صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مضبوط سیکورٹی اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ساتھ ملک بھر میں نیٹ- پی جی 2026 کا کامیاب انعقاد
تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 339 شہروں میں 1,111 مراکز پر 2.73 لاکھ امیدواروں کے لیے امتحان منعقد کیا گیا؛ 2.65 لاکھ سے زیادہ امیدوار وں نے شرکت کی
جے پور کے سیتا پورا سینٹرز پر تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہونے والے 2,445 امیدواروں کے لئے اب یہ امتحان 5 ستمبر 2026 کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 AUG 2026 1:56PM by PIB Delhi
نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشنز ان میڈیکل سائنسز ( این بی ای ایم ایس) نے آج، 30 اگست 2026 کو ملک بھر میں ایک منصفانہ، محفوظ اور ہموار امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے جامع لاجسٹک، تکنیکی، سیکورٹی اور افرادی قوت کے انتظامات کے ساتھ نیٹ- پی جی 2026 کا امتحان کامیابی سے منعقد کیا۔
یہ امتحان تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 339 شہروں کے 1,111 امتحانی مراکز پر 2,73,096 امیدواروں کے لیے شیڈول کیا گیا تھا۔ امتحان میں کل 2,65,980 امیدوار وں نے شرکت کی ، جن میں سے تقریباً 2,63,535 امیدواروں کا امتحان کامیابی سے مکمل ہو ا۔
ملک بھر میں اس امتحان کو وسیع ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور سخت سیکورٹی اقدامات کا تعاون حاصل تھا۔ امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے کل 2,527 فیکلٹی ممبران کو آزاد مبصرین کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، ڈین ، ڈائریکٹرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور سینئر پروفیسرز سمیت 700 سے زیادہ سینئر فیکلٹی ارکان کو فلائنگ اسکواڈ ارکان کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔
تال میل اور نگرانی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، ملک بھر میں این بی ای ایم ایس کے 16 علاقائی کمانڈ سینٹروں کو فعال کیا گیا تھا۔
امتحانی مراکز کو لائیو سی سی ٹی وی کی نگرانی میں بھی رکھا گیا تھا، جس کی دوارکا میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر میں قائم این بی ای ایم ایس کمانڈ سینٹر سے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی تھی۔ ریئل ٹائم نگرانی اور مانیٹرنگ کے لئے این بی ای ایم ایس اور ٹی سی ایس کے 190 اہلکاروں پر مشتمل ایک مخصوص ٹیم تعینات کی گئی تھی۔
این بی ای ایم ایس کے ہیڈ کوارٹر کے مخصوص کمانڈ سینٹر میں، این بی ای ایم ایس ، وزارت صحت اور خاندانی بہبود، بی ای ایل، ای سی آئی ایل اور ٹی سی ایس کے حکام نے دن بھر امتحانی عمل پر گہری اور مستقل نظر رکھی۔
امتحان کی سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور کسی دوسرے کی جگہ امتحان دینے کو روکنے کے اقدامات کے طور پر، امتحانی مراکز پر امیدواروں کی آدھار پر مبنی تصدیقی عمل کامیابی سے انجام دیا گیا ۔ سرکاری ایجنسیوں نے امتحان کے محفوظ اور منظم انعقاد کے لیے اپنا مکمل تعاون فراہم کیا۔
اگرچہ ملک بھر میں امیدواروں کی بھاری اکثریت کے لیے امتحان کامیابی سے مکمل ہو گیا، لیکن آئی او این ڈیجیٹل زون آئی ڈی جی سیتاپورا سینٹرز، جے پور، راجستھان (ٹی سی نمبر 41682 اور 41683) میں ایک غیر متوقع تکنیکی خرابی پیش آئی، جہاں امتحانی مراکز پر بجلی کی اندرونی سپلائی کے مسائل کی وجہ سے 2,445 امیدواروں کا امتحان مکمل نہیں ہو سکا۔
این بی ای ایم ایس نے متاثرہ امیدواروں کو ہونے والی زحمت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تمام متاثرہ امیدواروں کو نیٹ- پی جی 2026 میں شامل ہونے کا منصفانہ اور مساوی موقع فراہم کیا جائے، ان 2,445 امیدواروں کا امتحان 05 ستمبر 2026 (ہفتے کے روز ) کو دوپہر 03:00 بجے جے پور، راجستھان میں منعقد کیا جائے گا۔
339 شہروں کے 1,111 مراکز پر امتحان کا کامیاب انعقاد امتحان سے وابستہ حکام، طبی اداروں، فیکلٹی، سیکورٹی ایجنسیوں، ٹیکنالوجی کی ٹیموں اور ملک بھر میں اس عمل میں شامل دیگر اسٹیک ہولڈروں کے مابین وسیع تال میل کی عکاسی کرتا ہے۔
این بی ای ایم ایس امیدواروں کے تعاون، تحمل اور اعتماد کی ستائش کرتا ہے اور نیٹ- پی جی 2026 کے انعقاد سے وابستہ تمام اہلکاروں اور اداروں کی انتھک کوششوں کا اعتراف کرتا ہے۔
****
(ش ح- ن ا)
U.N:2772
(ریلیز آئی ڈی: 2304700)
وزیٹر کاؤنٹر : 7