وزیراعظم کا دفتر
تمل ناڈو کے توتوکُڈی میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پروزیر اعظم کے خطاب کامتن
Posted On:
26 JUL 2025 11:03PM by PIB Delhi
وَنَّکم!
تمل ناڈو کے گورنر آر این روی جی، کابینہ میں میرے ساتھی کِنْجَرَپُو رام موہن نائیڈو جی، ڈاکٹر ایل مرگن جی، تمل ناڈو کے وزیر تَنگم ٹینَّرسُو جی، ڈاکٹر ٹی آر بی راجہ جی، پی گیتا جیون جی، انیتا آر رادھا کرشنن جی، رکن پارلیمنٹ کنموتھی جی، تمل ناڈو بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر اور ہمارے ایم ایل اے نینار ناگیندرن جی اور تمل ناڈو کے میرے بھائیو اور بہنو!
آج کارگل وجے دیوس ہے۔ میں سب سے پہلے کارگل کے بہادروں کو سلام کرتا ہوں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
ساتھیو!
میری خوش قسمتی ہے کہ بیرون ملک چار روزہ قیام کے بعد مجھے سیدھے بھگوان رامیشور کی اس پوتر سرزمین پر آنے کا موقع ملا۔ بیرون ملک قیام کے دوران بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی آزادانہ تجارتی معاہدہ ہوا ہے۔ یہ بھارت پر دُنیا کے بڑھتے ہوئے بھروسے اور بھارت کی نئی خود اعتمادی کا کی علامت ہے۔ اسی خود اعتمادی سے ہم وِکَسِت بھارت بنائیں گے، وِکَسِت تمل ناڈو بنائیں گے۔ آج بھی یہاں بھگوان رامیشور اور بھگوان ترچیندور مرگن کے آشیرواد سے تُوتوکُوڈی میں ترقی کا نیا باب لکھا جا رہا ہے۔سال 2014 میں تمل ناڈو کو ترقی کے عروج پر لے کر جانے کا جو مشن شروع ہوا تھا، تُوتو کُوڈی لگاتار اس کا ساکشی بن رہا ہے۔
ساتھیو!
پچھلے سال فروری میں میں نے یہاں ’وی او چدمبرنار پورٹ‘ کے لیے ’آؤٹر ہاربر کنٹینر ٹرمنل‘ کا سنگ بنیاد رکھاتھا۔ اس وقت سیکڑوں کروڑ روپے کے پروجیکٹس کا افتتاح بھی ہوا تھا۔ ستمبر میں میں نے نئےتوتو کوڈی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمنل کا افتتاح کیا تھا۔ آج ایک بار پھر، یہاں چار ہزار آٹھ سو کروڑ روپے کے پروجیکٹس کا افتتاح کیا گیا اور سنگ بنیاد رکھاگیا ہے۔ ان میں ایئرپورٹ، شاہراہیں، بندرگاہیں اور ریلویز کے پروجیکٹس ہیں اور پاور سیکٹر سے جڑے اہم اقدامات بھی ہیں۔ میں آپ سب کو، تمل ناڈو کے عوام کو اس کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔
ساتھیو!
بنیادی ڈھانچہ اور توانائی یہ کسی بھی ریاست کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ ان گیارہ سال میں انفرا اور انرجی پر ہمارا فوکس یہ بتاتا ہے کہ تمل ناڈو کی ترقی ہماری کتنی بڑی ترجیح ہے۔ آج کے تمام پروجیکٹس بھی توتوکوڈی اور تمل ناڈو کو کنیکٹیویٹی، ماحولیات کے موافق توانائی اور نئے مواقع کا ہب بنائیں گے۔
ساتھیو!
