ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دیوالی اور چھٹھ کے لیے 12,000 سے زائد خصوصی ٹرینیں؛ 13 سے 26 اکتوبر کے درمیان روانگی اور 17 نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان واپسی کے سفر پر واپسی کے ٹکٹوں میں 20 فیصد رعایت: اشونی ویشنو


بہار کو دہلی، امرتسر اور حیدرآباد سے جوڑنے والی چار نئی "امرت بھارت ایکسپریس" ٹرینیں: وزیر ریلوے

"وندے بھارت ایکسپریس" پورنیہ اور پٹنہ کے درمیان چلائی جائے گی؛ "بدھ سرکٹ ٹرین" ویشالی، حاجی پور، سون پور، پٹنہ، راجگیر، گیا اور کوڈرما کو آپس میں جوڑے گی: اشونی ویشنو

بہار کے لیے ریل کا بڑا توسیعی منصوبہ: بکسر-لکھی سرائے فور-لین کوریڈور، پٹنہ رنگ ریلوے، سلطان گنج-دیوگھر ریل رابطہ، اور پٹنہ سے ایودھیا تک ٹرین چلائی جائے گی

Posted On: 21 AUG 2025 2:09PM by PIB Delhi

دیوالی اور چھٹھ تہواروں کے دوران مسافروں کی سہولت کے لیے بھارتیہ(انڈین) ریلوے نے 12,000 سے زیادہ خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے ریل بھون میں پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے نائب وزیرِ اعلیٰ سمراٹ چودھری، رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال، مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، اور رکنِ پارلیمنٹ سنجے کمار جھا سے بات چیت کے بعد دیوالی اور چھٹھ جیسے اہم تہواروں کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کو ان کے واپسی کے سفر کے دوران بھی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔

سینئر عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ دیوالی اور چھٹھ کے لیے 12,000 سے زائد خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ واپسی کے سفر میں بھی مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 13 سے 26 اکتوبر کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے، اور 17 نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان واپسی کے سفر پر، واپسی کے ٹکٹوں پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔ یہ سہولت تہوار کے موسم میں فراہم کی جائے گی، جس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔

اس کے علاوہ گیا سے دہلی، سہارسہ سے امرتسر، چھپرا سے دہلی، اور مظفر پور سے حیدرآباد کے لیے چار نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ وزیر موصوف نے اعلان کیا کہ بھگوان بدھ سے متعلق اہم مقامات کو شامل کرتے ہوئے، خاص طور پر متوسط طبقے کے خاندانوں کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک نئی سرکٹ ٹرین بھی شروع کی جائے گی، جو ویشالی، حاجی پور، سون پور، پٹنہ، راجگیر، گیا اور کوڈرما کا احاطہ کرے گی۔

بکسر-لکھی سرائے ریلوے سیکشن کو چار لائن والے کوریڈور میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے مزید ٹرین آپریشن ممکن ہو سکیں گے۔ پٹنہ کے ارد گرد رِنگ ریلوے نظام تیار کیا جائے گا۔ سلطان گنج اور دیوگھر کو بھی ریل کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ پٹنہ اور ایودھیا کے درمیان ایک نئی ٹرین سروس بھی شروع کی جائے گی۔

جناب اشونی ویشنو نے مزید کہا کہ لاکاہا بازار میں دھلائی کے گڑھے (واشنگ پٹ) کی سہولت قائم کی جائے گی، اور بہار میں کئی نئے منظور شدہ روڈ اوور برجز پر بھی کام کیا جائے گا۔

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ، رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال، اور رکنِ پارلیمنٹ سنجے کمار جھا نے بہار کے لیے مزید منصوبوں کی منظوری دینے، اور امرت بھارت اور وندے بھارت سمیت کئی نئی ٹرینوں کے آغاز پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –اس ک۔ ع ر)

U. No.5071

 


(Release ID: 2159165)