کابینہ
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد میں چار ججوں کا اضافہ کرکے مجموعی تعداد 33 سے بڑھا کر 37 کرنے کو منظوری دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 05 MAY 2026 7:22PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے زیر صدارت مرکزی کابینہ نے آج  سپریم کورٹ میں چار ججوں کا اضافہ کرکے مجموعی تعداد موجودہ 33 سے بڑھا کر 37 (چیف جسٹس آف انڈیا کے علاوہ) کرنے کی غرض سے سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ایکٹ، 1956 میں ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی بل، 2026 متعارف کرانے کی تجویز کو منظوری دے دی۔

نکتہ بہ نکتہ تفصیلات:

سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی بل، 2026 سپریم کورٹ میں چار ججوں کے اضافے کی سہولت فراہم کرتا ہے، یعنی اس سے ججوں کی مجموعی تعداد 33 سے بڑھ کر 37 ہو جائے گی (چیف جسٹس آف انڈیا کے علاوہ)

اہم اثر:

ججوں کی تعداد میں اضافے سے سپریم کورٹ کو تیز رفتار انصاف کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ موثر اور اثرانگیز طریقے سے کام کرنے کا موقع ملے گا۔

لاگت:

ججوں اور معاون عملے کی تنخواہ اور دیگر سہولیات کے اخراجات ہندوستان کے کنسولیڈیٹیڈ فنڈ سے پورے کیے جائیں گے۔

پس منظر:

دستورِ ہند کے آرٹیکل 124 (1) میں یہ کہا گیا ہے کہ ’’بھارت کا ایک سپریم کورٹ ہوگا، جس میں بھارت کا ایک چیف جسٹس اور، جب تک پارلیمنٹ قانون کے ذریعہ زیادہ تعداد مقرر نہ کردے، سات سے زائد جج نہیں ہوں گے۔۔۔‘‘

سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ایکٹ 1956 کے ذریعے 1956 میں سپریم کورٹ آف انڈیا کے ججوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے ایک ایکٹ نافذ کیا گیا تھا۔ ایکٹ کے سیکشن 2 میں ججوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد (چیف جسٹس آف انڈیا کے علاوہ) 10 کرنے کا بندوبست کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ آف انڈیا کے ججوں کی تعداد سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی ایکٹ، 1960 کے ذریعے 13 اور سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی ایکٹ، 1977 کے ذریعے 17 تک بڑھا دی گئی۔ تاہم سپریم کورٹ آف انڈیا  کی افرادی قوت کابینہ کے ذریعہ  15 ججوں تک محدود کر دی گئی، جس سے چیف جسٹس آف انڈیا کو مستثنی رکھا گیا، اور یہ پابندی 1979 کے آخر تک جاری رہی۔ بعد ازاں چیف جسٹس آف انڈیا کی درخواست پر اس پابندی کو ہٹالیا گیا۔

سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی ایکٹ، 1986 نے سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا، جس سے چیف جسٹس آف انڈیا کو مستثنیٰ رکھا گیا، اور ججوں کی تعداد 17 سے بڑھا کر 25 کر دی گئی۔ بعد ازاں، سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی ایکٹ، 2008 نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے ججوں کی تعداد 25 سے بڑھا کر 30 کر دی۔

آخری مرتبہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے ججوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 33 کی گئی تھی (چیف جسٹس آف انڈیا کے علاوہ)، اور اس کے لیے سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی ایکٹ، 2019 کے ذریعہ اصل ایکٹ میں مزید ترمیم کی گئی تھی۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:6680


(ریلیز آئی ڈی: 2258159) وزیٹر کاؤنٹر : 12