وزیراعظم کا دفتر
حکومت اڈیشہ کے دو برس مکمل ہونے کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن
प्रविष्टि तिथि:
20 JUN 2026 5:01PM by PIB Delhi
جائے جگن ناتھ! جائے ماں کچکیشوری! مور سبو بھائی، بھونی، ماں، موس مانُنک مور نموسکار۔
محترم صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی، گونر جناب ہری بابو جی، یہاں کے مقبول عام وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی جی، نائب وزیر اعلیٰ کنک وردھن سنگھ دیو جی، پرورتی پریدا جی، اڈیشہ کے وزیر گنیش سنگھ کھونٹیا جی، کرشن چندر مہاپاتر جی، رکن پارلیمنٹ نبا چرن ماجھی جی، منموہن سامل جی، بیجینت پانڈا جی، دیگر معززین، بھائیو اور بہنو۔
ہمارا اڈیشہ ان دنوں تہواروں کی خوشیوں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں کا گن پرب رج، گذشتہ ہفتے ہی دھوم دھام سے منایا گیا ہے۔ مہاپربھو جگن ناتھ جی کی رتھ یاترا کی تیاریاں بھی جوش و خروش کے ساتھ جاری ہیں ۔ میوربھنج کی باریپدا رتھ یاترا کو لے کر بھی جوش کا ماحول ہے۔ اور، اس سب کے درمیان ہی جمہوریت کی ترقی کا میلہ بھی جاری ہے۔ اڈیشہ کی بی جے پی حکومت نے اپنے 2 سال بھی مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر، آپ سب کے درمیان آنا، میوربھنج آنے کی یہ خوش بخت، اور اتنی بڑی تعداد میں آپ سب کی موجودگی، یہ موقع میرے لیے بہت خاص ہے۔ آپ کی اپنائیت مجھے بار بار یہاں کھینچ لاتی ہے۔ میں آپ سبھی کا تہہ دل سے بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اور اڈیشہ کی عوام کو ڈبل انجن حکومت میں ترقی کے سفر کی بھی مبارکباد دیتا ہوں، نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ساتھ ہی، اس موقع پر میں پنڈت رگھو ناتھ مرمو جی، ڈاکٹر دم ینت بیشرا جی، اور جناب چرن برہم جی جیسی شخصیات کو بھی سلام کرتا ہوں۔ ہماری حکومت نے سنتھالی زبان میں بھارت کے آئین کو پیش کیا ہے۔ اڈیشہ کی سنتانوں کو پدم اعزاز سے نوازا ہے۔ گذشتہ 2 برسوں میں اڈیشہ حکومت بھی ان تمام شخصیات کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے دن رات کوشش کر رہی ہے۔
ساتھیو،
آج کا یہ موقع اس لیے بھی خاص ہے، کیونکہ میوربھنج کی سرزمین پر پلی بڑھی، اڈیشہ کی بیٹی، عزت مآب راشٹرپتی جی ہمارے درمیان موجود ہیں۔ آج ان کا یوم پیدائش بھی ہے۔ میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی کو یوم پیدائش کی تہہ دل سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، میں ان کی طویل العمری اور عمدہ صحت کی تمنا کرتا ہوں۔ جگن ناتھ جی بھگوان کے قدموں میں پرارتھنا کرتا ہوں۔ اڈیشہ کی بیٹی آج ملک کے اتنے بڑے عہدے پر پہنچی ہیں، ہماری رہنمائی کر رہی ہیں، یہ ہم سبھی کے لیے بہت فخر کی بات ہے۔ صدر جمہوریہ کی شخصیت، ان کی فراک دل اور ہمدردانہ طبیعت، ملک اور معاشرے کی خدمت کے لیے ان کی مضبوط لگن، انہوں نے میوربھنج ہی نہیں، پورے اڈیشہ کی پہچان کو مضبوط کیا ہے۔ میں اس موقع پر، ان کی خصوصی طور پر ستائش کرتا ہوں۔
ساتھیو،
یہ پروگرام جب بنا، تو اس میں بنیادی وجہ تو لاجسٹک تھا، طویل عرصے سے یہاں آنے کے لیے تذکرہ ہو رہا تھا۔ 21 جون کو بین الاقوامی یوم یوگ کولکاتا میں طے ہوا، تو پھر میں نے کہا اچھا ہے، آج بنگ دیوس بھی ہے، تو کیوں نہ میں صبح میوربھنج ہوکر شام کو پھر کولکاتا کے پروگرام میں جاؤں۔ لہٰذا یہ 20 جون طے ہوئی۔ لیکن کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں، جس کی نیک تمنائیں خدا کے تابع ہیں، اور اس لیے آج ایک اچھی بات یہ بھی ہوئی ہے کہ صدر جمہوریہ کا یوم پیدائش بھی ہے، مجھے آج ان کے گاؤں میں جاکر، ان کو مبارکباد دینے کا موقع ملا۔