تمل ناڈو اور توتو کوڈی کی سرزمین نے، یہاں کے لوگوں نے صدیوں سے خوشحال اور مضبوط بھارت کے لیے اپنا تعاون دیا ہے۔ اسی سرزمین پر وی او چدمبرم پلّئی جیسے بابصیرت لوگ پیدا ہوئے۔ انہوں نے غلامی کے دور میں بھی سمندر کے ذریعے تجارت کی طاقت کو سمجھا، انہوں نے سمندر میں سَوَدیشی جہاز چلا کر انگریزوں کو چیلنج دیا۔ اسی سرزمین پر، ویر-پانڈیا کٹّا-بومّن اور الَگُو-متھُو کون جیسی عظیم شخصیتوں نے آزاد اور مضبوط بھارت کا خواب دیکھا تھا۔ سُبرمَنیم بھارتی جیسے قومی شاعر کا جنم بھی یہیں پاس میں ہوا تھا۔ آپ سب جانتے ہیں، سُبرمَنیم بھارتی جی کا جتنا مضبوط رشتہ توتوکُوڈی سے تھا، اتنا ہی مضبوط رشتہ میرے پارلیمانی حلقے میری کاشی سے بھی ہے۔ ہم کاشی-تمل سنگمم جیسے ایوینٹ کے ذریعے اپنے تاریخی ورثےکو لگاتار مضبوط کر رہے ہیں۔
ساتھیو!
مجھے یاد ہے، پچھلے سال ہی میں نے توتو کُوڈی کے مشہور موتی، بل گیٹس کو تحفے میں دیے تھے۔ وہ موتی انہیں بہت پسند آئے تھے۔ یہاں کے پانڈیا پرلز، کبھی پوری دُنیا میں بھارت کی اقتصادی طاقت کی علامت ہوا کرتے تھے۔
ساتھیو!
آج ہم یہاں اپنی کوششوں سے وکست تمل ناڈو اور وکست بھارت کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ برطانیہ اور بھارت کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدہ ہوا ہے۔ ایف ٹی اے بھی اسی ویژن کورفتار دیتا ہے۔ آج بھارت کی ترقی میں، دُنیا اپنی ترقی دیکھ رہی ہے۔ یہ معاہدہ بھی، بھارت کی معیشت کو نئی مضبوطی دے گا۔ اس سے، دُنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے کی ہماری رفتار اور تیز ہوگی۔
ساتھیو!
اس ایف ٹی اے معاہدہ کے بعد برطانیہ میں فروخت ہونی والی 99 فیصد بھارتی مصنوعات پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔ برطانیہ میں بھارتی چیزیں سستی ہوں گی تو وہاں مانگ بڑھے گی اور یہاں بھارت میں ان چیزوں مینوفیکچرنگ کے لیے زیادہ مواقع ہوں گے۔
ساتھیو!
بھارت-برطانیہ ایف ٹی اے سے، تمل ناڈو کے نوجوانوں کو، ہمارے چھوٹے صنعتکاروں، ایم ایس ایم ای کو، اسٹارٹ اپس کو، سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ اس سے صنعت ہو، ہمارے ماہی گیر بھائی-بہنیں ہوں یا پھر تحقیق و اختراع، سب کے لیے یہی فائدہ ہے۔
ساتھیو!
آج بھارت سرکار کا میک ان انڈیا اور مشن مینوفیکچرنگ پر بہت زور ہے۔ آپ سب نے ابھی آپریشن سندور کے دوران میک ان انڈیا کی طاقت دیکھی ہے۔ دہشت گردی کے ٹھکانوں کو خاک میں ملانے میں میڈ ان انڈیا ہتھیاروں کی بڑا کردار رہا ہے۔ بھارت میں بنے ہتھیار آج بھی دہشت گردی کے آقاؤں کی نیند اڑائے ہوئے ہیں۔
ساتھیو!
تمل ناڈو کی صلاحیتوں کا پورا استعمال کرنے کے لیے بھارت سرکار تمل ناڈو کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تمل ناڈو میں ہم پورٹ انفراسٹرکچر کو ہائی ٹیک بنا رہے ہیں۔ ساتھ ہی، ہوائی اڈوں، شاہراہوں اور ریلویز کو بھی آپس میں ضم کر رہے ہیں۔ آج توتو کوڈی ایئرپورٹ کے نئے ایڈوانسڈ ٹرمنل کا افتتاح اسی سمت میں ایک اور بڑا قدم ہے۔ 450 کروڑ روپے کی لاگت سے بنا یہ ٹرمنل اب ہر سال 20 لاکھ سے زیادہ مسافروں کی میزبانی کرے گا۔ پہلے یہ سالانہ کیپیسٹی صرف 3 لاکھ مسافرتھی۔
ساتھیو!
