پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 OCT 2026 2:24PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر تعلیم جناب پرہلاد جوشی نے آج کاشی تمل سنگم کے پانچویں ایڈیشن (کے ٹی ایس 5.0) کے لیے رجسٹریشن پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کا انعقاد 28 نومبر سے 12 دسمبر 2026 تک کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان تہذیبی رشتوں کی قدیم روایت کا جشن منایا جائے گا، ان رشتوں کی تجدید کی جائے گی اور انہیں مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ یہ دونوں قدیم مراکزِ علم ہیں۔ اس طرح ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے جذبے کو بھی تقویت ملے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب پرلہاد جوشی نے کہا کہ قدیم زمانے سے ہی ملک میں مضبوط ثقافتی یکجہتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اپنی مذہبی روایات کے تحت کاشی اور رامیشورم کی زیارت کرتے رہے ہیں، جو بھارت کے شمالی اور جنوبی حصوں کے درمیان گہرے ثقافتی رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں طلبہ، اساتذہ، مصنفین، پیشہ ور افراد، کسانوں، فنکاروں، خواتین اور روحانی علوم کے ماہرین کو ایک ساتھ لایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی بیداری کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، تاکہ طلبہ کو کاشی تمل سنگم کے مقاصد سے روشناس کرایا جا سکے۔ مرکزی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کاشی تمل سنگم قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور بھارت کے مشترکہ تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کاشی تمل سنگم کا پہلا ایڈیشن 2022 میں منعقد ہوا تھا اور گزشتہ چار ایڈیشنوں کے دوران اس پروگرام نے دونوں خطوں کے درمیان علم، زبان، روایات اور عملی زندگی کے تجربات کے بامعنی تبادلے کو فروغ دیا ہے۔ اس پروگرام کا انعقاد وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے آئی آئی ٹی مدراس، بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)، مرکزی ادارہ برائے کلاسیکی تمل (سی آئی سی ٹی)، چنئی، حکومتِ اتر پردیش اور مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں سمیت ثقافت، ریلوے، اسکولی تعلیم، سیاحت، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز، اطلاعات و نشریات، ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری وغیرہ کے اشتراک سے کیا جاتا ہے۔
2026 کا موضوع: ’’تروکُّرل پایلووم-تروکُّرل ابھیاس کریں‘‘
کاشی تمل سنگم 5.0 کا موضوع ’’تروکُّرل پایلووم-تروکُّرل ابھیاس کریں‘‘ہے۔ اس پانچویں ایڈیشن کا مقصد کلاسیکی تمل تصنیف تروکُّرل میں پوشیدہ لازوال اخلاقی تعلیمات اور حکمت کو ملک بھر کے نوجوانوں اور طلبہ کے مزید قریب لانا ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں، کثیر لسانی وسائل اور عوام تک وسیع تر رسائی کے ذریعے یہ پروگرام اس تصنیف میں بیان کردہ آفاقی اقدار کو پڑھنے، سمجھنے اور روزمرہ زندگی میں اپنانے کی ترغیب دے گا۔
شرکت اور سفر کا پروگرام
اس پروگرام کے تحت تمل ناڈو سے تقریباً 1,400 شرکاء سات گروپوں میں تقسیم ہو کر شرکت کریں گے، جن میں ہر گروپ میں تقریباً 200 افراد ہوں گے۔ یہ شرکاء آٹھ روزہ سفر پر روانہ ہوں گے، جس میں چار دن سفر اور چار دن مختلف مقامات کے دوروں اور منظم پروگراموں کے لیے مختص ہوں گے۔ اس سفر میں وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا شامل ہوں گے، جہاں ثقافتی، علمی، متعلقہ شعبوں اور روحانی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ نوجوانوں کی شرکت پر خصوصی توجہ دینے سے نئی نسل کو بھارت کی قدیم علمی روایات سے بامعنی طور پر وابستہ ہونے اور ان کی اقدار کو عصرِ حاضر کی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور سماجی زندگی میں اپنانے کا موقع ملے گا۔
رجسٹریشن کی تفصیلات
دلچسپی رکھنے والے امیدوار 22 اکتوبر 2026 سے آئی آئی ٹی مدراس کے زیرِ انتظام سرکاری پورٹل https://kashitamil.iitm.ac.in/ کے ذریعے اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔ پورٹل پر درخواستیں 13 نومبر 2026 تک قبول کی جائیں گی۔ رجسٹریشن کے لیے سات زمروں کا تعین کیا گیا ہے: (1) طلبہ، (2) اساتذہ، (3) مصنفین اور ذرائع ابلاغ کے پیشہ ور افراد، (4) زراعت اور اس سے متعلقہ شعبے، (5) پیشہ ور افراد اور دست کار، (6) خواتین، اور (7) روحانی رہنما۔
کاشی تمل سنگم 5.0 کے تحت اہم اقدامات
- ملک بھر کے 1,000 اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے طلبہ کی شمولیت کا ایک ملک گیر پروگرام چلایا جائے گا، جس کا مقصد مختلف تعلیمی شعبوں اور لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں تروکُّرل کے بارے میں وسیع تر فہم پیدا کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت تروکُّرل کی تعلیمات اور اقدار کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے منظم مطالعے، تحقیق اور تعلیمی اداروں میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تفصیلات چنئی کے مرکزی ادارہ برائے کلاسیکی تمل کے پورٹل www.kts.cict.inپر دستیاب ہیں۔
- تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے تروکُّرل کے ماہرین وارانسی کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کا دورہ کریں گے اور تعارفی پروگراموں، تبادلۂ خیال کی نشستوں، سوال و جواب کے مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو اس تصنیف کی بنیادی اقدار سے روشناس کرائیں گے۔ نیشنل بک ٹرسٹ، راشٹریہ ای-پستکالیہ کے اشتراک سے وارانسی کے اسکولوں میں مطالعے کی عادات، کہانی سنانے اور تخلیقی سرگرمیوں کے موضوعات پر تعاملی نشستوں کا انعقاد بھی کرے گا۔
- کاشی تمل سنگم 5.0 کے تحت ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جائے گا، تاکہ تروکُّرل کی تعلیمات کو پورے بھارت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔
وزارتِ تعلیم نے تمل ناڈو کے اہل امیدواروں، بالخصوص نوجوانوں اور طلبہ، سے اپیل کی ہے کہ وہ کاشی تمل سنگم 5.0 کے لیے اپنا اندراج کرائیں اور بھارت کی ثقافتی یکجہتی، لسانی تنوع اور مشترکہ تہذیبی ورثے کے اس جشن میں شرکت کریں۔
اہم تفصیلات ایک نظر میں
|
تفصیل
|
معلومات
|
|
رجسٹریشن پورٹل
|
https://kashitamil.iitm.ac.in/
|
|
رجسٹریشن ،پورٹل پر شروع ہوگئی ہے۔
|
22 اکتوبر 2026
|
|
رجسٹریشن کی آخری تاریخ
|
13 نومبر 2026
|
|
پروگرام کی تاریخیں۔
|
28 نومبر - 12 دسمبر 2026
|
|
مقام
|
وارانسی، پریاگ راج، ایودھیا
|
|
تھیم
|
’’تروکُّرل پایلووم-تروکُّرل ابھاlس کریں‘‘
|
|
شرکاء کی تعداد
|
تقریباً 1,400 (ہر ~200 کے 7 گروپ)
|
*****
ش ح۔ ع ح۔ ت ع
UN-NO-6477