ساتھیو،
آج میں صدر جمہوریہ جی کے ساتھ پہاڑپور بھی گیا تھا۔ میں اس خطے کے بچوں کے لیے ان کے ذریعہ بنوائے گئے اسکول بھی گیا۔ بچوں کے ساتھ یادگار لمحات گزارنے کا موقع مجھے ملا۔ میں دیکھ رہا تھا، بچوں کے چہروں کی چمک، صدر جمہوریہ جی کی موجودگی اور اپنائیت، وہاں مجھے ایسا کچھ بھی نہیں لگا، کسی بچے کو یہ لگا ہو کہ صدر جمہوریہ آئی ہیں، ہر بچے کو لگتا تھا ان کی ماں آئی ہے۔ وہ بچے بھی بہت خوش نصیب ہیں، کیسے اس علاقے کے غریب، محروم اور قبائلی سماج کے بچوں کو ترغیب حاصل ہو رہی ہے، انہیں ملک کے لیے کچھ بڑا کرنے کا حوصل مل رہا ہے۔ میں صدر جمہوریہ جی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ان تجربات سے گزرنے کا آج مجھے موقع دیا۔ یہ میرا دن، ایک طرح سے میری تعلیم و تربیت کا دن تھا، میرے لیے کچھ سیکھنے کا موقع تھا ۔
ساتھیو،
میں آپ کو حکومت کا یہ فیصلہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ پہاڑ پور گاؤں کو، اب تیزی سے سوریہ گرام، سولر ولیج کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ یعنی یہاں ہر گھر میں شمسی بجلی بنے، اسے یقینی بنایا جائے گا۔ اور ہم تو بڑے فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ یہی اڈیشہ ہے، جہاں کونارک میں سوریہ مندر کی ایک پہچان ہے، ویسے ہی پہاڑپور سوریہ گرام کی پہچان بن جائے گا۔ سوریہ گرام، سے پورا گاؤں سولر ولیج کے طور پر پہچانا جائے، اس سمت میں کام فوراً شروع ہو ایسی میری کوشش رہے گی۔ اس مہم سے، پہاڑ پور کے لوگوں کو مفت شمسی بجلی بھی ملے گی اور جو زیادہ بجلی ہوگی، وہ ان کی آمدنی بھی بڑھائے گی۔
ساتھیو،
اڈیشہ میں ڈبل انجن حکومت کے 2 سال کئی معنوں میں تاریخی رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کی قیادت میں، آج اڈیشہ تیز رفتار سے وکاس کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔ آج یہاں ناداروں کی فلاح و بہبود سے متعلق اسکیموں سے عام لوگوں کی زندگی میں تبدیلی رونما ہو رہی ہے۔ اڈیشہ میں اقتصادی سرگرمیوں میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کو راغب کرنے کی صلاحیت آج نظر آ رہی ہے۔ یہاں روزگار کے نئے مواقع کے لیے تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
ساتھیو،
مرکزی حکومت کا وژن ہے- مشرقی بھارت کی ترقی سے بھارت کی ترقی۔ اسی لیے، ہم مشرق کے عروج کی پالیس پر کام کر رہے ہیں۔ جس مشرقی بھارت کو کانگریس کے دور میں پسماندگی کی علامت بنا دیا گیا تھا، آج وہ ترقی کا داخلی دروازہ بن رہا ہے۔ آج اڈیشہ خود اس تبدیلی کا گواہ بن رہا ہے۔
ساتھیو،
اڈیشہ کے پاس سمندر ہے، معدنی وسائل ہیں، زرعی کی طاقت ہے اور سب سے بڑھ کر یہاں نوجوان ٹیلنٹ ہے۔ اس صلاحیت کا پورا استعمال کرنے کے لیے ہم مل کر کام کر رہے ہیں۔ اسی لیے، آج اڈیشہ میں ریلوے بنیادی ڈھانچے میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ نئی سڑکیں اور اقتصادی گلیارے بن رہے ہیں۔ بندرگاہوں کی توسیع ہو رہی ہے۔ توانائی، سیمی کنڈکٹر، سبز توانائی اور جدید صنعتوں میں سرمایہ آرہا ہے۔ آج بھی یہاں اڈیشہ کی ترقی سے متعلق متعدد اہم اسکیموں کا آغاز اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ ان اسکیموں پر تقریباً 47 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ بجلی، سڑک، ریلوے، صحت اور تعلیم سے وابستہ ان اسکیموں سے، آپ تمام لوگوں کو بہت سہولت حاصل ہونے والی ہے۔ میں ان اسکیموں کے لیے اڈیشہ کے لوگوں کو بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔
ساتھیو،
ہماری حکومت اڈیشہ کے وسائل کو، اڈیشہ کی امکانات میں تبدیل کر رہی ہے۔ اڈیشہ میں بڑی سرمایہ کاری ہو، یہاں نئی صنعتیں قائم ہوں، اس کے لیے اُتکرش اڈیشہ جیسی مہمات چلائی جا رہی ہیں۔ اس کے تحت، اب تک تقریباً 20 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔ ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد بڑے پروجیکٹوں پر بھی کام چل رہا ہے۔ صنعتوں کے لیے موافق ماحول بنے، اس کے لیے اڈیشہ کی جامع ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ بجلی کے شعبے میں 6 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ سمردھ شہر یوجنا کے تحت شہری ترقی کو رفتار دی جا رہی ہے۔ آنے والے برسوں میں کوششوں کا نتیجہ ہمیں دیکھنے کو ملنے والا ہے۔
ساتھیو،
ڈبل انجن سرکار کی بڑی خاصیت یہ ہے کہ وہ خود عوام تک پہنچتی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ عام شہریوں کو کسی مسئلے کے حل کے لیے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑے۔ ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ نوجوانوں، خواتین، کاشتکاروں اور عام لوگوں کی توقعات آج پوری ہو رہی ہیں۔ آپ دیکھئے، دھان خرید میں کاشتکاروں کو 3100 روپے فی کوئنٹل دینے کا فیصلہ لیا گیا۔ سوبھدرا یوجنا کے توسط سے ایک کروڑ سے زائد ماؤں اور بہنوں تک معاشی امداد بہم پہنچائی گئی۔ آیوشمان بھارت کو نافذ کرکے اڈیشہ کے کنبوں کے لیے ملک کے ہسپتالوں میں علاج کا راستہ کھولا گیا۔ قبائلی طلباء کی تعلیم بیچ میں نہ چھوتے، اس کے لیے مادھو سنگھ ہاتھ خرچہ یوجنا شروع کی گئی۔ مہاپربھو شری جگن ناتھ جی کے بھکتوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے شری مندر کے عقیدت مندوں کے لیے سارے دروازے کھول دیے گئے، چاروں چار دروازے کھول دیے گئے۔ ڈبل انجن کی طاقت ملنے سے آج یہاں چاروں سمت ترقی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ساتھیو،
یہاں گزشتہ دنوں صفائی ستھرائی کو لے کر جو خصوصی مہم چلی ہے، اس کی بھی مجھے خبر ملی ہے۔ اور میں سوشل میڈیا پر دیکھ رہا تھا تو صفائی مہم چھائی ہوئی ہے، یعنی 'صفائی سے استقبال'۔ میں اوڈیشہ کی اس پہل کے لیے، یہاں کے شہریوں کا، حکومت کا اور وزیرِ اعلیٰ جی کا، اس قابلِ تعریف قدم بہت بہت تعریف کرتا ہوں اور اطمینان کا اظہار کرتا ہوں۔
ساتھیو،
صفائی ستھرائی ہمارے طرزِ زندگی کا حصہ ہونی چاہیے، اور روزمرہ کی عادت ہونی چاہیے۔ میں یہاں صفائی مہم سے وابستہ تمام لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ساتھیو،