نئے ٹرمنل کے بعد ملک کے کئی اور روٹس تک توتو کوڈی کی کنیکٹیویٹی بڑھے گی۔ تمل ناڈو میں کارپوریٹ سیاحت، تعلیمی مراکز، صحت بنیادی ڈھانچہ کو اس سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ ساتھ ہی، اس علاقے کی سیاحتی صلاحیت کو بھی نئی توانائی ملے گی۔
ساتھیو!
آج ہم نے تمل ناڈو کے دو بڑے سڑک پروجیکٹس کو بھی عوام کو وقف کیا ہے۔ تقریباً 2500 کروڑ روپے کی لاگت سے بنی یہ سڑکیں، دو بڑے ترقیاتی علاقوں کو چنئی سے جوڑنے جا رہی ہیں۔ ان سڑکوں کی وجہ سے ڈیلٹا ضلعوں سے چنئی کی کنیکٹیویٹی اور بہتر ہوئی ہے۔
ساتھیو!
ان پروجیکٹس کی مدد سے توتو کوڈی بندرگاہ کی کنیکٹیویٹی بھی بہت بہتر ہوئی ہے۔ یہ سڑکیں، اس پورے علاقے کے لیے گذر بسر میں آسانی کو بھی بڑھائیں گی، ساتھ ہی، تجارت اور روزگار کے نئے راستے بھی کھولیں گی۔
ساتھیو!
ہماری سرکار ملک کی ریلویز کو صنعتی ترقی اور آتم نربھر بھارت کی لائف لائن مانتی ہے۔ اس لیے، گذشتہ گیارہ برسوں میں ملک کے ریلوے کے بنیادی ڈھانچےنے جدیدکاری کا نیا دور دیکھا ہے۔ تمل ناڈو ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی جدیدکاری مہم کا ایک اہم مرکز ہے۔ ہماری سرکار امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت تمل ناڈو کے 77 اسٹیشنز کو از سرنو تیار کر رہی ہے۔ جدید وندے بھارت ٹرینوں کے ذریعے تمل ناڈو کے لوگوں کو نیا تجربہ مل رہا ہے۔ دیش کا پہلا اور انوکھا ورٹیکل لفٹ ریل برج، پمبن برج بھی تمل ناڈو میں بنا ہے۔ پمبن برج سے کاروبار کرنے میں آسانی اور سفر میں آسانی، دونوں بڑھی ہیں۔
ساتھیو!
آج ملک میں میگا اور ماڈرن انفراسٹرکچر تیار کرنے کی بڑی مہم چل رہی ہے۔ کچھ دنوں پہلے شروع ہوا جموں-کشمیر کا چناب پُل، انجینئرنگ کی شاندار مثال ہے۔ اس پُل نے پہلی بار ریلوے کے ذریعے جموں کو سری نگر سے جوڑ دیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کا سب سے لمبا سی-برج اٹل سیتو بنا ہے، آسام میں بوگیبیل برج بنا ہے، 6 کلومیٹر سے زیادہ لمبی سونمرگ ٹنل بنی ہے، ایسے کتنے ہی پروجیکٹس بھارت سرکار نے، این ڈی اے سرکار نے پورے کیے ہیں۔ ان سب سے ہزاروں کی تعداد میں روزگار پیدا ہوا ہے۔
ساتھیو!
آج بھی، ہم نے تمل ناڈو میں جن ریلوے پروجیکٹس کو وقف کیا ہے، ان سے جنوبی تمل ناڈو کے لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ مدورئی سے بوڈی-نایکنور اس لائن کی بجلی کاری ہونے کے بعد اب یہاں وندے بھارت جیسی ٹرینیں چلانے کا راستہ کھل گیا ہے۔ یہ ریلوے پروجیکٹس، تمل ناڈو کی رفتاراور اس کی ترقی کے پیمانے ، دونوں کو ایک نئی طاقت دینے جا رہے ہیں۔
ساتھیو!
