امور داخلہ کی وزارت
داخلہ و امداد باہمی کےمرکزی وزیر جناب امت شاہ اور شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر جناب رام موہن نائیڈو کنجراپو نے اہم ہوائی اڈوں پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور امیگریشن نظام کا جائزہ لیا
مسافروں کی بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی اڈے کے ہر مرحلے پر مربوط منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے
تمام ہوائی اڈوں پر مرحلہ وار خودکار ایکس رے ٹرے ریٹرن نظام نافذ کیا جائے گا
سال 2027 تک تمام ریاستی صدردفاتر میں غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفتر (ایف آر آر او) قائم کیے جائیں گے
اگرتلہ اور جیور ہوائی اڈوں پر مجاز امیگریشن چیک پوسٹیں جلد شروع کرنے کی ہدایت دی گئی
ایف ٹی آئی۔ٹی پی پی کو مقبول بنانے کے لیے فضائی کمپنیوں کے تعاون سے بین الاقوامی مسافروں کو اس میں رجسٹریشن کی ترغیب دی جائے گی
प्रविष्टि तिथि:
08 JUL 2026 4:27PM by PIB Delhi
داخلہ و امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ اور شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر جناب رام موہن نائیڈو کنجراپو نے ملک کے اہم ہوائی اڈوں پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور امیگریشن نظام کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں مرکزی داخلہ سکریٹری، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر، وزارتِ شہری ہوابازی کے سکریٹری، مرکزی صنعتی تحفظ فورس (سی آئی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل، بھارتی ہوائی اڈا اتھارٹی کے چیئرمین سمیت وزارتِ داخلہ اور شہری ہوابازی کی وزارت کے متعدد سینئر افسران شریک ہوئے۔
مرکزی وزیرداخلہ جناب امت شاہ نے انسانی وسائل پر آنے والی لاگت میں کمی کے مقصد سے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر مرحلہ وار خودکار ایکس رے ٹرے ریٹرن نظام نصب کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہوائی اڈوں پر صرف خودکار ایکس رے ٹرے ریٹرن نظام کی تنصیب کے لیے مناسب معیارات مقرر کیے جائیں۔
مرکزی وزیرِ داخلہ نے ہوائی اڈے میں داخلے کے لیے داخلی راستوں، چیک اِن کاؤنٹروں، سکیورٹی جانچ کی قطاروں اور امیگریشن کاؤنٹروں کے درمیان باہمی انحصار کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مربوط نظام وضع کرنے کی ہدایت دی، تاکہ کسی بھی مرحلے پر مسافروں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی اڈے کے ہر مرحلے پر مربوط منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
جناب امت شاہ نے ہدایت دی کہ بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی (بی سی اے ایس) کے سکیورٹی معیارات کے مطابق مسافروں کی سہولت میں اضافہ اور تجارتی شعبوں کو مقررہ معیار کے اندر رکھنے کے لیے زیرِ عمل 21 اور باقی 41 ہوائی اڈوں کی ترقی کے کاموں کی ترجیح مسافروں کی آمد و رفت کے مطابق طے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام 62 ہوائی اڈوں پر ترقیاتی کام آئندہ دو برس کے اندر مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شہری ہوابازی کی وزارت، مسافروں اور فضائی آمد و رفت کے حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ہوائی اڈوں پر ایرو برج کی تعداد کے لیے معیارات مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ سامان جمع کرانے (بیگیج ڈراپ) کی سہولت صرف 16 بڑے ہوائی اڈوں تک محدود نہ رہے بلکہ زیادہ مسافر آمد و رفت والے دیگر بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بھی فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکس رے اسکریننگ کے لیے تعینات سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی تعلیمی اہلیت میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے اور مطلوبہ تعلیمی قابلیت رکھنے والے افسران اور اہلکاروں کو ہی اس ذمہ داری پر تعینات کیا جائے۔
مرکزی وزیرِ داخلہ نے ہدایت دی کہ سال 2027 تک تمام ریاستی صدردفاتر میں لازماً غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر (ایف آر آر او) قائم کیے جائیں۔ انہوں نے اگرتلہ اور جیور ہوائی اڈوں پر مجاز امیگریشن چیک پوسٹیں جلد از جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام (ایف ٹی آئی۔ٹی ٹی پی) کو فروغ دینے کے لیے فضائی کمپنیوں کے ساتھ ہم آہنگی قائم کی جائے تاکہ جیسے ہی کوئی بین الاقوامی ٹکٹ بک ہو، متعلقہ مسافر کو واٹس ایپ کے ذریعے ایک پیغام بھیجا جائے، جس میں اسے اس پروگرام میں رجسٹریشن کی ترغیب دی جائے۔
جناب امت شاہ نے مزید کہا کہ شہری ہوابازی کی وزارت اور مرکزی صنعتی تحفظ فورس الگ الگ آزاد تھرڈ پارٹی ایجنسیوں کے ذریعے سال کے مصروف ترین سیزن کے دوران اہم ہوائی اڈوں کے تمام مراحل پر مسافروں کو ہونے والی تاخیر میں کمی سے متعلق جامع مطالعہ کرائیں۔
********
) ش ح – ع ح –ن ع)
U.No. 9711
(रिलीज़ आईडी: 2282470)
आगंतुक पटल : 10