خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر محترمہ ان پورنا دیوی 9 ستمبر کو وارانسی میں 9ویں راشٹریہ پوشن ماہ 2026 کا آغاز کریں گی


موضوع: ’’ہماری آنگن واڑی، ہماری ذمہ داری‘‘اس کے ذریعے آنگن واڑی مراکز کو غذائیت اور ابتدائی بچپن کی نشوونما کے لیے کمیونٹی کی قیادت میں ہونے والی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے گا

کمیونٹی کی سرپرستی اور جواب دہی کو پوشن ماہ کے اہم موضوعات میں شامل کیا گیا ہے

اس موضوع کے تحت تمام آنگن واڑی مراکز میں حال ہی میں جاری کردہ رہنما اصولوں کے مطابق آنگن واڑی مینجمنٹ کمیٹیوں کی تیز رفتار تشکیل اور انہیں فعال بنانے پر زور دیا جائے گا

رواں برس کی مہم کو نظرثانی شدہ  ایس این پی رہنما اصولوں سے مزید تقویت ملے گی، جن میں پہلی مرتبہ گرم پکا ہوا کھانا کی باقاعدہ تعریف کی گئی ہے اور ایس این پی مینو بورڈز کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ آنگن واڑی مینجمنٹ کمیٹیوں کے قیام سے متعلق رہنما اصول بھی جاری کیے گئے ہیں

پوشن ماہ 2026 پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے دس سال مکمل ہونے کا جشن منائے گا، جو زچگی سے متعلق ایک اہم فلاحی پروگرام ہے اور گزشتہ ایک دہائی کے دوران ماؤں کی غذائیت اور صحت سے متعلق خدمات کے حصول کے رجحان کو فروغ دینے میں معاون رہا ہے۔ایک ماہ تک جاری رہنے والی یہ مہم ’’سپوشِت بھارت‘‘ کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گی، جو ’’وکِسِت بھارت 2047‘‘ کی بنیاد ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 SEP 2026 10:46AM by PIB Delhi

حکومت ہند کی خواتین و اطفال کی ترقی  کی وزارت 9 ستمبر 2026 کو اتر پردیش کے وارانسی میں واقع رودرکش انٹرنیشنل کوآپریشن اینڈ کنونشن سینٹر میں 9ویں راشٹریہ پوشن ماہ 2026 کا آغاز کرے گی۔ خواتین و اطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ ان پورنا دیوی اس ایک ماہ تک جاری رہنے والی مہم کا افتتاح اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکراور اتر پردیش حکومت میں خواتین کی بہبود، اطفال کی ترقی اور غذائیت کی کابینی وزیر محترمہ بیبی رانی موریہ کی  باعث افتخار موجودگی میں کریں گی۔ حکومت ہند اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اعلیٰ عہدیداران، ترقیاتی شراکت دار، صف اول کے کارکنان (فرنٹ لائن ورکرز)اور مستفیدین افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

سن2047 تک وکست بھارت کی بنیاد کے طور پر ایک سپوشت بھارت کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن سے تحریک حاصل کرتے ہوئے، غذائیت کو قومی ترقی کے ایجنڈے کے مرکز میں رکھنے کے لیے 2018 میں پوشن ابھیان کا آغاز کیا گیا تھا۔ ہر سال ستمبر میں منایا جانے والا قومی پوشن ماہ اس کے بعد سے ایک عوامی تحریک بن چکا ہے، جو خواتین، بچوں اور نوعمر افراد میں غذائیت، صحت اور نگہداشت سے متعلق بہتر رویوں کو فروغ دینے کے لیے برادریوں کو متحرک کرتا ہے۔ اس کا نواں ایڈیشن ‘‘ہماری آنگن واڑی، ہماری ذمہ داری’’ کے موضوع کے تحت اس سفر کو آگے بڑھا رہا ہے، جس میں ہر شہری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملک کے بچوں کے لیے غذائیت، صحت، نگہداشت اور ابتدائی تعلیم کے اولین مرکز کے طور پر آنگن واڑی مرکز کی مشترکہ ذمہ داری قبول کرے۔

