امور داخلہ کی وزارت
                
                
                
                
                
                    
                    
                        مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر جناب امت شاہ نے راشٹریہ ایکتا دیوس-2025 کے موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150 ویں یوم پیدائش کی تقریبات کے سلسلے میں پٹنہ ، بہار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا
                    
                    
                        
سردار پٹیل، جو تحریکِ آزادی کی تنظیمی ریڑھ کی ہڈی تھے، ہمارے ملک کے لیے صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہیں
وزیر اعظم جناب نریندر مودی 31 اکتوبر کو ایکتا نگر میں منعقد ہونے والی شاندار پریڈ کی سلامی لیں گے
اس قومی پریڈ میں سی اے پی ایف، مختلف ریاستی پولیس فورسز اور 900 سے زائد فنکار اپنی مہارت، نظم و ضبط، بہادری اور ثقافتی ورثے کا مظاہرہ کریں گے
‘ایک بھارت ، شریشٹھ بھارت’ کے تصور کو زندہ کرنے والی یہ پریڈ ہر سال 31 اکتوبر کو منعقد کی جائے گی
سردار صاحب اور بھگوان برسا منڈا کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں، ‘بھارت پرو’ یکم نومبر سے 15 نومبر تک ایکتا نگر میں منعقد کیا جائے گا
سردار پٹیل نے 562 ریاستوں کو یکجا کرنے کا عظیم اور تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا، آج ہمارے سامنے جو ہندوستان کا نقشہ ہے، وہ ان کی دوراندیشی اور انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے
سردار پٹیل نے بھوپال،کاٹھیاوار ، ٹراوانکوراور جودھپور جیسے علاقوں کے مسائل حل کیے اور پاکستان کی جانب سے راہداری بنانے کی کوششوں کو ناکام بنایا
سردار پٹیل کے انتقال کے بعد اپوزیشن نے ان کی میراث کو مٹانے کی کوشش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، ان جیسی عظیم شخصیت کو بھارت رتن سے نوازےجانے میں 41 سال لگ گئے
اسٹیچو آف یونٹی کو بھارت کے ایک انجینئرنگ کے شاہکار کے طور پر قائم کیا گیا ہے
وزیر اعظم مودی نے اسٹیچو آف یونٹی کے ارد گرد 14 مختلف سیاحتی مقامات تیار کیے ہیں ، جس سے یہ مقام سیاحوں کے لیے ایک پسندیدہ مقام بن گیا ہے
                    
                
                
                    Posted On:
                30 OCT 2025 3:05PM by PIB Delhi
                
                
                
                
                
