صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکز کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے طبی اداروں میں صحت خدمات کی شرحیں  نمایاں طور پر آویزاں کرنے کو یقینی بنانے کی اپیل


مرکزی سکریٹری صحت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں کو خط لکھ کر طبی خدمات کے اخراجات کو شفاف انداز میں نمایاں طور پر آویزاں کرنے سے متعلق التزامات پر مؤثر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی

اس اقدام کا مقصد مریضوں کو صحت کی دیکھ بھال سے متعلق باخبر فیصلے کرنے کے قابل بنانا، بلوں سے متعلق تنازعات کی روک تھام کرنا اور طبی خدمات پر اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ طبی اور آیوش ویزا پر ہندوستان آنے والے بین الاقوامی مریضوں کے لیے علاج کے پیکیج کی قیمتیں شفاف انداز میں نمایاں طور پر آویزاں کرنے کو یقینی بنائیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 1:05PM by PIB Delhi

شفافیت، جواب دہی اور مریضوں کی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے طبی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ طبی اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کے لیے وصول کی جانے والی قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں کرنا یقینی بنائیں۔

مرکزی سکریٹری صحت محترمہ پُنیا سلیلا سریواستو نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں کو خط لکھ کر متعلقہ ضابطہ جاتی التزامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے کہ طبی خدمات کے اخراجات سے متعلق معلومات مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو واضح طور پر نظر آئیں اور آسانی سے دستیاب ہوں۔

طبی خدمات کی قیمتوں میں شفافیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، مرکزی سکریٹری صحت نے کہا کہ قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں کرنے سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج کے متوقع اخراجات سمجھنے، صحت کی دیکھ بھال سے متعلق باخبر فیصلے کرنے اور اپنے طبی اخراجات کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔ زیادہ شفافیت سے غیر ضروری الجھنوں اور بلوں سے متعلق تنازعات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی، جبکہ طبی خدمات کی فراہمی کے نظام پر اعتماد اور بھروسے کو فروغ حاصل ہوگا۔

خط میں طبی اداروں کے لیے ضابطہ جاتی ڈھانچہ فراہم کرنے والے طبی ادارے رجسٹریشن اور ضابطہ بندی ایکٹ، 2010 اور طبی ادارے (مرکزی حکومت) رولز، 2012 کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ان رولز کے تحت، ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جہاں یہ ایکٹ نافذ ہے، طبی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی سہولت کے لیے فراہم کی جانے والی ہر قسم کی خدمات کے لیے وصول کی جانے والی قیمتوں اور دستیاب سہولتوں کی تفصیلات کسی نمایاں مقام پر مقامی زبان کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بھی آویزاں کریں۔

جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یہ ایکٹ نافذ نہیں ہے، وہاں طبی اداروں کو ،متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اپنے ضابطہ جاتی نظام کے تحت منضبط کیا جاتا ہے۔ ان میں سے کئی کے ضابطوں میں بھی طبی خدمات اور سہولتوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں کرنے سے متعلق التزامات شامل ہیں۔

صحت چونکہ ریاستی موضوع ہے اور متعلقہ ضابطہ جاتی التزامات پر عمل درآمد اور ان کے نفاذ کی ذمہ داری متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ہے، اس لیے مرکزی سکریٹری صحت نے چیف سکریٹریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کے ذریعے ان التزامات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

خط میں بین الاقوامی مریضوں کے لیے طبی خدمات کی قیمتوں میں شفافیت پر بھی خصوصی زور دیا گیا ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جہاں قابلِ اطلاق ہو، ہندوستان میں طبی یا آیوش ویزا پر آنے والے غیر ملکی مریضوں کے لیے علاج کے پیکیج کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی حوصلہ افزائی کریں۔ اس سے بین الاقوامی مریضوں کو باخبر فیصلے کرنے، قیمتوں اور بلوں سے متعلق شکایات کو کم کرنے اور طبی و آیوش خدمات کے لیے ایک قابلِ اعتماد مقام کے طور پر ہندوستان کی حیثیت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

مرکزی سکریٹری صحت نے اس معاملے میں چیف سکریٹریوں سے ذاتی طور پر توجہ دینے کی اپیل کی ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام اور طبی اداروں کو مناسب ہدایات جاری کریں۔ اس میں قابلِ اطلاق ضوابط کے مطابق قیمتوں کو ایسی نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کو یقینی بنانا بھی شامل ہے، جہاں وہ واضح طور پر دکھائی دیں اور آسانی سے دستیاب ہوں۔

یہ اقدام حکومتِ ہند کے اس عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے کہ طبی خدمات کی فراہمی کو زیادہ شفاف، جواب دہ اور مریضوں کی ضروریات کے تئیں حساس بنایا جائے، تاکہ طبی اخراجات سے متعلق واضح معلومات تک رسائی مریضوں کی ضروریات کو ترجیح دینے والی طبی نگہداشت کا ایک لازمی حصہ بن جائے۔

******

U-NO- 5012

ش ح۔م م ۔  ع د


(ریلیز آئی ڈی: 2322316) وزیٹر کاؤنٹر : 11