وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا روزگار میلے سے خطاب
آج دیے گئے تقررنامے صرف سرکاری نوکریاں نہیں بلکہ ملک کی تعمیر میں فعال شرکت کے مواقع ہیں: وزیر اعظم
جب نوجوان کامیاب ہوتے ہیں تو ملک کامیاب ہوتا ہے: وزیر اعظم
ہماری حکومت نے صرف روزگار میلوں کے ذریعے 11 لاکھ سے زائد تقررنامے جاری کیے ہیں: وزیر اعظم
دیوالی کے موقع پر ریکارڈ فروخت ظاہر کرتی ہے کہ جی ایس ٹی بچت اتسو نے طلب، پیداوار اور روزگار کو توانائی بخشی ہے: وزیر اعظم
پرتیبھاسیتو پورٹل یہ یقینی بناتا ہے کہ یو پی ایس سی کے باصلاحیت امیدواروں کی صلاحیتیں ضائع نہ ہوں بلکہ قوم کی تعمیر میں کام آئیں: وزیر اعظم
نوجوان کرمیوگی ہی وکست بھارت کی جانب سفر کی قیادت کریں گے: وزیر اعظم
Posted On:
24 OCT 2025 12:27PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال روشنیوں کا تہوار دیوالی، سب کی زندگیوں میں نئی روشنی لے کر آیا ہے۔ تہوار کی خوشیوں کے درمیان مستقل ملازمتوں کے تقررنامے حاصل کرنا دوہری خوشی کا باعث ہے — ایک طرف تہوار کی مسرت اور دوسری طرف روزگار میں کامیابی۔جناب مودی نے بتایا کہ آج یہ خوشی ملک کے 51,000 سے زائد نوجوانوں تک پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے ان کے اہلِ خانہ کو بھی بے حد مسرت حاصل ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نےتقررنامہ حاصل کرنے والے تمام نوجوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ان کی زندگی کے اس نئے آغاز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے نئے تقرر پانے والے نوجوانوں کے جوش، محنت کی صلاحیت اور خوابوں کی تکمیل سے حاصل ہونے والی خوداعتمادی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ جذبہ ملک کی خدمت کے جنون سے جڑ جاتا ہے تو یہ کامیابی صرف ذاتی نہیں رہتی بلکہ قوم کی کامیابی بن جاتی ہے۔انہوں نے اس پرزور دیا کہ آج دیے گئے تقررنامے محض سرکاری نوکریاں نہیں، بلکہ ملک کی تعمیر میں سرگرم حصہ لینے کے مواقع ہیں۔وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ یہ نوجوان دیانت داری اور لگن سے کام کریں گے اور مستقبل کے بھارت کے لیے بہتر نظام قائم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے تقرر پانے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ’ناگرک دیو بھوا‘کے منتر کو ہمیشہ یاد رکھیں اور خدمت و ایثار کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں سے ملک وکست بھارت کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اس سفر میں نوجوان سب سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ نوجوانوں کا بااختیار ہونا حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ روزگار میلے نوجوان بھارتیوں کی امنگوں کو پورا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن گئے ہیں اور اب تک ان میلوں کے ذریعے 11 لاکھ سے زائد تقررنامے جاری کیے جا چکے ہیں۔جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی کوششیں صرف سرکاری ملازمتوں تک محدود نہیں ہیں۔حکومت نے ’پی ایم وکست بھارت روزگار یوجنا‘ شروع کی ہے، جس کا ہدف 3.5 کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔مزید کہ اسکل انڈیا مشن جیسے اقدامات نوجوانوں کو ضروری تربیت دے رہے ہیں، جبکہ نیشنل کیریئر سروس جیسے پلیٹ فارم انہیں نئی مواقع سے جوڑ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 7 کروڑ سے زائد اسامیوں کی معلومات نوجوانوں تک پہنچائی جا چکی ہیں۔
وزیر اعظم نے نوجوانوں کے لیے ایک اہم پہل’پرتیبھا سیتو پورٹل‘ کا اعلان کیا، جو ان امیدواروں کے لیے مواقع فراہم کرتا ہے جو یو پی ایس سی کی حتمی فہرست تک پہنچے مگر منتخب نہیں ہو سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ ان کی محنت ضائع نہیں جائے گی، کیونکہ سرکاری و نجی ادارے اب اس پورٹل کے ذریعے ان باصلاحیت نوجوانوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔جناب مودی نے کہا کہ نوجوانوں کی مہارتوں سے بھرپور استفادے کایہ اقدام بھارتی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔
اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ تہواروں کے موسم کو جی ایس ٹی بچت اتسو سے تقویت ملی ہے، جناب مودی نے ملک بھر میں جی ایس ٹی کی شرح میں کمی میں اہم اصلاحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا اثر صارفین کی بچت سے بالاتر ہے، کیونکہ اگلے سلسلے کی جی ایس ٹی اصلاحات روزگار کے مواقع کو بھی بڑھا رہی ہیں۔ جب روزمرہ کا سامان سستا ہو جاتا ہے تو مانگ میں اضافہ ہوتا ہے ؛ بڑھتی ہوئی مانگ پیداوار اور سپلائی چین کو تیز کرتی ہے اور فیکٹری کی زیادہ پیداوار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے جی ایس ٹی بچت اتسو بھی روزگار کے تہوار میں تبدیل ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے دھنتیرس اور دیوالی کے دوران ریکارڈ توڑ فروخت کی طرف اشارہ کیا ، جس میں نئے ریکارڈ قائم ہوئے اور پرانے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح جی ایس ٹی اصلاحات نے ملک کی معیشت کو نئی رفتار دی ہے ۔ انہوں نے ایم ایس ایم ای شعبے اور خوردہ تجارت پر ان اصلاحات کے مثبت اثرات کا ذکر کیا ، جن سے اب مینوفیکچرنگ ، لاجسٹکس ، پیکیجنگ اور نظام تقسیم میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔
جناب مودی نے کہا کہ ’’ہندوستان اس وقت دنیا کا سب سے نوجوان ملک ہے اور بھارت کے نوجوانوں کی طاقت اس کے سب سے بڑے اثاثوں میں سے ایک ہے‘‘۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ یقین اور اعتماد خارجہ پالیسی سمیت تمام شعبوں میں ملک کی ترقی کی رہنمائی کرتا ہے، جسے اب نوجوان بھارتیوں کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے تشکیل دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بھارت کی سفارتی مصروفیات اور عالمی مفاہمت ناموں میں نوجوانوں کی تربیت، اپ اسکلنگ اور روزگار پیدا کرنے کے التزامات کو تیزی سے شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے وزیر اعظم کے حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک نے مصنوعی ذہانت، فنٹیک اور ماحولیات کے لیے سازگار توانائی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان چند ماہ قبل طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے سے بھی نئے مواقع کھلیں گے۔ اسی طرح، کئی یورپی ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کی شراکت داری سے ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ برازیل، سنگاپور، کوریا اور کینیڈا جیسے ممالک کے ساتھ معاہدوں سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ایز کو تعاون ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کے لیے عالمی منصوبوں پر کام کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج جن کامیابیوں اور وژن پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے ان میں آنے والے وقت میں نومنتخب نوجوانوں کا نمایاں تعاون نظر آئے گا، وزیر اعظم نے ایک وکست بھارت کے ہدف کی طرف مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے نوجوان کرمیوگی اس عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ انہوں نے اس سفر میں ’آئی گاٹ کرم یوگی بھارت پلیٹ فارم‘ کی افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تقریبا 1.5 کروڑ سرکاری ملازمین پہلے ہی اس کے ذریعے سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے نئے مقرر کردہ افراد کو اس پلیٹ فارم میں شامل ہونے کی ترغیب دی، جو ایک نیا ورک کلچر اور اچھی حکمرانی کا جذبہ پیدا کرے گا۔ جناب مودی نے یہ کہتے ہوئے اپنی بات اختتام کیا کہ ان کی کوششوں سے ہی بھارت کا مستقبل تشکیل پائے گا اور اس کے شہریوں کے خواب پورے ہوں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر تقرر پانے والے تمام افراد کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
****
ش ح۔ک ح۔ ع د
U. No. 238
(Release ID: 2182073)
Visitor Counter : 22
Read this release in:
English
,
Marathi
,
हिन्दी
,
Manipuri
,
Bengali
,
Bengali-TR
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam