مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
مرکزی وزیر منوہر لال نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ سوچھتا ہی سیوا 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لیا
یہ مہم 17 ستمبر سے 17 اکتوبر 2026 تک چلائی جائے گی
‘ سوچھتا میں سہبھاگ، سوچھ بھارت، وکست بھارت’سوچھتا ہی سیوا 2026 کا موضوع ہوگا
ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے وسیع پیمانے پر عوامی شراکت داری اور صفائی کے نمایاں نتائج یقینی بنانے کی اپیل کی گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 SEP 2026 6:00PM by PIB Delhi
شہری اموراور مکانات نیز بجلی کے مرکزی وزیر منوہر لال نے آج شہری ترقیات کے ریاستی وزرا، پرنسپل سکریٹریوں، شہری ترقی کے افسران اور ریاستی مشن ڈائریکٹروں کے ساتھ اعلی سطح کی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں سوچھتا ہی سیوا (ایس ایچ ایس) 2026 کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں ملک گیر مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، جو 17 ستمبر سے 17 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس سال مہم کا موضوع ہے‘سوچھتا میں سہبھاگ، سوچھ بھارت، وکست بھارت’ ، جو سوچھ اور وکست بھارت کے وژن کو آگے بڑھانے میں اجتماعی شراکت داری اور مشترکہ ذمہ داری کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
سوچھتا ہی سیوا 2026 کے اہم توجہ والےشعبوں میں صفائی کے لیے مقررہ مقامات اور عوام کی زیادہ آمد و رفت والی جگہوں کو بہتر بنانا، سوچھ پاٹھ شالہ-یوا فار سوچھتا، صفائی مترسرکشا اور سمان شیور، سوچھتا کےلئے جن بھاگیداری اور سوچھتا سے سمردھی شامل ہیں۔ اس کے تحت سرکلر اکانومی اور کچرے سے دولت پیدا کرنے سے متعلق اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔


میٹنگ کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو مہم کے اہم ترجیحی شعبوں اور ملک بھر میں مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔ مہم کے دوران شہریوں کی وسیع پیمانے پر شراکت داری، مقامی سطح پر موثر نفاذ اور صفائی کے نمایاں نتائج یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ریاستی محکموں کو چاہیے کہ وہ ہر سرکاری دفتر کے احاطے، سیاحتی مقامات اور آبی ذخائر میں صفائی مہم چلانے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
اپنے خطاب میں شہری امور اور مکانات کے مرکزی وزیر منوہر لال نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 17 ستمبر کو اپنے گھروں سے سوچھتا ہی سیوا مہم کا آغاز کریں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خود اپنے گھروں کی صفائی کریں اور اس کے بعد شام کے وقت اپنے گھروں میں دیا جلائیں۔ یہ صاف ستھرےگھر، صحت مند خاندان اور مثبت توانائی کی علامت ہوگا، ساتھ ہی حاصل کی گئی صفائی کو برقرار رکھنے کے عزم کی بھی عکاسی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کو‘سیوا سنکلپ’ کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے، تاکہ صفائی کو صرف ایک ماہ تک جاری رہنے والی سرگرمی کے بجائے عوام کی قیادت میں مسلسل عزم بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ مہم 17 ستمبر کو، یعنی وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر شروع ہو رہی ہے اور اس کا مقصد ان کے خدمت کے جذبے اور عزم کو صفائی کے مقصد سے جوڑنا ہے۔
من کی بات میں وزیر اعظم کے پیغام کو دہراتے ہوئے جناب منوہر لال نے کہا کہ جب کسی جگہ کو صاف رکھنے کا عزم وہاں کے لوگ خود کر لیتے ہیں تو تبدیلی صرف صفائی تک محدود نہیں رہتی بلکہ اس جگہ کی پوری شناخت ہی بدل جاتی ہے۔ اس لیے کوشش ہونی چاہیے کہ سوچھتا کو شہریوں کا اجتماعی عزم بنایا جائے۔
