وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

انتظار ختم: 22 ستمبر کو 72ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں بھارتی سنیما کی بہترین تخلیقات کا جشن منایا جائے گا


دہلی سے ایکتا نگر تک: 72ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے ساتھ ہی  مختلف ریاستوں میں  جشن منائے جانے کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا

بھارتی سنیما میں شاندار خدمات کیلئے اننت ناگ کو سال 2024 کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا جائے گا

بہترین فیچر فلم سےلے کر بہترین اداکار اور بہترین اداکارہ تک، سنیما کی شاندار کامیابیوں پر  توجہ مرکوز ہوگی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 SEP 2026 3:10PM by PIB Delhi

اسٹیج سج چکا ہے، روشنیاں جگمگا اٹھی ہیں اور اب بھارتی سنیما کی بہترین تخلیقات پر توجہ مرکوز ہونے والی ہے۔ 22 ستمبر 2026 کو گجرات کے ایکتا نگر، کیوڑیا میں منعقد ہونے والے 72ویں قومی فلم ایوارڈز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ صدر جمہوریہ ہند سال 2024 کیلئے بھارتی سنیما میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں یہ باوقار ایوارڈز پیش کریں گی۔

قومی فلم ایوارڈز بھارتی سنیما کے سب سے باوقار اعزازات میں شمار ہوتے ہیں۔ 1954 میں قائم کیے گئے یہ ایوارڈز فیچر فلموں، غیر فیچر فلموں اور سنیما پر تحریر کے شعبوں میں نمایاں  کارکردگی کا اعتراف کرتے ہیں اور مختلف زبانوں، خطوں اور فلم سازی کی مختلف اصناف کا احاطہ کیاجاتاہے۔

دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

سال 2024 کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ معروف اداکار اننت ناگ کو بھارتی سنیما میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں پیش کیا جائے گا۔ صدر جمہوریہ ہند 22 ستمبر 2026 کو 72ویں قومی فلم ایوارڈز کی تقریب میں انہیں یہ باوقار اعزاز پیش کریں گی۔

پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں اننت ناگ نے اپنی متنوع اداکاری کے ذریعے کنڑ سنیما اور بھارتی سنیما میں دیرپا خدمات انجام دی ہیں۔ یہ اعزاز ان کے شاندار فنی سفر اور بھارتی سنیما کی عظیم وراثت میں ان کی دیرپا خدمات کا اعتراف ہے۔

بھارتی سنیما کی بہترین تخلیقات کا جشن

72ویں قومی فلم ایوارڈز میں ملک بھر کی بہترین فلموں، اداکارانہ صلاحیتوں اور تخلیقی ہنرمندی کے حامل فنکاروں کو ایک ساتھ اعزاز دیا جائے گا۔

آرٹیکل 370کو بہترین فیچر فلم قرار دیا گیا ہے، جبکہ بھنگارکو بہترین غیر فیچر فلم اور ’رام نامی‘ کو بہترین دستاویزی فلم کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

اداکاری کے شعبے میں مموٹی کو برمایوگم اور کارتک آرین کو چندو چیمپئن کے لیے بہترین اداکار (مرکزی کردار) کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ یامی گوتم کو آرٹیکل 370 کے لیے بہترین اداکارہ (مرکزی کردار) کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

رندیپ ہڈا کو سوتنتریہ ویر ساورکر کے لئے بہترین ہدایت کار (ڈیبیو) کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

دیگر کئی فلموں اور فنکاروں کو بھی مختلف زمروں میں اعزازات سے نوازا جائے گا، جو بھارتی سنیما کے تنوع اور اس کی فنی و تخلیقی وسعت کی عکاسی کرتے ہیں۔

کلکی 2898 اے ڈی ، امرن ، پشپا: دی رول پارٹ-02 ، بھول بھولیہ 3 اور اسٹری 2 سمیت فلموں کو بھی مختلف زمروں میں اعزازات سے نوازا جائے گا ۔

اعزاز یافتگان اور جیوری کی مکمل فہرست دیکھیں

 

آئندہ برسوں میں اس جشن کو ملک کے مختلف حصوں تک لے جانے کا فیصلہ

72ویں قومی فلم ایوارڈز بھارتی سنیما کے جشن کے ایک نئے باب کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ یہ تقریب گجرات کے ایکتا نگر میں منعقد کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے قومی فلم ایوارڈز کو قومی دارالحکومت سے باہر لے جایا جا رہا ہے۔

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے آنے والے برسوں میں قومی فلم ایوارڈز کے جشن کو ملک کے مختلف حصوں تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے بھارتی سنیما کے جشن کو مختلف خطوں کے قریب لایا جائے گا اور ملک کے بھرپور ثقافتی اور سنیما تنوع کو اجاگر کیا جائے گا۔

تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور اسٹیج سج چکا ہے۔ اب سب کی نظریں 22 ستمبر 2026 پر ہیں، جب فلم ساز، اداکار، تکنیکی ماہرین اور بھارتی فلمی دنیا سے وابستہ دیگر افراد 72ویں قومی فلم ایوارڈز کے لیے ایکتا نگر میں ایک ساتھ جمع ہوں گے۔

اسٹیج سج چکا ہے۔ ستارے تیار ہیں۔ بھارتی سنیما جشن منانے کے لئے تیار ہے

***

ش ح۔ ک ا۔ ع د

U.NO.3854


(ریلیز آئی ڈی: 2313048) وزیٹر کاؤنٹر : 10