ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
وزرائے ماحولیات کی بارہویں برکس میٹنگ
علمی دستاویزات کا اجرا
प्रविष्टि तिथि:
18 AUG 2026 1:05PM by PIB Delhi
بھارت کی زیر صدارت برکس 2026 کے تحت منعقدہ 12ویں برکس وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں، حکومتِ ہند کے تحت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے برکس کے رکن ممالک کے وفود کے سربراہان کے ہمراہ برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ کی جانب سے تیار کردہ چار علمی مجموعوں کی رونمائی کی۔ یہ دستاویزات برکس کے رکن ممالک میں رائج بہترین طریقۂ کار، علمی نظام اور اختراعات کی عکاسی کرتی ہیں۔
یہ علمی مجموعے برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ میں ہونے والے تعمیری اور بامقصد غور و خوض کا نتیجہ ہیں، جس کے تحت باہمی تعاون سے چار علمی دستاویزات تیار کی گئی ہیں۔ یہ مجموعے مجموعی طور پر باہمی تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں اور برکس کے رکن ممالک کے قومی تجربات، بہترین طریقۂ کار، اختراعی حل اور مقامی علمی نظام کو اجاگر کرتے ہیں۔

1-پائیدار طرزِ زندگی کے فروغ کے سلسلے میں قومی تجربات، بہترین طریقۂ کار اور کامیابی کی داستانوں پر مشتمل علمی مجموعہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی نے بھارت کی برکس 2026 کی صدارت کے دوران مرتب کیا ہے۔ یہ علمی مجموعہ برکس کے رکن ممالک، جن میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، بھارت، انڈونیشیا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، کے مثالی مطالعات کو یکجا کرتے ہوئے اجتماعی علمی ذخیرے کے طور پر کام کرتا ہے۔
یہ علمی مجموعہ اس امر کی دستاویز پیش کرتا ہے کہ برکس کے رکن ممالک پائیدار طرزِ زندگی کے تصور کو پالیسی میں جدت، رویوں میں تبدیلی کی مہمات، ماحولیاتی تعلیم، کمیونٹی کی شمولیت، پائیدار کھپت اور پیداوار، وسائل کے دوبارہ استعمال پر مبنی معاشی طریقۂ کار، ماحولیاتی نظام کی بحالی، صاف توانائی کی جانب منتقلی اور ماحولیات کے لئے سازگار ترقی کے پروگراموں کے ذریعے عملی اقدامات میں کس طرح تبدیل کر رہے ہیں۔بھارت کی جانب سے اس میں ’مشن لائف‘، ’ماحولیاتی تعلیم پروگرام‘ اور ’سمبھَو مہم‘ شامل ہیں، جو شہریوں کی قیادت میں پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی تمام سطحوں اور پورے معاشرے کو شامل کرنے کے نقطۂ نظر کی عکاسی کرتے ہیں۔مجموعی طور پر، یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ کس طرح انفرادی انتخاب، منڈی میں اشیا و خدمات کی فراہمی میں تبدیلی اور پالیسی کے ڈھانچے ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو کر نظامی تبدیلی کو آگے بڑھاتے ہیں۔ آخرکار، شہریوں کی ذمہ داری و شمولیت، مقامی حالات کے مطابق حل اور ڈیجیٹل انضمام پر زور دیتے ہوئے یہ علمی مجموعہ ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے باہمی سیکھنے، مشترکہ تحقیق اور کثیرالجہتی تعاون کا ایک قابلِ عمل خاکہ پیش کرتا ہے۔
2-آتشزدگی سے نمٹنے میں مربوط بندوبست کے لئے بہترین طریقۂ کار اور اختراعی طریقوں پر مشتمل علمی مجموعہ: عالمی سطح پر بدلتے ہوئے موسمی حالات، طویل عرصے تک جاری رہنے والی خشک سالی اور بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ماحولیاتی نظام، حیاتیاتی تنوع، ذریعہ معاش اور انسانی آبادیوں کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ اس مشترکہ چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے، بھارت نے 2026 میں برکس کی صدارت کے دوران جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لئے مربوط بندوبست کو بین الاقوامی تعاون کے اہم موضوع کے طور پر نمایاں کیا۔ اس عمل کے تحت مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لایا گیا تاکہ وہ مل کر جنگلاتی آتش زدگی سے نمٹنے کے طریقہ کار پراپنے تجربات، اختراعی حل اور عملی طریقۂ کار ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کر سکیں۔ ان میں کمیونٹی کی قیادت میں آگ سے بچاؤ اور مقامی روایتی علم سے لے کر پیشگی انتباہی نظام، ٹیکنالوجی، تیاری اور مربوط ردِعمل تک مختلف پہلو شامل ہیں۔
