ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی ریلوے نے پینے کے پانی کی ٹنکیوں اور پانی صاف کرنے والے فلٹروں کی صفائی اور جراثیم کشی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا


زونل ریلوے کو پینے کے پانی سے متعلق بنیادی ڈھانچے کا جامع معائنہ کرنے اور تمام خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت، ہر اسٹیشن پر موجود خامیوں اور ان کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی

प्रविष्टि तिथि: 24 AUG 2026 11:37AM by PIB Delhi

بھارتی ریلوے نے پورے ریلوے نیٹ ورک میں صفائی کی ایک خصوصی مہم شروع کی ہے، جس کے تحت پینے کے پانی کی ٹنکیوں اور پانی صاف کرنے والے نظام کی صفائی اور جراثیم کشی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے مسلسل صاف، محفوظ اور صحت بخش پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ اقدام بھارتی ریلوے میں پینے کے پانی کے معیار کی نگرانی اور انتظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار کیے گئے ایک وسیع تر عملی منصوبے کا حصہ ہے۔ اس منصوبے میں پینے کے پانی کے پورے نظام کی باقاعدگی سے جانچ، صفائی اور دیکھ بھال پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی کے معیار کی جانچ صرف آخری مرحلے پر فراہم کیے جانے والے پانی تک محدود رکھنے کے بجائے پانی نکلنے کی اصل جگہ سے لے کر اس کے استعمال کی جگہ تک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس خصوصی مہم کے دوران زونل ریلوے کی جانب سے پانی کے ذرائع، پانی صاف کرنے اور فلٹریشن کے پلانٹس، زیرزمین اور اوور ہیڈ ٹنکیوں، پی وی سی ٹنکیوں، واٹر بوتھ، نلکوں اور پانی فراہم کرنے والے تمام مقامات کا جامع معائنہ کیا جائے گا۔ پینے کے پانی کی تمام ٹنکیوں کو خالی کرکے ان میں جمع مٹی اور کیچڑ کو نکالا جائے گا، اچھی طرح رگڑ کر صاف کیا جائے گا اور جراثیم کش دوا کے ذریعے انہیں مکمل طور پر جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ پانی کی ٹنکیوں کے ڈھکن پوری طرح بند اور محفوظ ہوں۔ ہوا کے گزرنے والے مقامات اور اضافی پانی کے اخراج کے راستوں کو بھی پرندوں، جانوروں اور کائی سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں گے، تاکہ پینے کے پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس خصوصی مہم کے دوران ان تمام خامیوں کی بھی نشاندہی کی جائے گی جنہیں دور کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات ضروری ہیں۔ خراب یا متاثرہ پانی کی ٹنکیوں، پائپ لائنوں اور فلٹروں کی ضرورت کے مطابق مرمت کی جائے گی یا انہیں تبدیل کیا جائے گا۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ پینے کے صاف پانی اور غیر پینے کے پانی کے نظام کے درمیان کسی بھی قسم کا غیر ضروری یا غلط رابطہ نہ ہو۔

پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام میں شامل تمام پائپ لائنوں کو بھی رساؤ کے لیے جانچا جائے گا اور جہاں کہیں پانی کے اخراج یا زیاں کی صورت حال پائی جائے گی، وہاں اسے روکنے کے لیے فوری طور پر ضروری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔

ان مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں پینے کے پانی کے حصول کے لیے ہینڈ پمپ اور بورویل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ زونل ریلوے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایسے ذرائع سے حاصل ہونے والا پانی ہر طرح کی آلودگی سے محفوظ ہو اور پینے کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور موزوں رہے۔

پانی کے معیار کے انتظام کو مزید مضبوط بنانا

وسیع تر عملی منصوبے کے تحت ریلوے بورڈ نے زونل ریلوے کو واٹر کولروں اور پانی صاف کرنے والے نظام کا جامع معائنہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واٹر کولروں میں موجود پانی کی ٹنکیوں کی اچھی طرح صفائی کی جائے گی، جبکہ کولروں، پائپ لائنوں اور نلکوں میں ہونے والے رساؤ کو فوری طور پر دور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، پانی فراہم کرنے والے کولروں کے اطراف کے مقامات پر سو فیصد صفائی اور حفظانِ صحت کو یقینی بنایا جائے گا۔