میں نے اپنی زندگی کا ایک اہم دورانیہ قبائلی علاقوں میں ایک رضاکار کے طور پر کام کرتے ہوئے گزارا ہے۔ محترمہ صدر جمہوریہ جی تو برسوں تک ایسے علاقوں میں چیلنجوں کا سامنا کرتی رہی ہیں۔ آپ اور ہم جانتے ہیں کہ قبائلی علاقوں میں زندگی کی سہولیات آسانی سے نہیں پہنچتی تھیں۔ اس لیے، ہماری حکومت نے قبائلی ترقی کو بہت ترجیح دی ہے۔ ہم نے ایسے علاقوں کو سہولیات سے جوڑنے کے لیے 'دھرتی آبا جنجاتیہ گرام اتکرش ابھیان' شروع کی۔ اس کے تحت صحت، تعلیم، سڑک اور رہائش سے منسلک محکمے مل کر ہمہ جہت ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، تاکہ وہاں رہنے والے لوگوں کی مشکلات دور ہو سکیں۔ اسی طرح، 'پی ایم جن من ابھیان' تو صدر جمہوریہ جی کے ساتھ ہوئی گفتگو اور ان کی رہنمائی کا ہی نتیجہ ہے۔ یہ خاص طور پر ملک کے ایسے قبائلی گروہوں کے لیے ہے، جو قبائلی معاشرے میں بھی سب سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ ایسے قبائلی طبقوں تک اب حکومت خود چل کر ان کے گاؤں اور ان کے دروازے تک پہنچ رہی ہے۔
ساتھیو،
قبائلی معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ہم قبائلی نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع سے جوڑ رہے ہیں۔ ان بچوں کو پڑھائی کی بہتر سہولت ملے، اس کے لیے ملک میں تقریباً 500 'ایکلویہ ماڈل اسکول' کھولے گئے ہیں۔ تقریباً ساڑھے سات سو ایکلویہ اسکولوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک کی سطح پر، ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ قبائلی بچوں کو سیکڑوں کروڑ روپے کی اسکالرشپ دی گئی ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے بھی خوشی ہو رہی ہے کہ یہاں میوربھنج میں ایک اور 'نوودیہ ودیالیہ' بنانے کے لیے بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
ساتھیو،
دور دراز کے علاقوں میں رہنے کی وجہ سے، قبائلی معاشرہ صحت سے جڑی مشکلات کا بھی شکار رہا ہے۔ 'سکل سیل انیمیا' جیسی بیماریاں ایک بہت بڑا چیلنج رہی ہیں۔ ہم نے ان کے خلاف ملک بھر میں مہم چلائی، چار کروڑ سے زیادہ ہیلتھ کارڈ تقسیم کیے، اور مفت علاج کے لیے کروڑوں قبائلی مستفیدین کو 'آیوشمان کارڈ' دیے۔ 'جل جیون مشن' کے تحت گھر گھر صاف پانی پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کوششوں کا نتیجہ آج ہمیں نظر آ رہا ہے۔ قبائلی معاشرہ دہائیوں پرانی مشکلات سے باہر آ رہا ہے، اور ترقی کے مرکزی دھارے کا حصہ بن رہا ہے۔
ساتھیو،
آنے والے وقت میں ہمارے سامنے دو اہم پڑاؤ ہیں۔ 2036 میں اڈیشہ کی تشکیل کے 100 برس مکمل ہوں گے۔ اور، 2047 میں بھارت کی آزادی کے 100 برس پورے ہونے والے ہیں۔ یعنی، اوڈیشہ اور ملک کا ہدف ایک ہی سمت میں ہے۔ اڈیشہ کی معیشت مضبوط ہوگی، تو بھارت مضبوط ہوگا۔ مجھے اڈیشہ کی صلاحیت پر پورا بھروسہ ہے۔ ہمیں مل کر اڈیشہ کو ترقی کی بلندیوں سے ہمکنار کرنا ہے۔
ساتھیو،
کل یعنی 21 جون کو بین الاقوامی یوم یوگ بھی منایا جا رہا ہے۔ علم اور یوگ کی سرزمین اڈیشہ، یوگ یہاں کی اخلاقیات کا حصہ رہا ہے۔ میں اڈیشہ کی سرزمین سے پورے ملک سے، پوری دنیا کے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں، آپ سب زیادہ سے زیادہ تعداد میں یوم یوگ میں حصہ لیں۔ میں ایک مرتبہ پھر آپ سبھی کو آج کے موقع، اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ میں عزت مآب صدر جمہوریہ کا خاص طور سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے ان کے ساتھ ان کی کرم بھومی کو دیکھنے کا موقع ملا۔ ایک مرتبہ پھر انہیں یوم پیدائش کی بہت بہت مبارکباد۔ بہت بہت شکریہ۔
جے جگن ناتھ۔
جے جگن ناتھ۔
جے جگن ناتھ۔
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8937
(रिलीज़ आईडी: 2275740)
आगंतुक पटल : 9