آج یہاں 2000 میگاواٹ کے کُوڈَنکُولَم نیوکلیئر پاور پروجیکٹ سے جڑے ٹرانسمیشن پروجیکٹ کی بنیاد بھی رکھی گئی ہے۔ تقریباً 550 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا یہ سسٹم، آنے والے سالوں میں ملک کو ماحولیات کے لیے سازگار توانائی دینے میں بڑا کردار ادا کرنے والا ہے۔ یہ انرجی پروجیکٹ بھارت کے توانائی کے عالمی اہداف اور ماحولیات کے تئیں وعدوں کو پورا کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ جب بجلی کی پیداوار بڑھے گی، تو تمل ناڈو کی صنعت کو، گھریلو صارفین کو بھی اس سے بڑا فائدہ ہوگا۔
ساتھیو!
مجھے خوشی ہے کہ تمل ناڈو میں پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم بھی تیز رفتار سے چل رہی ہے۔ اب تک سرکار کو تقریباً ایک لاکھ درخواستیں مل چکی ہیں اور 40000 سولر روفٹاپ انسٹالیشنز پورے ہو چکے ہیں۔ یہ یوجنا نہ صرف مفت اور ماحولیات کے موافق بجلی دے رہی ہے بلکہ ہزاروں کی تعداد میں گرین جابز بھی پیدا کر رہی ہے۔
ساتھیو!
تمل ناڈو کی ترقی، وکست تَمِل ناڈُو کا خواب یہ ہمارا بنیادی عہد ہے۔ ہم نے تمل ناڈو کی ترقی سے متعلق پالیسیوں کو مسلسل ترجیح دی ہے۔ پچھلے ایک دہائی کے دوران مرکزی حکومت نے ڈیوولوشن کے ذریعے تمل ناڈو کو تین لاکھ کروڑ روپے بھیجے ہیں۔ یہ رقم پچھلی یو پی اے سرکار کی طرف سے بھیجی گئی رقم کے مقابلے تین گنا سے زیادہ ہے۔ ان گیارہ برسوں میں تمل ناڈو کو گیارہ نئے میڈیکل کالج ملے ہیں۔ پہلی بار ساحلی علاقوں میں ماہی پروری کے شعبے سے منسلک برادریوں کی کسی سرکار نے اتنی فکر کی ہے۔ بلیو ریویولوشن کے ذریعے ہم ساحلی معیشت کو وسعت دے رہے ہیں۔
ساتھیو!
آج توتو کوڈی کی یہ سرزمین، ترقی کے نئے باب کی گواہ بن رہی ہے۔ کنیکٹیویٹی، بجلی کی منتقلی، بنیادی ڈھانچے کے یہ سارے پروجیکٹس وکست تمل ناڈو-وکست بھارت کی مضبوط بنیاد بنانے والے ہیں۔ میں ایک بار پھر، تمل ناڈو کے اپنے سبھی فیملی ممبرس کو ان سارے پروجیکٹس کے لیے بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ بہت بہت شکریہ! میری ایک اور گذارش ہے، آج میں دیکھ رہا ہوں کہ آپ لوگوں کا جوش بہت زیادہ ہی ہے، ایک کام کیجے اپنا موبائل فون نکالیے اور موبائل فون کی فلیش لائٹ سے اس نئے ایئرپورٹ کی شان بڑھائیے۔
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بہت بہت شکریہ!
وَنَّکم!
اعلان برأت:یہ وزیراعظم کی تقریر کا تخمینی ترجمہ ہے۔ اصل تقریر ہندی میں کی گئی تھی۔
********
(ش ح۔ک ح۔ع ن)
U No. 3411
(Release ID: 2149179)
Read this release in:
Odia
,
English
,
Hindi
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam