، باقی 75 فیصد اگنی ویروں کے لیے ہندوستانی مسلح افواج کی سفارشات پر کابینہ نے مزید دو سال کی مدت کے لیے خدمات انجام دینے کی منظوری دی ہے۔ اس دو سالہ مدت کی تکمیل کے بعد تمام اگنی ویروں کو ان کی رضامندی اور انتخاب کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کی شرط کے ساتھ مستقل فوجیوں کے طور پر بھرتی ہونے کی پیشکش کی جائے گی۔
مزید دو سال کی مدت کے لیے خدمات انجام دینے کے خواہش مند 75 فیصد اگنی ویروں کے لیے اس انتظام کا فیصلہ تفصیلی غور و خوض، معقول تجزیے اور جامع جائزے کے بعد حاصل ہونے والی آرا کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد اگنی ویروں کی امنگوں اور تنظیمی کارکردگی کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
اگنی پتھ اسکیم کی کامیابیاں
اگنی پتھ اسکیم کے چار سال مکمل ہونے کے بعد اس کی افادیت اور اگنی ویروں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی آرا حاصل کی گئیں۔ اس اسکیم کی چند نمایاں کامیابیاں درج ذیل ہیں:
- ملک کے مختلف اضلاع میں اگنی ویروں کی بھرتی کے دائرے میں توسیع۔
- بھرتی کے عمل کو مزید معیاری اور شفاف بنانا۔
- جسمانی فٹنس، حوصلے، تحریک، مسابقتی جذبے اور نظم و ضبط کی اعلیٰ سطح۔
- خدمات کے دوران مہارتوں، تکنیکی صلاحیتوں سے ہم آہنگی اور تعلیمی قابلیت میں اضافہ۔
- مسلح افواج کی مختلف شاخوں میں خواتین کے لیے مواقع فراہم کرنا۔
ان کامیابیوں کی بنیاد پر اگنی پتھ اسکیم جاری رہے گی۔ خدمات کی دوسری مدت کے دوران زیادہ معاوضہ، بہتر سیوا ندھی پیکیج اور سینیارٹی کے فوائد فراہم کیے جائیں گے۔
مزید دو سال کی مدت کے لیے خدمات انجام دینے کے انتظام اور اس کے بعد تمام اگنی ویروں کو مستقل فوجیوں کے طور پر شامل کیے جانے سے کابینہ نے تمام اگنی ویروں کے لیے مسلح افواج میں مستقل شمولیت کی راہ ہموار کر دی ہے۔
******
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا )
UR No-7220