وزیرموصوف نے اس بات پر زور دیا کہ پنڈت دین دیال اپادھیائے کایوم پیدائش 25 ستمبر کو معاشرے کے تمام طبقات میں صفائی مہم چلانے کے دن کے طور پر منایا جانا چاہیے، جس میں شمولیت اور سماجی بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے۔
خصوص طور پر ریاستوں سے اپیل کی گئی کہ وہ یکم اکتوبر کو ملک گیر ‘ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ’ شرم دان کے لیے پہلے سے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی اور بیداری کی سرگرمیاں انجام دیں۔ ریاستی محکمہ تعلیم اور محکمہ کھیل سے کہا گیا کہ وہ بڑے پیمانے پر نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو صفائی کی سرگرمیوں میں شامل کریں۔ وزیر موصوف نے تمام وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، میئروں، ڈپٹی میئروں، وارڈ کونسلروں، میونسپل کمشنروں اور ہر ریاست کی ممتاز شخصیات سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور حلقوں میں ملک گیر شرم دان کی قیادت کریں اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی شمولیت کویقینی بنائیں۔
انہوں نے تمام مقامی بلدیاتی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ رہائشی سوسائٹیوں اور رہائشی بہبودکی انجمنوں کو شامل کرتے ہوئے بین وارڈ اور بین رہائشی بہبود انجمن صفائی مقابلے منعقد کریں، تاکہ ان کی کوششوں کو مزید تقویت ملے۔ اس کے ساتھ رہائشی بہبود انجمنوں کے نمایاں مقامات پر صفائی سے متعلق اہم پیغامات کو بھی مشتہرکیا جائے۔
2 اکتوبر، یعنی سوچھ بھارت دیوس کے موقع پر، شہری مقامی بلدیاتی اداروں کی جانب سے عوامی مقامات پر خصوصی کونسل اجلاس اور خصوصی صفائی مہمات منعقد کی جائیں گی، جن کے ذریعے مہاتما گاندھی کا پیغام عام کیا جائے گا اور ٹھوس کچرے کے انتظام سے متعلق ضابطوں کے بارے میں بیداری مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ‘ایک پیڑ ماں کے نام’ کے تحت شجر کاری کی سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔
میٹنگ میں صفائی کارکنوں کی فلاح وبہبود، تحفظ اور ان کی خدمات کے اعتراف کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس مقصد کے لیے صفائی مترسرکشا اور سمان شیور منعقد کیے جائیں گے، جن میں اہل افراد کو فلاحی اسکیموں سے جوڑنا، احتیاطی صحت جانچ کا انتظام اور حفاظتی ساز و سامان کی فراہمی شامل ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ اثرات کے لیے یہ شیور پورے سال باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔
وزیر موصوف نے ریاستوں سے مزید اپیل کی کہ وہ 7 اکتوبر کو خصوصی سوچھتا پروگرام منعقد کریں، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے عوامی خدمت کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہوں گے۔
ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ سوچھتا ہی سیوا 2026 کے سلسلے میں عوامی شراکت داری، کھیلوں کی سرگرمیوں، روحانی اور دل کو چھو لینے والے گیتوں اور سوچھتا ترانوں کے ذریعے موثر اور اختراعی بیداری اور عوامی رابطہ مہم چلائیں اور مہم کے دوران انجام دی جانے والی سرگرمیوں کی باقاعدگی سے رپورٹنگ یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ فعال اقدامات کیے جائیں تاکہ مہم کے نتیجے میں زمینی سطح پر قابل ذکر نتائج حاصل ہوں اور ملک کے ہر شہری کے رویے میں نمایاں تبدیلی آئے۔ اگرچہ مہم باضابطہ طور پر 17 اکتوبر کو ختم ہوگی، تاہم ریاستوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سوچھتا کی اس رفتار کو پورے سال جاری رکھیں۔
*****
ش ح۔م ع - ف ر
U-no-3279
(ریلیز آئی ڈی: 2308845)
وزیٹر کاؤنٹر : 21