وزارت اطلاعات ونشریات
این ایف ڈی سی-این ایف اے آئی کا آرکائیو تحفظ، ملیالم کلاسیکی فلم ‘‘کریڈم’’ کو 4 کے میں بڑی اسکرین پر واپس لےکر آیا
प्रविष्टि तिथि:
09 JUL 2026 12:41PM by PIB Delhi
ملیالم سنیما کی شہرۂ آفاق کلاسیکی فلم‘‘کریڈم’’10 جولائی 2026 کو بھارت اور بیرونِ ملک کے سینما گھروں میں جدید 4کے معیار اور ڈولبی ایٹمس صوتی نظام کے ساتھ دوبارہ اسکریننگ کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس فلم کو جدید انداز میں ڈھالنے کا کام قومی فلم ترقیاتی کارپوریشن–نیشنل فلم آرکائیو آف انڈیا (این ایف ڈی سی–این ایف اے آئی) نے انجام دیا ہے۔ جدید تر بنائی گئی فلم کو این ایف ڈی سی، سیون آرٹس انٹرنیشنل لمیٹڈ کے اشتراک سے پیش کر رہا ہے، جبکہ اس کی تقسیم کی ذمہ داری ہائزن گلوبل وینچرز کے سپرد ہے۔
فلم کو جدید تر بنانے کا یہ عمل بھارت کے فلمی ورثے کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ 1989 میں بنائی گئی اس فلم کا اصل کیمرا نیگیٹو وقت گزرنے کے ساتھ اس قدر خراب ہو چکا تھا کہ اسے دوبارہ اسکریننگ کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا تھا۔ تاہم، نیشنل فلم آرکائیو آف انڈیا نے اس فلم کا 35 ملی میٹر ریلیز پرنٹ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا۔ اسی محفوظ آرکائیو پرنٹ کو بنیاد بنا کر فلم کو جدید 4کے معیار میں ازسر نو تیارکیا گیا۔

فلم‘‘کریڈم’’کی ہدایت کاری سیبی ملائل نے کی ہے، جبکہ اس کی کہانی اور اسکرین پلے اے کے لوہت داس نے تحریر کیا ہے۔ فلم میں موہن لال نے سیتھو مادھون اور تھلاکن نے ہیڈ کانسٹیبل اچوتھن نائر کا کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘کریڈم’’ کو ملیالم سنیما کی بہترین اور یادگار فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
فلم کو جدید تر بنانے کے عمل میں اعلیٰ معیار کی اسکیننگ، ڈیجیٹل انداز میں تصاویر کو نئے طور پر اتارنا اور رنگوں کی ازسرِ نو درجہ بندی (کلر گریڈنگ) شامل تھی، جو معروف فلم ساز ایس کمار اور ہدایت کار سیبی ملائل کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ فلم کی آواز کو بھی جدید ڈولبی ایٹمس معیار کے مطابق ازسرِ نو تیار کیا گیا ہے۔ سینما گھروں میں اسکریننگ کے لیے اس کا حتمی ورژن پرساد کارپوریشن نے ہائی اسٹوڈیوز کے اشتراک سے مکمل کیا، جبکہ بونی اسانار نے کریئیٹو وژنری ہیڈ کے طور پر اس منصوبے کی قیادت کی۔

این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر پرکاش ماگڈم نے کہا کہ یہ فلم آج دوبارہ ناظرین تک صرف اس لیے پہنچ سکی ہے، کیونکہ اس کا ریلیز پرنٹ کئی دہائیوں تک محفوظ رکھا گیا تھا۔ ان کے مطابق فلم کو جدید طور پر تیار کرنے کا یہ عمل این ایف ڈی سی–این ایف اے آئی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارت کے فلمی ورثے کو محفوظ رکھا جائے اور آنے والی نسلوں تک پہنچایا جائے۔
ہدایت کار سیبی ملائل نے نیشنل فلم ہیریٹیج مشن کے تحت فلم کا پرنٹ محفوظ رکھنے اور اس کو جدید تر بنانے پر این ایف ڈی سی–این ایف اے آئی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فلم کے پرانے مداحوں کے ساتھ ساتھ نئی نسل کے ناظرین بھی بڑی اسکرین پر اس کے نئے ورژن سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔
جدید طور پر بنائی گئی اس فلم کی عالمی اسکریننگ 55ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) میں ہوئی، جہاں اسے ناظرین اور فلم سازوں کی جانب سے بے حد پُرجوش پذیرائی حاصل ہوئی۔
این ایف ڈی سی–این ایف اے آئی حکومتِ ہند کے اس وژن کو آگے بڑھا رہا ہے، جس کا مقصد ملک کے قیمتی آڈیو ویزول ورثے کو محفوظ رکھنا، اس کو جدید بنانا اور اسے فروغ دینا ہے۔ سائنسی بنیادوں پر تحفظ، ڈیجیٹلائزیشن اور نئے سرے سے تیار کرنے کے ذریعے یہ ادارہ اس امر کو یقینی بنا رہا ہے کہ فلمی تاریخ کے یہ نایاب اور بے مثال شاہکار آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رہیں اور ساتھ ہی ان لازوال کلاسیکی فلموں کو دوبارہ بڑی اسکرین کے ذریعے آج کے ناظرین سے جوڑا جائے۔
****
ش ح۔م ع۔ت ع
U.No. 9752
(रिलीज़ आईडी: 2282840)
आगंतुक पटल : 19
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें:
Punjabi
,
Kannada
,
English
,
Gujarati
,
हिन्दी
,
Marathi
,
Assamese
,
Bengali
,
Tamil
,
Telugu
,
Malayalam