وزارت اطلاعات ونشریات
اداکار اننت ناگ کو بھارتی سنیما میں ان کی غیر معمولی خدمات اور شاندار فلمی سفر کے اعتراف میں سال 2024 ء کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا جائے گا
یہ ایوارڈ 22 ستمبر ، 2026 ء کو گجرات کے کیوڑیا میں منعقد ہونے والی 72ویں قومی فلم ایوارڈز تقریب میں پیش کیا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 6:18PM by PIB Delhi
حکومت ہند کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ممتاز اداکار جناب اننت ناگ کو بھارتی سنیما کی ترقی اور فروغ میں ان کی غیر معمولی اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ 2024 سے نوازا جائے گا۔ یہ ایوارڈ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ان کے شاندار فلمی سفر کا اعتراف ہے، جس نے فن کاروں کی کئی نسل کو متاثر کیا اور ملک کے ثقافتی منظرنامے کو مالا مال کیا ہے۔ یہ ایوارڈ جناب اننت ناگ کو 22 ستمبر ، 2026 ء کو گجرات کے کیوڑیا میں منعقد ہونے والی 72ویں قومی فلم ایوارڈز تقریب میں پیش کیا جائے گا۔
جناب اننت ناگ کے بارے میں
جناب اننت ناگ (پیدائش: 4 ستمبر ، 1948ء ، کرناٹک) بھارت کے ممتاز اداکار ہیں، جو اپنی ہمہ جہت اداکاری اور پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط بھارتی سنیما میں اپنی نمایاں خدمات کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے کنڑ فیچر فلم ’’ سنکلپ‘‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور ’’ انکور‘‘ سے ہندی سنیما میں اپنی اداکاری کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے کنڑ، ہندی، تیلگو، ملیالم، تمل اور مراٹھی سنیما کی 300 سے زائد فلموں میں مختلف کردار ادا کیے، جن میں ’’ مال گڈی ڈیز‘‘ جیسے نمایاں کام بھی شامل ہیں۔
جناب اننت کو پانچ فلم فیئر ایوارڈز اور کرناٹک ریاست کے بہترین اداکار کے پانچ ایوارڈز کے علاوہ ، کرناٹک راج اوتسو ایوارڈ، کرناٹک ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ اور کرناٹک ریاستی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ انہیں بنگلورو یونیورسٹی (نارتھ) سے اعزازی ڈاکٹریٹ سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔ 2023 ء میں انہوں نے سنیما میں اپنے 50 سالہ کیریئر کی گولڈن جوبلی منائی۔
جناب اننت نے سنیما کے علاوہ، 1988 ء سے 1994 ء تک کرناٹک قانون ساز کونسل کے رکن اور 1994 ء سے 1999 ء تک قانون ساز اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ اس دوران ، انہوں نے بنگلورو شہر کی ترقی کے وزیر مملکت کی حیثیت سے بھی ذمہ داری سنبھالی۔ حکومت ہند نے انہیں 2025 ء میں پدم بھوشن سے بھی سرفراز کیا ۔ آج جناب اننت ناگ بھارت کی معزز ترین ثقافتی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور اپنی ہمہ جہت صلاحیتوں، انکساری اور بھارتی سنیما کے لیے اپنی دیرپا خدمات کے باعث قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے بارے میں
دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کا آغاز 1969 ء میں کیا گیا تھا اور پہلا ایوارڈ اداکارہ دیویکا رانی کو پیش کیا گیا۔ حکومت ہند نے یہ ایوارڈ بھارتی سنیما میں دادا صاحب پھالکے کی خدمات کی یاد میں قائم کیا تھا۔ دادا صاحب پھالکے نے 1913 ء میں بھارت کی پہلی مکمل فیچر فلم ’’ راجا ہریش چندر‘‘ کی ہدایت کاری کی تھی۔ سنیما کے شعبے میں اعلیٰ ترین اعزاز کے طور پر دیے جانے والے اس ایوارڈ کے ذریعے ، ان شخصیات کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے ، جنہوں نے ’’بھارتی سنیما کی ترقی اور فروغ میں غیر معمولی خدمات ‘‘ انجام دی ہوں۔ اس ایوارڈ میں سورن کمل (سنہری کمل) کا تمغہ، شال اور 10 لاکھ روپے کی نقد رقم شامل ہے۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – م ع - ع ا )
U.No. 3650
(ریلیز آئی ڈی: 2311032)
وزیٹر کاؤنٹر : 8