ٹیکسٹائلز کی وزارت
صدر جمہوریہ ہند کی کل نئی دہلی میں این آئی ایف ٹی کی مشترکہ تقریبِ تقسیمِ اسناد میں تشریف آوری
مشترکہ تقریبِ تقسیمِ اسناد میں ملک بھر کے این آئی ایف ٹی کے 18 کیمپس سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات یکجا ہوں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 AUG 2026 9:35AM by PIB Delhi
ہندوستان کی صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو، جو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) کی سرکاری مہمان ہیں، 31 اگست 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی این آئی ایف ٹی کی مشترکہ تقریبِ تقسیمِ اسناد میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔ اس تقریب میں ملک بھر کے این آئی ایف ٹی کے 18 مراکز سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اپنی اسناد حاصل کرنے کی خوشی منانے اور ادارے میں اپنی تعلیمی زندگی کے اختتام کو یادگار بنانے کے لیے یکجا ہوں گے۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کی تعلیمی برتری، تخلیقی صلاحیت، لگن اور کامیابیوں کو بھی سراہا جائے گا۔
ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیرِ جناب گری راج سنگھ بھی اس موقع پر تشریف لائیں گے۔ ان کے علاوہ دیگر معزز شخصیات، مجلسِ حکام کے ارکان، اعلیٰ عہدیداران، اساتذہ، محققین اور فارغ التحصیل طلبہ و طالبات بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
تقریبِ تقسیمِ اسناد میں این آئی ایف ٹی کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کی کامیابیوں کو سراہا جائے گا اور ادارے میں اپنے تعلیمی دور کے دوران ان کی تعلیمی برتری، تخلیقی صلاحیت، لگن اور خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔ مختلف مراکز میں ہر تعلیمی پروگرام کے ان نمایاں طلبہ و طالبات کو، جنہوں نے مجموعی اوسط درجات (سی جی پی اے) میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں، طلائی تمغے سے نوازا جائے گا۔
مشترکہ تقریبِ تقسیمِ اسناد کے بعد ہر مرکز میں الگ الگ اسناد کی تقسیم کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جہاں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو باضابطہ طور پر ان کی اسناد پیش کی جائیں گی اور وہ اپنی تعلیمی زندگی سے پیشہ ورانہ زندگی میں منتقلی کا آغاز کریں گے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) کا قیام 1986ء میں حکومتِ ہند کی وزارتِ ٹیکسٹائل کے تحت عمل میں آیا تھا۔ یہ ایک قانونی ادارہ ہے جو این آئی ایف ٹی ایکٹ، 2006ء کے تحت چلایا جاتا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران یہ ادارہ فیشن کی تعلیم کے ایک ممتاز ادارے کے طور پر ابھرا ہے، جہاں روایتی فنون و دستکاریاں، علمی معلومات، ڈیزائن میں جدت، ٹیکنالوجی، تخلیقی فکر اور صنعت سے وابستگی کو یکجا کیا جاتا ہے۔
ملک بھر میں 20 پیشہ ورانہ انداز میں چلائے جانے والے مراکز کے ساتھ این آئی ایف ٹی ایک جامع اور متحرک تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ ادارہ نوجوان صلاحیتوں کو علم، مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں سے آراستہ کر رہا ہے تاکہ وہ ہندوستان کی فیشن اور تخلیقی صنعتوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
مشترکہ تقریبِ تقسیمِ اسناد 2026ء ایسی نسل کی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع ہوگی جس نے خیالات کو امکانات اور تخلیقی صلاحیتوں کو مؤثر نتائج میں تبدیل کرنا سیکھا ہے۔ جب یہ فارغ التحصیل طلبہ و طالبات ادارے کی حدود سے آگے بڑھیں گے تو اپنے ساتھ نئے بیانیے تشکیل دینے، بامعنی حل پیش کرنے اور ہندوستان کے بدلتے ہوئے تخلیقی منظرنامے میں اپنا کردار ادا کرنے کا اعتماد بھی لے کر جائیں گے۔ این آئی ایف ٹی میں ان کے تعلیمی سفر کا رسمی اختتام ضرور ہورہا ہے، لیکن تخیل، جدت اور اعلیٰ کارکردگی کا ان کا سفر ابھی شروع ہی ہوا ہے۔
لہٰذا یہ موقع ایک طرف کامیابیوں کے جشن کی حیثیت رکھے گا تو دوسری طرف مستقبل کے لیے ایک نئے سفر کا نقطۂ آغاز بھی ثابت ہوگا۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس امر پر بھی نگاہ ڈالی جائے گی کہ نئے ہندوستان کے فیشن، ڈیزائن اور تخلیقی نظام کو تشکیل دینے میں وہ مستقبل میں کیا کردار ادا کریں گے۔ ان کی صلاحیت، عملی جدوجہد اور بصیرت میں ایک ایسے ترقی یافتہ ہندوستان کی امید پوشیدہ ہے جو زیادہ تخلیقی، جدت پسند اور دنیا سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ جڑا ہوا ہو۔
این آئی ایف ٹی کی تخلیقی صلاحیت اور اعلیٰ کارکردگی کی روح سے وابستہ یہ فارغ التحصیل جماعت ہندوستان کے فیشن اور تخلیقی شعبوں میں نئے بیانیے تشکیل دینے کے لیے تیار ہے۔ ادارے میں ان کا تعلیمی سفر اختتام پذیر ہورہا ہے، لیکن جدت اور مؤثر کردار ادا کرنے کا ان کا نیا سفر اب شروع ہورہا ہے۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2763
(ریلیز آئی ڈی: 2304614)
وزیٹر کاؤنٹر : 10