نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے ‘وندے ماترم‘ کے 150 ؍برس مکمل ہونے کی یاد میں اراکین پارلیمنٹ کی ’ہر گھر ترنگا‘ بائیک ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
’ہر گھر ترنگا‘مہم ایک عوامی تحریک بن چکی ہے، یہ’وندے ماترم ‘ کے جذبے کی عملی تصویر پیش کرتی ہے: نائب صدرجمہوریہ
’وندے ماترم‘نے وطن سے محبت کو قومی فریضے میں بدلا: نائب صدر جمہوریہ
प्रविष्टि तिथि:
12 AUG 2026 11:03AM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ارکان پارلیمنٹ اور دیگر عوامی نمائندوں کے ساتھ ’ ہر گھر ترنگا‘بائیک ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ریلی قومی گیت ’ وندے ماترم‘کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقد کی گئی۔
ریلی بھارت منڈپم سے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم تک گئی، جس میں قومی فخر، اتحاد اور شہریوں کی شرکت کے پیغام کواجاگر کیا گیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےنائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ’وندے ماترم‘نے وطن سے محبت کو قومی فریضے میں بدل دیا ہے اور یہ ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی کے جذبے کے اظہار کا ایک طاقتورذریعہ بن گیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس کے لازوال الفاظ نے بے شمار مجاہدین آزادی کو حوصلے، قربانی اور امید کے جذبے سے سرشار کیا۔
جزائرانڈمان و نکوبار کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نیتاجی سبھاش چندر بوس جزیرے اور تاریخی سیلولر جیل کا ان کا دورہ انتہائی متاثر کن رہا۔ انہوں نے 1943 میں نیتاجی کی جانب سے ترنگا لہرانے اور سیلولر جیل میں قید مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کیا، جن میں سے بہت سے مجاہدین ’ وندے ماترم‘کا نعرہ لگاتے ہوئے تختۂ دار پر چڑھ گئے تھے۔
ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں قومی گیت’وندے ماترم‘کے ملک گیر اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے تمل ناڈو کے مجاہدین آزادی اور رہنماؤں کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا، جن میں وی او چدمبرم پلئی، سبرامنیا شیوا، تروپّر کمارن اور وانچیناتھن شامل ہیں۔ انہوں نے قومی شاعر سبرامنیا بھارتی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے’وندے ماترم‘کے جذبے اور پیغام کو عوام تک پہنچایا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے 2022 میں شروع کی گئی’ہر گھر ترنگا‘مہم ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے، جس میں شہری ترنگا یاترا، بائیک اور سائیکل ریلیوں، ثقافتی پروگراموں اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا مادر وطن سے وابستگی کے جذبے کو نمایاں شکل دیتا ہے ۔ انہو ں نے ارکان پارلیمنٹ و عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں اس مہم کو فروغ دیں اور شہریوں کو قومی پرچم فخر کے ساتھ لہرانے کی ترغیب دیں۔
اس ریلی میں مرکزی وزراء جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، جناب راجیو رنجن سنگھ، جناب وریندر کمار، جناب جی کشن ریڈی، جناب کرن رجیجو اور جناب جتیندر سنگھ کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ اور دیگر عوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
**** *****
(ش ح۔ م ع ن ۔ ن م)
UR-1885
(रिलीज़ आईडी: 2298091)
आगंतुक पटल : 12