وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے تحت برکس بھارت انوویٹس ایکسپوزیشن 11 اور 12 ستمبر 2026 کو منعقد کی جا رہی ہے


وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر تعلیم پرہلاد جوشی اور برکس ممالک کے وفود کے سربراہان کی نمائش میں شرکت متوقع

اس نمائش میں 37 بھارتی ڈیپ ٹیک اختراع کار شرکت کر رہے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 SEP 2026 12:58PM by PIB Delhi

مرکزی وزارتِ تعلیم، وزارتِ خارجہ کے تعاون سے ’بھارت انوویٹس  ایکسپوزیشن ‘(نمائش) کا انعقاد 11 اور 12 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں کر ر ہی ہے۔ اس نمائش کا مقصد بھارت کی ڈیپ ٹیک اختراعات کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ نمائش 18ویں برکس سربراہی اجلاس 2026 سے قبل اور اس کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے، جس کا انعقاد بھارت کی برکس صدارت کے تحت 12 اور 13 ستمبر 2026 کو ہوگا۔

بھارت انوویٹس مرکزی وزارت تعلیم کا ایک قومی پروگرام ہے۔ اسے بھارتی اعلیٰ تعلیمی نظام سے ابھرنے والی اختراعات کے لیے ایک عالمی ایکسیلیریٹر کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ،اسٹارٹ اَپس، اعلیٰ تعلیمی اداروں (ایچ ای آئی)، لیبارٹریوں اور تحقیقی پارکوں پر مشتمل  اختراعی ماحولیاتی نظام عالمی شراکت داروں، مثلاً کارپوریٹس، سرمایہ کاروں، انکیوبیٹرز/ایکسیلیریٹرز، جامعات، تحقیقی اداروں، حکومتوں اور بیرونِ ملک مقیم بھارتی سابق طلبہ کے درمیان طویل مدتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والی برکس بھارت  ایکسپوزیشن (بی بی آئی) نمائش 2026 میں بھارت کے ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اَپس کی دوسری بڑی نمائش ہے۔ اس سے قبل بھارت انوویٹس کا پہلا ایڈیشن 14 سے 16 جون 2026 تک فرانس کے شہر نیس میں منعقد کیا گیا تھا۔

بی بی آئی میں بھارت کے 37 ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اَپس/وینچرز کو پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ان 120 اسٹارٹ اَپس/وینچرز میں سے منتخب کیے گئے ہیں جنہوں نے بھارت انوویٹس 2026، نیس میں شرکت کی تھی۔ یہ نمائش بھارت کی برکس صدارت کے موضوع ’’مضبوطی، اختراع، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ سے ہم آہنگ ہے۔

یہ نمائش 11 ستمبر 2026 کو برکس بزنس فورم کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے، جس سے شریک اختراع کاروں کو برکس رکن ممالک کے چیف ایگزیکٹو افسران، سرمایہ کاروں، کاروباری رہنماؤں اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ رابطے اور نیٹ ورکنگ کا موقع ملے گا۔ اس کے ذریعے کاروباری اداروں کے درمیان (بی 2 بی) روابط، ٹیکنالوجی شراکت داری، سرمایہ کاری سے متعلق مذاکرات، کاروباری روابط اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ نمائش بھارت کی برکس صدارت 2026 کے تحت برکس ایجوکیشن ٹریک کی ترجیح ’’تحقیق، اختراع اور اسٹارٹ اَپ کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینا‘‘ کو بھی آگے بڑھاتی ہے، جو بھارت کی برکس صدارت کے تحت متعین پانچ ترجیحی شعبوں میں سے ایک ہے۔

 بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر تعلیم پرہلاد جوشی اور برکس ممالک کے رہنماؤں کی بی بی آئی نمائش میں آمد متوقع ہے۔ برکس سربراہان کی  میٹنگوں سے وابستہ بھارت اور دیگر ممالک کے اعلیٰ سطحی مندوبین کے علاوہ برکس رکن ممالک کے چیف ایگزیکٹو افسران، سرمایہ کاروں اور سینئر کاروباری رہنماؤں کی بھی 11 اور 12 ستمبر 2026 کو بی بی آئی نمائش کا دورہ کرنے کی توقع ہے۔

شریک اسٹارٹ اَپس اور اختراع کاروں کے لیے بی بی آئی نمائش ایک اعلیٰ سطحی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے، جہاں ملکی اختراعات کو بین الاقوامی تجارتی اور سفارتی نتائج میں تبدیل کرنے کے مواقع میسر ہوں گے۔ ان میں برکس ممالک کے سی ای اوز اور سرمایہ کاروں تک براہ راست رسائی، سربراہان مملکت و حکومت کی سطح پر نمایاں موجودگی، بی 2 بی  میٹنگیں اور ایف آئی سی سی آئی(فکی) ،سی آئی آئی اور  اے ایس ایس او سی ایچ اے ایم (ایسو چیم )کے تعاون سے منظم کاروباری روابط اور موزوں شراکت داروں سے رابطے کے علاوہ برانڈ اور سفارتی اعتبار میں اضافہ شامل ہے۔

بھارت انوویٹس 2026 کا پہلا ایڈیشن بھارت-فرانس ایئر آف انوویشن 2026 کے تحت منعقد ہوا تھا، جس کا مشترکہ افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانسیسی جمہوریہ کے صدر عالی جناب ایمانوئل میکرون نے کیا تھا۔ تین روزہ اس پروگرام میں 13 موضوعاتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھارت کے 120 اعلیٰ درجے کے ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اَپس/وینچرز اور 15 اداروں، جن میں آئی آئی ٹیز، آئی آئی ایس سی،  بی آئی  آر اے سی  اور آئی ڈییکس شامل ہیں، نے اپنی اختراعات پیش کیں۔ اس پروگرام میں 29 ممالک سے 2,000 سے زائد شرکا نے شرکت کی۔ 30 سے زائد مفاہمت ناموں ( ایم او یو) اور شراکت داریوں کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ 1,350  بی 2 بی  میٹنگوں کے نتیجے میں بھارتی اسٹارٹ اَپس/وینچرز کے لیے 254.5 ملین امریکی ڈالر کی فنڈنگ کے وعدے حاصل ہوئے۔

برکس بھارت انوویٹس ایکسپوزیشن بھارت کی برکس صدارت 2026 کے تحت وزارت تعلیم کی سرگرمیوں پر مبنی ہے۔ وزارت نے 7 اگست 2026 کو بھو نیشور، او ڈیشہ میں 13ویں برکس وزرائے تعلیم کی میٹنگ اور 5 اگست 2026 کو تیسری برکس اعلیٰ حکام کی تعلیمی میٹنگ کی میزبانی کی۔ وزرائے تعلیم کی میٹنگ کا اختتام 13ویں برکس وزرائے تعلیم کے اعلامیے کی منظوری کے ساتھ ہوا، جس میں پانچ ترجیحی شعبوں میں تعاون کا خاکہ پیش کیا گیا، جن میں ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم اور بنیادی خواندگی و عددی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا؛ ہنرمندی کی ترقی اور ٹی وی ای ٹی ؛ تحقیق، اختراع اور اسٹارٹ اَپ کے ماحولیاتی نظام؛ تعلیمی قابلیتوں کی باہمی منظوری؛ اور تعلیمی قیادت و ادارہ جاتی ترقی کے لیے صلاحیت سازی شامل ہیں۔

*****

ش ح۔ م م۔ ش ب ن

U.No. 3312


(ریلیز آئی ڈی: 2309151) وزیٹر کاؤنٹر : 13