اس تعاون کا ایک نتیجہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لئے مربوط بندوبست کےبہترین طریقۂ کار اور اختراعی طریقوں پر مشتمل علمی مجموعہ‘ ہے۔ یہ علمی مجموعہ محض مختلف ممالک کے تجربات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے: آگ سے بچاؤ سے تیاری تک، پیشگی انتباہ سے بروقت کارروائی تک، اور ہنگامی ردِعمل سے بحالی تک، ہمیں آگ کے خطرے کا مل کر انتظام کرنا ہوگا۔ علم، ٹیکنالوجی، اداروں اور مقامی آبادیوں کو ایک دوسرے سے جوڑ کر برکس ممالک اجتماعی طور پر موسمیاتی اور آتش زدگی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنا سکتے ہیں، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ کر سکتے ہیں، ذریعہ معاش کو محفوظ بنا سکتے ہیں اور مستقبل کو جنگلاتی آگ کے خطرات سے زیادہ محفوظ بنا سکتے ہیں۔
3-مربوط منظرنامہ پر مبنی شجرکاری کے طریقۂ کار پر مشتمل علمی مجموعہ برکس کے رکن ممالک کے تجربات، بہترین طریقۂ کار اور پالیسی طریقوں کو یکجا کرتا ہے، جن کے ذریعے زمین کی زرخیزی میں کمی، بنجر زمین، حیاتیاتی تنوع میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے باہم مربوط چیلنجوں سے نمٹنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ علمی مجموعہ رکن ممالک کی اجتماعی کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے اور ایسے منظرنامہ پر مبنی اقدامات کو اجاگر کرتا ہے، جن میں ماحولیاتی نظام کی بحالی کو حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔
یہ علمی مجموعہ ان شعبوں کی بھی نشاندہی کرتا ہے جہاں برکس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ان میں علم اور تجربات کا تبادلہ، صلاحیت سازی اور تکنیکی تعاون، مشترکہ تحقیق اور نگرانی و جائزے کے لیے مشترکہ طریقۂ کار کی تیاری شامل ہیں۔ یہ علمی مجموعہ تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ اس میں عملی مثالوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جو ماحولیاتی نظام کی بحالی، موسمیاتی لچک کو مضبوط بنانے، ذریعہ معاش کو بہتر بنانے اور عالمی سطح پر بحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی کوششوں میں رہنمائی فراہم کر سکتی ہیں۔
4-پیداوار کی ذمہ داری سے متعلق توسیعی نظام اور وسائل کے دوبارہ استعمال پر مبنی معیشت کے نظام کے بہترین طریقۂ کار پر مشتمل علمی مجموعہ برکس کے رکن ممالک کے تجربات، پالیسی طریقۂ کار، ضابطہ جاتی ذرائع اور ادارہ جاتی ماڈلز کو یکجا کرتا ہے، جن کے ذریعے وسائل کے دوبارہ استعمال پر مبنی معیشت اور وسائل کے مؤثر استعمال پر مبنی معیشت کی جانب منتقلی کے چیلنج سے نمٹا جا رہا ہے۔ اس میں کمیونٹی کی قیادت میں کچرے کے انتظام اور ڈیجیٹل کچرا تبادلہ پلیٹ فارموں سے لے کر وسائل کے دوبارہ استعمال پر مبنی معیشت کے قومی لائحۂ عمل، ڈیجیٹل سراغ رسانی کے نظام، ری سائیکلنگ کی توثیق اور کچرے کے شعبے میں جامع اصلاحات تک مختلف اہم اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ علمی مجموعہ بھارت میں منڈی پر مبنی پیداوار کی ذمہ داری سے متعلق توسیعی نظام کی جانب منتقلی کو نمایاں کرتا ہے، جسے مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کی معاونت حاصل ہے اور جس کے دائرے کو مختلف اقسام کے کچرے تک وسعت دی گئی ہے۔ اس میں ان اہم شعبوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جہاں برکس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے، جن میں علم اور تجربات کا تبادلہ، ڈیجیٹل سراغ رسانی کے حل، تکنیکی صلاحیت سازی اور وسائل کے دوبارہ استعمال پر مبنی کاروباری ماڈلز کی تیاری شامل ہیں، تاکہ وسائل کے مؤثر استعمال، مضبوط اور پائیدار معیشتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
*****
ش ح۔ ع ح ۔ ج
uno-2267
(रिलीज़ आईडी: 2300791)
आगंतुक पटल : 10