واٹر کولروں میں نصب پانی صاف کرنے والےیووی/آر او نظام کی درست کارکردگی کی جانچ کی جائے گی اور جہاں ضرورت ہوگی، وہاں ایسے نظام فراہم کیے جائیں گے۔ مقررہ مدت کے مطابق ان کی دیکھ بھال، سروسنگ اور مکمل مرمت و بحالی کا کام کیا جائے گا، جبکہ فلٹر کینڈلز اور دیگر ضروری پرزوں کو بھی بروقت تبدیل کیا جائے گا۔ موجودہ یووی/آر اونظام کی حالت اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے یا متبادل ریورس اوسموسس نظام بھی ترجیحی بنیادوں پر نصب کیے جائیں گے۔

پانی کو صاف ستھرا رکھنے اور معیار کی نگرانی سے متعلق مقررہ اقدامات واٹر وینڈنگ مشینوں پر بھی لاگو ہوں گے، تاکہ ان مشینوں کے ذریعے فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی میں مطلوبہ حفاظتی اور حفظانِ صحت کے معیار برقرار رہیں۔

مقررہ مقامات سے پانی کے نمونے لے کر ان کی طبعی، کیمیائی اور جراثیمی جانچ کی جائے گی۔ ان مقامات میں پانی کے اصل ذرائع، صفائی کے بعد پانی کے اخراج کے مقامات، پانی کی ٹنکیاں، واٹر کولر، پانی فراہم کرنے والی مشینیں اور جہاں ممکن ہو، نمائندہ نلکے یا واٹر بوتھ شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، پانی میں موجود بقایا کلورین کی روزانہ بنیاد پر جانچ کی جائے گی اور جہاں ضرورت ہو، وہاں فوری طور پر دوبارہ کلورین ملانے یا دیگر ضروری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔

بنیادی ڈھانچے کی نگرانی اور اصلاحی اقدامات

ریلوے بورڈ نے زونل ریلوے کو پہلے سے منظور شدہ ان کاموں کی نگرانی کرنے اور انہیں تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، جن کے تحت نئی اوور ہیڈ اور زیرِ زمین پانی کی ٹنکیوں کی تعمیر اور موجودہ ٹنکیوں کی تبدیلی کی جانی ہے۔ ان منظور شدہ کاموں کا ایک جامع خلاصہ بھی تیار کیا جائے گا اور جہاں مزید کاموں کی ضرورت ہو، وہاں نئی منظوری کے لیے کارروائی کی جائے گی۔

پینے کے پانی کی فراہمی کے مختلف مراحل میں آلودگی کی نشاندہی اور اس کی روک تھام کے لیے حالات کے مطابق موزوں فلٹریشن اور پانی صاف کرنے کے نظام بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس میں پانی کے اصل منبع پر صفائی کے نظام کے ساتھ ساتھ نلکے تک پہنچنے سے پہلے پانی کو صاف کرنے کے انتظامات بھی شامل ہوں گے، تاکہ پانی کی فراہمی کے پورے سلسلے میں کسی بھی مرحلے پر آلودگی کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

زونل ریلوے ہر اسٹیشن کے لحاظ سے شناخت کی گئی خامیوں اور انہیں دور کرنے کے لیے کیے گئے اصلاحی اقدامات کی تفصیلات پیش کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے مختلف خامیوں کی منظم انداز میں نگرانی کی جا سکے گی اور خصوصی مہم کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو مقررہ مدت کے اندر حل کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس عملی منصوبے میں ریلوے کالونیوں اور کام کی جگہوں پر موجود پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے بھی اسی نوعیت کے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ اس طرح محفوظ، صاف اور حفظانِ صحت کے مطابق پینے کے پانی کی فراہمی پر توجہ صرف مسافروں کے استعمال والے علاقوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ریلوے کے ملازمین اور دیگر عملے کے لیے بھی یقینی بنائی جائے گی۔

ان تمام مربوط اقدامات کے ذریعے بھارتی ریلوے پینے کے پانی کے پورے نظام میں پیشگی معائنہ، بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال، صفائی اور جراثیم کشی، پانی کے معیار کی جانچ اور خامیوں کو دور کرنے کے نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد مسافروں کے ساتھ ساتھ ریلوے کے ملازمین کے لیے بھی مسلسل محفوظ، صاف ستھرا اور صحت بخش پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔

*****

ش ح۔ ع و  ۔ ص ج

U. No-2509


(रिलीज़ आईडी: 2302644) आगंतुक पटल : 19
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Assamese , Bengali , Bengali-TR , Punjabi , Gujarati , Tamil , Telugu , Kannada