                
                مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر جناب امت شاہ نے آج راشٹریہ ایکتا دیوس-2025 کے موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150 ویں یوم پیدائش کے جشن کے سلسلے میں پٹنہ ، بہار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی جناب امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل نے آزادی کے بعد ملک کو متحد کرنے، آج کے بھارت کی تعمیر اور ایک متحد قوم کی تشکیل میں بے مثال کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی ہر سال 31 اکتوبر کو کیوڈیا آتے ہیں، جہاں سردار پٹیل کے عظیم الشان مجسمے کے سامنے شاندار پریڈ منعقد کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردار پٹیل کی 150ویں سال پیدائش کے موقع پر اس سال ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے اور وزارتِ داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال 31 اکتوبر کو ایک شاندار پریڈ منعقد کی جائے گی۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ یہ پریڈ تمام سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور ریاستی پولیس فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ملک کی وحدت و سالمیت کے عزم کو دوبارہ مضبوط کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پریڈ سردار پٹیل کے مجسمے کے سامنے منعقد ہوگی، جو بھارت کی یکجہتی اور سالمیت کی علامت ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس سال رن فار یونٹی کو بہت بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ دوڑ ملک بھر میں تمام ریاستوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، ضلعی تھانوں، اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوڑ کے بعد ہر شہری ملک کی وحدت اور سالمیت کے لیے یکجہتی کا حلف بھی لے گا۔جناب شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل کی 150ویں سالِ پیدائش کے موقع پر بھارت پرو یکم نومبر سے ایکتا نگر میں شروع ہو رہا ہے اور 15 نومبر کو بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کے موقع پر اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 15 نومبر کو بھارت پرو قبائلی ثقافت کے عظیم الشان جشن اور ثقافتی پروگراموں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر ملک بھر کی مختلف قبائل کی ثقافتی تنوع، خوراک، لباس، دستکاری، لوک فن اور موسیقی کا خوبصورت امتزاج پیش کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سردار پٹیل ہمارے ملک کے لیے صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل پوری وابستگی کے ساتھ قوم کے لیے وقف تھے۔ وہ نہ صرف تحریکِ آزادی کے قائدین میں شامل تھے بلکہ مہاتما گاندھی کے ساتھ کام کرتے ہوئے تحریک کی تنظیمی ریڑھ کی ہڈی بھی بنے۔ انہوں نے کہا کہ 1928 کی بردولی ستیہ گرہ کسانوں کے استحصال کے خلاف انگریزوں کے خلاف ایک بڑی تحریک تھی، اور اسی تحریک کے دوران مہاتما گاندھی نے انہیں سردار کا خطاب دیا۔جناب شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد برطانوی حکومت نے ہندوستان کو 562 ریاستوں میں منقسم حالت میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت دنیا بھر میں یہ خیال تھا کہ ان 562 ریاستوں کو ایک ملک میں متحد کرنا ناممکن ہوگا۔ تاہم، سردار پٹیل نے بہت قلیل مدت میں یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا اور تمام 562 ریاستوں کو ایک متحد ہندوستان میں ضم کر دیا۔ آج جو جدید ہندوستان کا نقشہ ہمارے سامنے ہے، وہ سردار پٹیل کی دوراندیشی اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سردار پٹیل نے ایک کے بعد ایک چیلنج حل کیے-جس میں حیدرآباد میں پولیس کی کارروائی اور جوناگڑھ کا انضمام شامل ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ چاہے وہ بھوپال ہو ، کاٹھیاوار ہو ، ٹراوانکور ہو ، یا جودھ پور ہو ، سردار پٹیل نے ہر مسئلے کو پختہ عزم کے ساتھ حل کیا اور یہاں تک کہ ہندوستانی علاقے سے گزر کر راہداری بنانے کی پاکستان کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا ۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل ایسی منفرد شخصیت تھے جنہوں نے پوری زندگی  بغیر کسی تشہیر یا ذاتی عظمت کی خواہش کے قوم کے لیے وقف کر دی ۔ انہوں نے بتایا کہ 15 اگست 1947 کو جب پورا ملک آزادی کا جشن منا رہا تھا اور قومی پرچم لہرایا جا رہا تھا، اس وقت سردار پٹیل نیول افسران کے ساتھ کمانڈ روم میں موجود تھے اور ایک ایسے آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے جس کے نتیجے میں لکشدیپ بھارت کا حصہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی نے بھارت کی جنوبی سرحدوں کو مضبوط کیا، اور سردار پٹیل کی دور اندیشی اور بروقت اقدام کی بدولت لکشدیپ میں ترنگا لہرا دیا گیا۔
مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ سردار پٹیل کے انتقال کے بعد ان کی میراث مٹانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اتنی عظیم شخصیت کو بھارت رتن دینے میں 41 سال کی تاخیر ہوئی، اور یہ تاخیر صرف اس لیے ہوئی کہ اس وقت کی اپوزیشن سردار پٹیل کی قدردان نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردار پٹیل جیسی بلند شخصیت کے لیے ملک میں نہ کوئی یادگار تعمیر کی گئی اور نہ ہی کوئی بڑا مجسمہ نصب کیا گیا۔ یہ صرف اس وقت ممکن ہوا جب جناب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ بنے؛ انہوں نے اسٹیچو آف یونٹی کا تصور پیش کیا اور سردار پٹیل کے اعزاز میں شاندار یادگار تعمیر کی۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیچو آف یونٹی کی بنیاد 31 اکتوبر 2013 کو رکھی گئی، اور 182 میٹر بلند یہ مجسمہ صرف 57 ماہ میں مکمل کیا گیا۔ جناب امیت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل کی زندگی کسانوں کے نام تھی، اسی لیے اس مجسمے کی تعمیر میں استعمال ہونے والا لوہا ملک بھر کے کسانوں کے زرعی آلات سے جمع کیا گیا۔ یہ آلات پگھلا کر تقریباً 25 ہزار ٹن لوہا جمع کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 90 ہزار کیوبک میٹر کنکریٹ اور 1,700 ٹن سے زائد کانسے کااستعمال کر کے یہ بے مثال یادگار تعمیر کی گئی، جو آج سردار پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی عالمی علامت بن چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ روزانہ تقریباً 15 ہزار لوگ اس مقام کا دورہ کرتے ہیں اور اب تک ملک و بیرونِ ملک سے 2.5 کروڑ سے زائد افراد یہاں آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیچو آف یونٹی بھارتی انجینئرنگ کا حقیقی شاہکار بن کر ابھرا ہے۔ مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اس مقام کے ارد گرد 14 اضافی سیاحتی مقامات تیار کیے گئے ہیں، جنہوں نے اسے ایک بڑا سیاحتی مرکز بنا دیا ہے۔ ان میں ویلی آف فلوورز، ایکتا نگر ٹاؤن شپ، لیک سرکٹ، لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو، پٹیل گارڈن، ایکتا کروز، بٹر فلائی گارڈن، جنگل سفاری، ایکتا مال اور گلو ٹورچ ویو پوائنٹ سمیت دیگر دلکش مقامات شامل ہیں۔
جناب امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم شری نریندر مودی 31 اکتوبر کی صبح ایکتا نگر میں ہونے والی شاندار پریڈ کی سلامی لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قومی پریڈ میں مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور کئی ریاستوں کی پولیس فورسز اپنے ہنر، نظم و ضبط اور بہادری کا مظاہرہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کی پریڈ میں سی آر پی ایف کے پانچ شویر چکر ایوارڈ یافتہ اور بی ایس ایف کے سولہ بہادری میڈل یافتہ اہلکار بھی شامل ہوں گے۔ پریڈ کی قیادت خواتین پولیس افسران کریں گی اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی پولیس فورسز اور سی اے پی ایف کے اہلکار اپنی ثقافتی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کریں گے۔ بی ایس ایف کی اونٹ دستہ اور اونٹ بینڈ پریڈ کی شان بڑھائیں گے، جبکہ گجرات کیویلیری کنٹیجنٹ، آسام پولیس کا موٹرسائیکل ڈیئر ڈویل شو اور پنجاب و جموں و کشمیر پولیس بھی پریڈ میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ این ایس جی، این ڈی آر ایف، انڈمان و نکوبار پولیس، پڈوچیری پولیس اور جموں و کشمیر پولیس تقریب کے دوران اپنی جھانکیوں کو پیش کریں گے۔
پریڈ کا سب سے دلکش حصہ بھارتی فضائیہ کی سوریہ کرن ٹیم کا شاندار ایئر شو ہوگا۔ جناب شاہ نے کہا کہ ملک بھر سے 900 سے زائد فنکار بھارت کی عظیم ثقافتی وراثت دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ پریڈ حقیقی معنوں میں بھارت کی یکجہتی کی پریڈہو گی، جو ‘‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’’ کے جذبے کی بہترین مثال ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سردار پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش کے بعد، یہ پریڈ ہر سال 31 اکتوبر کو منعقد کی جائے گی، بالکل اسی طرح جیسے 26 جنوری کو یومِ جمہوریہ کی پریڈ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پریڈ قوم کے نوجوانوں کو تحریک دینے اور انہیں سردار پٹیل کے اصولوں اور ملک کے لیے ان کی عظیم خدمات سے آگاہ کرنے کا ایک مضبوط ذریعہ ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پریڈ کے ذریعے ہم سب کو ایک بار پھر ملک میں اتحاد اور سالمیت کے مضبوط ماحول کے قیام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
*****
ش ح-ش آ-م ع
UR No-487
                
                
                
                
                
                (Release ID: 2184185)
                Visitor Counter : 20
                
                
                
                    
                
                
                    
                
                Read this release in: 
                
                        
                        
                            Malayalam 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            English 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            हिन्दी 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Marathi 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Bengali-TR 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Bengali 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Assamese 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Gujarati 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Odia 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Tamil 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Telugu 
                    
                        ,
                    
                        
                        
                            Kannada