وزارات ثقافت
ثقافت و سیاحت کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے پی ایم میمنٹوز کی آٹھویں ای نیلامی کا آغاز کیا
ای نیلامی 17 ستمبر 2026 سے سرکاری پورٹل کے ذریعے شروع ہوگی؛ ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے، فن اور دستکاری کی عکاسی کرنے والی 1,498 یادگاری اشیا نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی
نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم نمامی گنگے پروگرام کے لیے استعمال کی جائے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 6:26PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج نئی دہلی میں وزارت ثقافت کے سکریٹری وویک اگروال کی موجودگی میں پی ایم میمنٹوز کی آٹھویں ای نیلامی کا آغاز کیا۔ اس نیلامی کے ذریعے شہریوں، جمع کرنے والوں، اداروں اور فن و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو مختلف مواقع پر وزیراعظم جناب نریندر مودی کو پیش کی گئی منفرد یادگاری اشیا حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔پی ایم میمنٹوز کی آٹھویں ای نیلامی 17 ستمبر 2026 سے سرکاری پورٹل www.pmmementos.gov.in کے ذریعے شروع ہوگی۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ اس ایڈیشن میں مجموعی طور پر 1,498 یادگاری اشیا نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مجموعہ ہندوستان کے مالا مال اور متنوع ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے اور اس میں ملک کی فنکارانہ روایات، روایتی دستکاری، ثقافتی رسوم و رواج، روحانی روایات اور کھیلوں کی کامیابیوں کی نمائندگی کرنے والی اشیا شامل ہیں۔ یہ یادگاری اشیا ملک کے مختلف حصوں سے حاصل کی گئی ہیں، جس سے اس مجموعے کو حقیقی معنوں میں ملک گیر حیثیت حاصل ہوتی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ مجموعے میں ریاست وار نمائندگی ہندوستان کے جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کو مزید اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی بنگال، اتر پردیش، گجرات، مہاراشٹر، آسام، بہار اور اڈیشہ سے تعلق رکھنے والی یادگاری اشیا کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے۔
گجیندر سنگھ شیخاوت نے مزید بتایا کہ آٹھویں ایڈیشن میں 50 منتخب ’ہیرو آبجیکٹس‘ بھی شامل ہیں، جو مجموعے کی چند منفرد اور نمایاں اشیا ہیں۔ ان میں کرناٹک سے بھگوان رام کی چاندی کی یادگاری شبیہ شامل ہے، جس کی بنیادی قیمت 13.50 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ کاکتیہ کلا تورنم کی چاندی کی نقل کی بنیادی قیمت 9 لاکھ روپے، فریم شدہ ’ٹری آف لائف‘ گونڈ آرٹ پینٹنگ کی 7.50 لاکھ روپے، رتھ پر جگن ناتھ پریوار کی 6 لاکھ روپے اور 99.99 فیصد خالص سونے سے ملمع شدہ فریم شدہ رادھا کرشن آرٹ ورک کی بنیادی قیمت 5.40 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ پی ایم میمنٹوز کی ای نیلامی مختلف ایڈیشنز کے ذریعے مسلسل منعقد کی جاتی رہی ہے اور اس میں شہریوں، جمع کرنے والوں اور اداروں نے شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہل ان یادگاری اشیا کو عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کا ایک شفاف طریقہ فراہم کرتی ہے، ساتھ ہی ہندوستان کی متنوع فنکارانہ اور ثقافتی روایات کو سمجھنے اور سراہنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔
مرکزی وزیر نے اس پہل کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم میمنٹوز کی ای نیلامی کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم نمامی گنگے پروگرام کے لیے منتقل کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح یہ پہل ہندوستان کے ثقافتی ورثے کو دریائے گنگا کی بحالی اور تحفظ کے قومی مشن سے جوڑنے کا ایک بامعنی ذریعہ بنتی ہے۔
وزارت ثقافت کے تحت نئی دہلی میں واقع نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) نے اس پہل کے دستاویزی، نمائش اور انتظامی امور میں رابطہ کاری کی ہے۔ اس عمل میں مختلف متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل شامل ہے، جن میں تکنیکی اور پورٹل سے متعلق معاونت کے لیے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی)، اشیا کی جانچ اور قدر کے تعین کے لیے متعلقہ حکام، ادائیگی کے گیٹ وے کی سہولت کے لیے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) اور کامیابی سے خریدی گئی اشیا کی پیکنگ و ترسیل کے لیے نامزد فائن آرٹ ہینڈلنگ ایجنسی شامل ہیں۔
اس کے ساتھ منعقد کی جانے والی نمائش میں زائرین کو ای نیلامی میں حصہ لینے سے قبل یادگاری اشیا کو دیکھنے اور ان کی فنکارانہ و ثقافتی اہمیت کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ نمائش کے ذریعے عوام کو مجموعے میں شامل ہندوستان کی روایتی دستکاری، فنکارانہ طریقوں اور ثقافتی اظہار کے تنوع کو قریب سے جاننے کا موقع بھی ملے گا۔

وزارت ثقافت نے ہندوستان کے شہریوں، جمع کرنے والوں، اداروں، کارپوریٹ اداروں، فنون لطیفہ کے شائقین اور عام لوگوں کو مجموعے کا جائزہ لینے، نمائش دیکھنے اور پی ایم میمنٹوز کی آٹھویں ای نیلامی میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔
پی ایم میمنٹوز کی ای نیلامی ایک ایسی پہل ہے جو ہندوستان کے ورثے، فن، دستکاری اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ عوام کو اس عمل میں شرکت کا موقع فراہم کرتی ہے اور نمامی گنگے پروگرام کے ذریعے ایک اہم قومی مقصد میں اپنا حصہ ڈالتی ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 3655 )
(ریلیز آئی ڈی: 2311097)
وزیٹر کاؤنٹر : 6