وزیراعظم کا دفتر
مالدہ، مغربی بنگال سے متعدد ریل اور سڑک پروجیکٹوں کے آغاز کے موقع پر وزیرِ اعظم کے خطاب کا متن
प्रविष्टि तिथि:
17 JAN 2026 3:08PM by PIB Delhi
مغربی بنگال کے گورنر، جناب سی. وی. آنند بوس جی؛ مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی، اشونی ویشنو جی، شانتنو ٹھاکر جی، سکانتا مجمدار جی؛ مغربی بنگال میں حزبِ اختلاف کے قائد، سوویندو ادھیکاری جی؛ پارلیمنٹ میں میرے ساتھی، شامیك بھٹاچاریہ جی، کھاگن مرمو جی، کارتک چندر پال جی؛ دیگر معزز نمائندگان، خواتین و حضرات۔
آج مالدہ کی سرزمین سے مغربی بنگال کی ترقی کو تیز رفتار بنانے کی مہم کو مزید قوت ملی ہے۔ کچھ دیر قبل مغربی بنگال کی ترقی سے متعلق کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا اور کئی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ مغربی بنگال کو نئی ریل خدمات کا تحفہ دیا گیا ہے۔ یہ منصوبے یہاں کے لوگوں کے لیے سفر کو آسان بنائیں گے اور تجارت و کاروبار کو بھی سہل کریں گے۔ یہاں ٹرینوں کے رکھ رکھاؤ کے لیے جو سہولیات تیار کی گئی ہیں، وہ بنگال کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گی۔
دوستو،
بنگال کی اس پوتردھرتی سے آج ہندوستانی ریلوے کی جدید کاری کی سمت ایک اور بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ آج بھارت میں وندے بھارت سلیپر ٹرینوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ نئی وندے بھارت سلیپر ٹرینیں ہمارے ملک کے عوام کے طویل سفر کو زیادہ آرام دہ، شاندار اور یادگار بنائیں گی۔ ایک ’’وکست بھارت‘‘ کی ٹرینیں کیسی ہونی چاہئیں، اس کی واضح جھلک اس وندے بھارت سلیپر ٹرین میں نظر آتی ہے۔ کچھ دیر پہلے مالدہ اسٹیشن پر میں نے چند مسافروں سے بات کی؛ سب کا کہنا تھا کہ اس ٹرین میں بیٹھ کر انہیں بے حد خوشی اور مسرت کا احساس ہوا۔ ہم پہلے غیر ملکی ٹرینوں کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر خواہش کیا کرتے تھے کہ ایسی ٹرینیں بھارت میں بھی ہوں۔ آج ہم اس خواب کو حقیقت بنتے دیکھ رہے ہیں۔ میں نے حال ہی میں دیکھا ہے کہ غیر ملکی بھارت کے میٹرو اور ٹرینوں کی ویڈیوز بنا کر دنیا کو بتا رہے ہیں کہ ہندوستانی ریلوے میں کس طرح کا انقلاب آ رہا ہے۔ یہ وندے بھارت ٹرین ’’میڈ اِن انڈیا‘‘ ہے؛ اسے بنانے میں ہم ہندوستانیوں کا پسینہ شامل ہے۔ ملک کی یہ پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین ماں کالی کی دھرتی کو ماں کاماکھیا کی دھرتی سےمربوط کرتی ہے۔ آنے والے وقت میں اس جدید ٹرین کی خدمات کو پورے ملک میں توسیع دی جائے گی۔ میں بنگال، آسام اور پورے ملک کو اس جدید سلیپر ٹرین کے لیے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
دوستو،
آج ہندوستانی ریلوے تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ ریلوے لائنوں کی بجلی کاری کا کام جاری ہے اور ریلوے اسٹیشن جدید ہو رہے ہیں۔ آج ملک بھر میں، جن میں مغربی بنگال بھی شامل ہے، 150 سے زائد وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید اور تیز رفتار ٹرینوں کا ایک مکمل نیٹ ورک تیار کیا جا رہا ہے، جس کا سب سےزیادہ فائدہ بنگال کے غریب اور متوسط طبقے کے کنبوں کو ہوگا۔
دوستو،
آج بنگال کو مزید چار جدید امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں ملی ہیں: نیو جلپائی گوڑی – ناگرکوئل امرت بھارت ایکسپریس، نیو جلپائی گوڑی – تروچیراپلی امرت بھارت ایکسپریس، علی پور دوار – بنگلورو امرت بھارت ایکسپریس اور علی پور دوار – ممبئی امرت بھارت ایکسپریس۔ اس سے بنگال، خاص طور پر شمالی بنگال کا، جنوبی اور مغربی بھارت کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ یہ خاص طور پر ان مسافروں کے لیے مفید ہے جو ملک کے مختلف حصوں سے بنگال اور مشرقی بھارت آتے ہیں—جو گنگا ساگر، دکشنیشور اور کالی گھاٹ کے درشن کے لیے آتے ہیں۔ یہ امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں یہاں سے تمل ناڈو اور مہاراشٹر جانے والے مسافروں کے سفر کو بھی آسان بنائیں گی۔
دوستو،
آج جب ہندوستانی ریلوے جدید بن رہی ہے، تو وہ خود کفیل (آتم نربھر) بھی بن رہی ہے۔ بھارت کے ریل انجن، ریل کوچ اور میٹرو کوچ آج بھارتی ٹیکنالوجی کی شناخت بن چکے ہیں۔ آج ہم امریکہ اور یورپ سے زیادہ لوکوموٹیوز تیار کر رہے ہیں۔ ہم دنیا کے کئی ممالک کو مسافر ٹرینیں اور میٹرو ٹرین کے کوچ برآمد کر رہے ہیں۔ یہ سب ہماری معیشت کو مضبوط بناتا ہے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے۔
دوستو،
بھارت کومربوط کرنا ہماری ترجیح ہے، فاصلے کم کرنا ہمارا مشن ہے، اور آج کے اس پروگرام میں بھی یہ بات واضح طور پر نظر آتی ہے۔ ایک بار پھر ان تمام پروجیکٹوں کے لیے آپ سب کو میری نیک خواہشات۔ بہت بہت شکریہ۔ مجھے قریب ہی ایک بہت بڑے پروگرام میں جانا ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ منتظر ہیں؛ جو باتیں میں یہاں بیان نہیں کر سکا، وہاں تفصیل سے بیان کروں گا اور میڈیا کی توجہ بھی اس خطاب پر زیادہ ہوگی۔ بہت بہت شکریہ۔
*************************
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 713
(रिलीज़ आईडी: 2215662)
आगंतुक पटल : 7