امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی جناب امت شاہ نے لکھنؤ، ترواننت پورم، تریچی، کوزی کوڈ اور امرتسر ہوائی اڈوں پر فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام (ایف ٹی آئی–ٹی ٹی پی) کا ورچوئل افتتاح کیا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے رفتار، پیمانے اور دائرہ کار کے وژن کو فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام (ایف ٹی آئی–ٹی ٹی پی) میں ضم کر دیا گیا ہے اور مسافروں کی سہولت بڑھانے کی کوششوں کا نیا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے
ایف ٹی آئی–ٹی ٹی پی نہ صرف مسافروں کی سہولت کو بہتر بنائے گا بلکہ قومی سلامتی کو بھی مزید مضبوط کرے گا
ایف ٹی آئی–ٹی ٹی پی کے متعارف ہونے سے مسافر لمبی قطاروں، دستی جانچ اور تاخیر سے بچ سکیں گے اور صرف 30 سیکنڈ میں امیگریشن کلیئرنس حاصل کر سکیں گے
دوہزار چودہ میں مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بین الاقوامی مسافروں کی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے
Posted On:
11 SEP 2025 3:01PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ اور امدادِ باہمی کے وزیر جناب امت شاہ نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لکھنؤ، ترواننت پورم، تریچی، کوزی کوڈ اور امرتسر ہوائی اڈوں پر فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام (ایف ٹی آئی–ٹی ٹی پی) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مرکزی داخلہ سکریٹری اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی جناب امت شاہ نے کہا کہ یہ سہولت نہ صرف مسافروں کی آسانی کو بڑھائے گی بلکہ انہیں ملک میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعارف کرانے کا بھی موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے رفتار، پیمانے اور دائرہ کار کے وژن کے مطابق مسافروں کی سہولت بڑھانے کے اگلے مرحلے کا آغاز آج اس پروگرام کے ذریعے ہو رہا ہے۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی ہمیشہ زور دیتے رہے ہیں کہ تکنیکی آلات کے ساتھ ساتھ ہمیں اعتماد بڑھانے والے اقدامات بھی کرنے چاہئیں اور آج کا یہ پروگرام اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام کے ذریعے آج سے ہوائی اڈوں پر باآسانی امیگریشن کی سہولیات دستیاب ہو جائیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف سہولت فراہم کرنا کافی نہیں بلکہ یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ مسافر اس سے فائدہ اٹھائیں۔ اس مقصد کے لیے پاسپورٹ اور اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ جاری کرتے وقت ہی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔ اگر ایسا ہو جائے تو مسافروں کو دوبارہ فنگر پرنٹس یا دستاویزات کے لیے واپس آنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ اپنے پاسپورٹ کے ذریعے جب چاہیں سفر کر سکیں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس پروگرام کا فائدہ پہنچانے کے لیے تمام تکنیکی امکانات کو تلاش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس سہولت سے بھارتی شہری مستفید ہوں گے لیکن اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ ہولڈرز کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام ایک ایسا اقدام ہے جو سہولت کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام 2024 میں دہلی سے شروع ہوا، اس کے بعد ممبئی، چنئی، کولکاتا، بنگلورو، کوچی اور احمدآباد ہوائی اڈوں پر نافذ کیا گیا، اور آج پانچ مزید ہوائی اڈے اس میں شامل کیے گئے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ یہ سہولت اب ایک ساتھ 13 ہوائی اڈوں پر فعال ہے۔ وزارت داخلہ نے اس پروگرام کو آئندہ نوی ممبئی اور جیور ہوائی اڈوں کے ساتھ مربوط کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے تمام مسافروں نے اس کی تعریف کی ہے۔ مسافروں کو اب لمبی قطاروں اور دستی جانچ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور صرف 30 سیکنڈ میں امیگریشن کلیئرنس مل جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 3 لاکھ مسافروں نے اس پورٹل پر رجسٹریشن کرایا ہے، جن میں سے 2.65 لاکھ نے سفر کے دوران اس کا استعمال کیا ہے، اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ 11 برسوں میں بین الاقوامی مسافروں کی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تعداد 3.54 کروڑ تھی، جو تقریباً 73 فیصد اضافے کے ساتھ 2024 میں 6.12 کروڑ ہو گئی۔ اسی طرح بھارت آنے والے غیر ملکی مسافروں کی تعداد 2014 میں 1.53 کروڑ تھی، جو تقریباً 31 فیصد اضافے کے ساتھ 2024 میں 2 کروڑ تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اعداد و شمار کو ملا کر دیکھا جائے تو 2014 میں کل مسافروں کی تعداد 5.07 کروڑ تھی، جو 2024 میں بڑھ کر 8.12 کروڑ ہو گئی، جو مجموعی طور پر 60 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ جناب شاہ نے زور دے کر کہا کہ ہمارا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ تمام بھارتی شہری اور اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ ہولڈرز اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

ایف ٹی آئی ۔ ٹی ٹی پی ایک آن لائن پورٹل (https://ftittp.mha.gov.in) کے ذریعے نافذ کیا گیا ہے۔ اس میں اندراج کے لیے درخواست دہندگان کو پورٹل پر اپنی تفصیلات بھرنی اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنی ہوتی ہیں۔ رجسٹرڈ درخواست دہندگان کے بایومیٹرکس غیر ملکی رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) یا ہوائی اڈے پر سفر کے دوران لیے جاتے ہیں۔ رجسٹرڈ مسافر کو ہوائی کمپنی کی جانب سے جاری بورڈنگ پاس ای گیٹ پر اسکین کرنا ہوتا ہے اور پھر اپنا پاسپورٹ اسکین کرنا ہوتا ہے۔ ای گیٹ پر نصب سہولت کے ذریعے مسافر کے بایومیٹرکس کی تصدیق کی جاتی ہے۔ تصدیق مکمل ہوتے ہی ای گیٹ خودکار طور پر کھل جاتا ہے اور امیگریشن کلیئرنس مل جاتی ہے۔
***
ش ح۔ا س ک۔ ع ر
U.N-5894
(Release ID: 2165694)
Visitor Counter : 2
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Kannada
,
Malayalam