وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

مورخہ28جولائی 2025 کی وزیرِ دفاع کی پارلیمانی تقریر کے بارے میں گمراہ کن تشریحات پر وضاحتی بیان

प्रविष्टि तिथि: 27 JUN 2026 6:00PM by PIB Delhi

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی بعض پوسٹوں میں 28 جولائی 2025 کو پارلیمنٹ میں وزیر دفاع کی تقریر کو گمراہ کن انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان پوسٹوں میں تقریر کے ایک الگ تھلگ حصے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نقل کیا گیا ہے تاکہ یہ غلط تاثر دیا جا سکے کہ وزیر دفاع نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ آپریشن سندور کے دوران کوئی بھی بھارتی فوجی شہید نہیں ہوا۔ یہ دعویٰ دانستہ طور پر گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہے۔

جن لوگوں نے وزیر دفاع کی پارلیمانی تقریر کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے، انہوں نے ان کے بیان کے مکمل پس منظر کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ہے۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ وزیر دفاع کی تقریر کے وقت ذرائع ابلاغ کے بعض حلقوں اور سوشل میڈیا پر ایک مسلسل اور غالب بیانیہ گردش کر رہا تھا، جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ آپریشن سندور کے دوران بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ہلاک ہوئے تھے۔ یہ دعویٰ مکمل طور پر بے بنیاد تھا، لیکن اسے جارحانہ انداز میں پھیلایا جا رہا تھا تاکہ اس آپریشن کی کامیابی کو کم تر دکھایا جائے اور عوام کے جذبات کو متاثر کیا جا سکے۔ وزیر دفاع کا متعلقہ بیان اسی مخصوص اور گمراہ کن بیانیے کے جواب میں دیا گیا تھا۔ لہٰذا ان کے ریمارکس ایک جھوٹے دعوے کی تردید کے لیے مخصوص اور اپنے مکمل سیاق و سباق میں دیے گئے تھے، جو اس وقت تیزی سے پھیل رہا تھا۔

وزیر دفاع کی تقریر کو اس کے مکمل اور درست تناظر میں دیکھنا بھی ضروری ہے۔ پارلیمنٹ میں ان کا بیان مجموعی طور پر آپریشن سندور کی شاندار کامیابی کا درست اور باعثِ فخر بیان تھا، جس میں بھارتی مسلح افواج نے غیر معمولی درستگی، عزم اور پیشہ ورانہ عسکری مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس کارروائی کے دوران 100 سے زائد دہشت گردوں اور پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ پاکستانی فضائی اڈوں اور کنٹرول لائن (ایل او سی) پر تعینات تنصیبات کو بھی بڑے پیمانے پر نیست ونابود کیا  گیا۔ یہ خطاب بھارتی مسلح افواج کی بہادری اور صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام بھی تھا۔

وزیر دفاع اور حکومتِ ہند بھارتی مسلح افواج کے ہر رکن کے لیے اپنے احترام، شکرگزاری اور عقیدت کے جذبے پر قائم ہیں، خصوصاً ان بہادر سپاہیوں کے لیے جنہوں نے ملک  کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی مادرِ وطن کی خدمت کی اعلیٰ ترین مثال ہے، جسے ہمیشہ مکمل وقار، فخر اور احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

ان کی عظیم قربانی کے اعتراف میں حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ان کے نام نیشنل وار میموریل کی دیواروں پر درج کیے جائیں۔ حکومت نے ان بہادرجوانوں  کے اہلِ خانہ اور زیرِ کفالت افراد کے لیے تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات میں رعایتیں اور ضروری امدادی اقدامات بھی فراہم کیے ہیں۔

***

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 9244


(रिलीज़ आईडी: 2278456) आगंतुक पटल : 19
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Gujarati , English , हिन्दी , Marathi , Tamil , Malayalam