رواں برس کی مہم کو مشن ’سکشَم آنگن واڑی اور پوشن 2.0‘ کے تحت نظرثانی شدہ تکمیلی غذائی پروگرام (ایس این پی) کی رہنما ہدایات سے مزید تقویت ملی ہے۔ ان ہدایات میں پہلی بار گرم پکا ہوا کھانا متعارف کرایا گیا ہے، ایس این پی مینو بورڈز کی نمائش لازمی قرار دی گئی ہے اور آنگن واڑی انتظامی کمیٹیوں کے قیام کے لیے رہنما اصول وضع کیے گئے ہیں۔ ان اصلاحات کی بنیاد پر پوشن ماہ 2026 پانچ باہمی طور پر مربوط موضوعات کے تحت منایا جائے گا۔

پہلا موضوع ’غذائی تنوع اور مناسب مقدار میں پروٹین‘ ہے، جس کے تحت آنگن واڑی مراکز میں تمام غذائی گروپوں سے تعلق رکھنے والے سستے اور مقامی اجزا استعمال کرتے ہوئے صحت بخش پکوان تیار کرنے کے عملی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پوشن میلوں اور ’پروٹین سے بھرپور غذائیں‘ مہم کے ذریعے متوازن غذا اور روزمرہ کے کھانوں میں نباتاتی اور حیوانی ذرائع سے حاصل ہونے والی پروٹین شامل کرنے کے عملی طریقوں کو فروغ دیا جائے گا۔

اس سے قریبی طور پر جڑا دوسرا موضوع ’آنگن واڑی مراکز میں تازہ گرم پکا ہوا کھانا‘ ہے، جس کے تحت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جوار، باجرہ، دالوں اور موسمی سبزیوں پر مشتمل ہفتہ وار مینو میں تبدیلی کا نظام نافذ کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ اس کے ساتھ گرم پکے ہوئے کھانے کی تیاری کے عملی مظاہرے اور اجتماعی طور پر چکھنے کی سرگرمیاں بھی منعقد ہوں گی، جن میں والدین، پنچایتیں،  اپنی مدد آپ گروپس اور آنگن واڑی انتظامی کمیٹیاں شامل ہوں گی۔

ان خدمات کی فراہمی میں زیادہ شفافیت، جواب دہی اور کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ’کمیونٹی کی ملکیت اور جواب دہی‘ کو پوشن ماہ کے تیسرے اہم موضوع کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس موضوع کے تحت 25 جون 2026 کو وزارت کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات کے مطابق تمام آنگن واڑی مراکز میں آنگن واڑی انتظامی کمیٹیوں کے قیام اور انہیں فعال بنانے کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ پوشن ماہ کے دوران ہر آنگن واڑی مرکز میں کم از کم ایک انتظامی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے ساتھ کمیونٹی کی شمولیت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ہر مرکز پر تکمیلی غذائی پروگرام کے مینو بورڈ آویزاں کیے جائیں گے، تاکہ روزانہ کے مینو اور مستحقین کو ملنے والی سہولیات واضح طور پر نظر آئیں۔ انتظامی کمیٹیاں اور ماؤں کی کمیٹیاں کھانے کے معیار اور مینو پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گی۔

یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ بچہ جو غذا کھاتا ہے، اس کا اثر اس کے سیکھنے کی صلاحیت پر بھی پڑتا ہے، پوشن ماہ کا چوتھا موضوع — ’بچوں کی نشوونما کے لیے غذائیت، ابتدائی تحریک اور تعلیم‘ — زندگی کے ابتدائی اور بنیادی برسوں کے دوران بچوں کی صحت، نشوونما اور سیکھنے کی صلاحیت کو پروان چڑھانے پر مرکوز ہے۔ صفر سے 3 سال کی عمر کے بچوں کے لیے آنگن واڑی کارکن گھر گھر جاکر خاندانوں تک رسائی حاصل کریں گے۔ اس سلسلے میں ’نوچیتنا‘ رہنما اصول فراہم کرے گا، جبکہ نظرثانی شدہ گھریلو دورہ شیڈولر کی مدد سے والدین کو ایسی نگہداشت اور ابتدائی تحریک کے حوالے سے مشورے دیے جائیں گے جو بچے کی عمر کے مطابق سرگرمیوں کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ 34 نشوونما کے سنگ میلوں کا مشاہدہ بھی کیا جائے گا۔پوشن ماہ کے دوران تمام آنگن واڑی مراکز میں خصوصی مہم چلائی جائے گی، جس کے تحت صفر سے 3 سال کی عمر کے تمام رجسٹرڈ بچوں کی نشوونما کے سنگ میل درج کیے جائیں گے۔ جن بچوں کو کسی مداخلت یا خصوصی مدد کی ضرورت ہوگی، انہیں محکمہ صحت اور ’راشٹریہ بال سواستھیا کاریہ کرم‘ کے اشتراک سے منعقد ہونے والے ’گاؤں صحت، صفائی اور غذائیت کے دنوں‘ کے دوران فوری طور پر متعلقہ خدمات کے لیے بھیجا جائے گا۔3 سے 6 سال کی عمر کے بچوں کے لیے آنگن واڑی مراکز ’آدھارشِلا‘ اور کھیل پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے ابتدائی تعلیم میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ پوشن ماہ کے تحت ہر آنگن واڑی مرکز میں ’ابتدائی بچپن کی نگہداشت اور تعلیم‘ کا دن منایا جائے گا، جس میں والدین اور بچوں کی مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے 3 سے 6 سال کی عمر کے بچوں کی ابتدائی تعلیمی سرگرمیوں کو نمایاں کیا جائے گا۔ ہر مرکز 5 سے 6 سال کی عمر کے بچوں کے لیے قریبی سرکاری پرائمری اسکولوں کے تعارفی دورے بھی کرائے گا اور کھلونوں، کھیل اور سیکھنے کے سامان کے لیے کمیونٹی کی قیادت میں وسائل جمع کرنے کی مہمات منعقد کرے گا۔مراکز میں غذائیت اور بچوں کی نگہداشت سے متعلق طریقوں پر کمیونٹی کی سطح پر سوال و جواب کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ بچوں کی روایتی نگہداشت کے طریقوں، نومولود بچوں کی نگہداشت اور والدین و شیر خوار بچے کے باہمی رابطے سے متعلق معلومات، تعلیم اور مواصلات پر مبنی ویڈیوز بھی کمیونٹی کے ساتھ اجتماعی طور پر دکھائی جائیں گی۔

آخر میں، پوشن ماہ 2026 کے پانچویں موضوع کے طور پر ’پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا‘ کے دس سال مکمل ہونے کا جشن منایا جائے گا۔ یہ زچگی سے متعلق حکومت کا اہم فلاحی پروگرام ہے، جس نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ماؤں کی غذائیت اور صحت سے متعلق خدمات حاصل کرنے کے رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے تحت 100 فیصد استفادہ یقینی بنانے کی مہم چلائی جائے گی، جس میں تمام اہل حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کا اندراج، براہِ راست فائدہ منتقلی کے عمل میں تیزی اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مقامی ضروریات کے مطابق استعمال کے لیے پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا ٹول کٹ جاری کیا جائے گا۔

لانچ تقریب کی اہم جھلکیاں

معزز شخصیات کے پوشن میلے کا دورہ اورشمع روشن کرنے کے ساتھ افتتاحی پروگرام کا آغازہوگا۔ گرم پکے ہوئے کھانے، گھر لے جانے کے لیے راشن، گھریلو دوروں اور ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم سے متعلق مستفیدین کے تاثرات پر مبنی ویڈیوزکی نمائش کی جائے گی، جس کے بعد مرکزی وزیر اور آنگن واڑی کارکنوں کے درمیان براہ راست گفتگو ہوگی۔ پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے دس سال مکمل ہونے اور پوشن ماہ 2026 کے آغاز سے متعلق فلمیں پیش کی جائیں گی، جس کے بعد معزز شخصیات باضابطہ طور پر مہم کا افتتاح کریں گی۔

قومی پوشن ماہ 2026 تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آنگن واڑی مراکز، اسکولوں، پنچایتوں اور گھروں میں کمیونٹی کی سطح پر مختلف پروگراموں کے ذریعے منایا جائے گا۔ اس کے ذریعے اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ صحت مند اور مکمل غذا پانے والے بچے کی پرورش ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور یہی وکست بھارت کی مضبوط ترین بنیاد ہے۔

 

 

 

***

ش ح۔   م ع ن۔ ش ب ن

U-NO-3098


(ریلیز آئی ڈی: 2307345) وزیٹر کاؤنٹر : 8