وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم   جناب نریندرمودی کا یوم آزادی کےموقع پر خطاب: اصلاحات، خود انحصاری اور ہر بھارتی کو بااختیار بنانے کا وژن

Posted On: 15 AUG 2025 10:23AM by PIB Delhi

وزیر اعظم  جناب نریندر مودی نے79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے خود انحصاری اور تبدیلی کے سفر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں بھارت نے اصلاحات، کارکردگی اور تبدیلی کے راستے پر کام کیا ہے، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ مزید طاقت کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ایک جدید، مؤثر اور عوام دوست نظام بنانے کے لیے پرعزم ہے، جہاں قوانین، ضوابط اور عمل کو آسان بنایا جائے، کاروباری مواقع کو فروغ دیا جائے، اور ہر بھارتی "وِکست بھارت" (ترقی یافتہ بھارت) کی تعمیر میں تعاون دے سکے۔

قوانین اور تعمیل کو آسان بنانا

اپنے خطاب کے آغاز میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پچھلے برسوں میں حکومت نے تاریخی سطح پر اصلاحات کی لہر چلائی، جس کے تحت 40,000 سے زائد غیر ضروری تعمیلات کو ختم کیا گیا اور 1,500 سے زیادہ پرانے قوانین کو منسوخ کیا گیا۔ ہمیشہ شہریوں کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئےدرجنوں دیگر قوانین کو پارلیمنٹ میں آسان بنایا گیا۔

حالیہ اجلاس میں ہی 280 سے زیادہ دفعات کو ہٹا دیا گیا، جس سے طرزِ حکمرانی ہر بھارتی کے لیے زیادہ سادہ اور قابلِ رسائی ہو گئی۔ وزیر اعظم مودی نے زور دیا کہ اصلاحات صرف معیشت تک محدود نہیں ہوتیں، بلکہ یہ شہریوں کی روزمرہ زندگی میں تبدیلی لانے کا نام ہے۔

اہم کامیابیاں

وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں چند بڑی کامیابیوں کو نمایاں کیا:

* انکم ٹیکس اصلاحات اور بغیر آمنے سامنے ملاقات کے آڈٹ(فیس لیس اسسمنٹ) کا نظام، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوا۔

* سالانہ 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر صفر ٹیکس، جو چند سال پہلے تک ناقابلِ تصور تھا۔

* پرانے فوجداری قوانین کی جگہ انڈین جسٹس کوڈ  کا نفاذ، جس سے انصاف اور قانونی طریقہ کار کو سادہ بنایا گیا۔

یہ اصلاحات ایک جدید، عوام پر مرکوز حکومت کی علامت ہیں جہاں عام لوگ آسانی، انصاف اور بااختیار ہونے کا تجربہ کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے زور دیا کہ بھارت ساختی، ضابطہ جاتی، پالیسی، عملی اور طریقہ کار کی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ایک ایسا ملک بنایا جا سکے جہاں حکومت عوام کے لیے کام کرے، نہ کہ عوام حکومت کے لیے۔

کاروباریوں  اور ایم ایس ایم ایز  کو بااختیار بنانا

حکومت کی اصلاحات کا مقصد اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ایز اور کاروباریوں کے لیے تعمیل کی لاگت کم کرنا ہے، اور پرانے قانونی خدشات سے آزادی فراہم کرنا ہے۔ اس سے کاروباری ترقی کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا ہو گا، اختراع کی حوصلہ افزائی ہو گی اور معاشی خود انحصاری کو فروغ ملے گا۔

اگلی نسل کی اصلاحات اور ٹاسک فورس

وزیر اعظم  جناب مودی نے "اگلی نسل کی اصلاحات" کے لیے ایک ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا، جو تمام موجودہ قوانین، قواعد اور اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔ یہ ٹاسک فورس مقررہ وقت میں درج ذیل کام کرے گی:

* اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ایز اور کاروباریوں کے لیے تعمیل کی لاگت کم کرنا۔

* بلاجواز قانونی کارروائی کے خوف سے آزادی دینا۔

* کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے قوانین کو سادہ اور مربوط بنانا۔

یہ اصلاحات اختراع، کاروباری ترقی اور معاشی نمو کے لیے ایک معاون ماحول پیدا کرنے کی طرف اہم قدم ہیں۔

اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات

وزیر اعظم مودی نے اس دیوالی تک "اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات" متعارف کرانے کا اعلان کیا، جس کا مقصد روزمرہ استعمال کی اشیا پر ٹیکس کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’حکومت اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات لے کر آئے گی، جو عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ کم کریں گی۔ یہ آپ کے لیے دیوالی کا تحفہ ہو گا۔"

یہ اصلاحات براہِ راست عوام کو فائدہ پہنچائیں گی اور معاشی سرگرمی کو فروغ دیں گی۔

مستقبل کا وژن

وزیر اعظم  جناب مودی نے دہرایا کہ دوسروں کی کمزوریوں پر توجہ دینے کے بجائے بھارت کو اپنی ترقی کی لکیر کو بڑھانا چاہیے۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں معاشی خود غرضی بڑھ رہی ہے، توجہ بھارت کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے، مواقع کو وسعت دینے اور شہریوں کو بااختیار بنانے پر ہونی چاہیے۔ یہ اصلاحات طرزِ حکمرانی میں تیز رفتار تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہیں، جو بھارت کو زیادہ مضبوط، جامع اور عالمی سطح پر مسابقتی بنائیں گی۔

ش ح۔ ش ت ۔ ج

Uno- 4749


(Release ID: 2156718)