شہری ہوابازی کی وزارت
مرکزی وزیر جناب رام موہن نائیڈو نے حفاظت، مسافروں کی سہولت اور ایئر لائن کی کارکردگی کے بارے میں ایم او سی اے کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی
ایئر انڈیا کے سی ایم ڈی کی وزیر سے ملاقات؛ ان کے درمیان ہونے والی بات چیت آپریشنل تسلسل کو برقرار رکھنے، شفاف مواصلات کی حمایت اور مسافروں کی حفاظت اور سہولت پر مرکوز تھی
اسپائس جیٹ، انڈیگو اور آکاسا کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیر موصوف نے جہازی بیڑے کی کارکردگی، حفاظتی نگرانی اور مسافروں کی سہولت کا جائزہ لیا
ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے پر اے اے آئی بی کی تحقیقات مقامی حکام اور ایجنسیوں کے تمام ضروری تعاون کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہی ہے
Posted On:
19 JUN 2025 5:25PM by PIB Delhi
احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا کی پرواز سے متعلق حالیہ افسوسناک واقعہ پر غور کرتے ہوئے، شہری ہوا بازی کی وزارت نے حفاظت، مسافروں کی سہولت اور ایئر لائن کی کارکردگی کا ایک جامع جائزہ لیا ہے۔
ہوائی اڈے کے ڈائریکٹروں کے ساتھ وزیر موصوف کی بات چیت
شہری ہوابازی کے وزیر جناب رام موہن نائیڈو کنجراپو نے حادثے کے بعد کی جانچ، موسم کی تبدیلیوں، کشیدگی کی وجہ سے بعض فضائی حدود کی بندش وغیرہ جیسے متعدد وجوہات کی وجہ سے ہو رہی پروازوں کے ری شیڈولنگ کی روشنی میں زمینی سطح کی تیاریوں اور مسافروں کی مدد کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں کے ڈائریکٹروں کے ساتھ ایک تفصیلی ویڈیو کانفرنس بلائی۔ مندرجہ ذیل اہم ہدایات جاری کی گئیں:
- مسافروں کے مسائل کو فوری طور پر اور بروقت حل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ایئر لائنوں کے ساتھ قریبی رابطے پر زور دیا گیا۔
- ٹرمینل پر کھانے، پینے کے پانی اور بیٹھنے کی مناسب سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہیے، خاص طور پر پرواز میں تاخیر یا بھیڑ کے دوران۔
- مسافروں کی شکایات کا فعال طور پر انتظام کرنے کے لیے اہم مقامات پر کافی اہلکاروں کو تعینات کیا جانا چاہیے۔
- ہوائی اڈے کے ڈائریکٹروں سے درخواست کی گئی کہ وہ آپریشنل رکاوٹوں کا سامنا کرنے والی ایئر لائنوں کو گیٹ ری اسائنمنٹ اور لاسجسٹک سپورٹ سمیت ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
- ہوائی اڈے کے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے، ہوائی اڈے کے ڈائریکٹروں کو پرندوں اور آوارہ جانوروں کی روک تھام سمیت جنگلی حیات کے خطرات کے انتظام کو مزید تقویت دینے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر موصوف نے حفاظت اور ایئر لائن آپریشنوں کا جائزہ لیا
شہری ہوا بازی کے وزیر نے ایئر انڈیا کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ بات چیت تین اہم پہلوؤں پر مرکوز تھی:
- آپریشنل تسلسل کو برقرار رکھنا
- عوام کے ساتھ شفاف اور جوابدہ مواصلات کی حمایت کرنا
- مسافروں کی حفاظت اور سہولت
18 اور 19 جون کو اسپائس جیٹ، انڈیگو اور آکاسا کی سینیئر انتظامیہ کے ساتھ میٹنگیں بھی کی گئیں۔ وزیر موصوف نے بیڑے کی کارکردگی، حفاظتی نگرانی، مسافروں کے تجربے اور سہولت اور ایئر لائن کی مواصلاتی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آپریشنل معاملات پر ایئر لائنوں کے ساتھ وقتاً فوقتاً جائزہ لینے کی مشق کو بہتر مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن کے لیے ادارہ جاتی شکل دی جائے گی۔
اے اے آئی بی کی تحقیقات پر اپ ڈیٹ
- ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) نے احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہے۔
- اے اے آئی بی کی ایک ملٹی ڈسپلنری ٹیم نے 12 جون 2025 سے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ تحقیقات کا حکم ڈی جی، اے اے آئی بی نے دیا ہے۔ این ٹی ایس بی اور او ای ایم ٹیمیں آئی سی اے او پروٹوکول کے مطابق اے اے آئی بی کی مدد کے لیے پہنچ گئی ہیں۔
- ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (ڈی ایف ڈی آر) اور کاک پٹ وائس ریکارڈر (سی وی آر) کا ایک مشترکہ یونٹ 13 جون 2025 کو جائے حادثہ سے برآمد ہوا تھا اور دوسرا سیٹ 16 جون کو ملا تھا۔ ہوائی جہاز کے اس ماڈل میں دو بلیک باکس سیٹ ہوتے ہیں۔
- اے اے آئی بی کی تفتیش مقامی حکام اور ایجنسیوں کے تمام ضروری تعاون کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ کلیدی بازیابی کا کام، بشمول سائٹ کی دستاویزات اور شواہد جمع کرنا، مکمل ہو چکا ہے اور مزید تجزیہ جاری ہے۔
- وزارت جاری تحقیقات سے متعلق مکمل شفافیت کے لیے پرعزم ہے اور مسافروں کی حفاظت اور سہولت کے اعلیٰ ترین معیارات کے وسیع تر مفاد میں تمام لازمی پروٹوکول اور اصولوں پر عمل کرے گی۔
- وزیر موصوف نے مسافروں کے اعتماد کو برقرار رکھنے اور آپریشنل استحکام لانے کے لیے ایک مربوط اور ذمے دار ٹیم کے طور پر مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا جو گزشتہ برسوں میں ہندوستانی ہوابازی کا سنگ بنیاد رہا ہے۔
- بعض ذرائع ابلاغ میں یہ اطلاع دی گئی ہے کہ بد قسمت AI171 پرواز سے بازیافت ہونے والے سی وی آر/ ڈی ایف ڈی آر کو تجزیے کے لیے بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے۔ فلائٹ ریکارڈر کو ڈی کوڈ کرنے کی جگہ کے بارے میں فیصلہ اے اے آئی بی تمام تکنیکی اور حفاظتی اقدامات کے جائزے کے بعد کرے گا۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے تمام اسٹیک ہولڈروں سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ ایسے حساس معاملات پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور تفتیشی عمل کو سنجیدگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دیں۔
حکومت شہری ہوا بازی کے تمام پہلوؤں میں حفاظت کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مسافروں کی حفاظت اور آرام شہری ہوا بازی کی وزارت کی اولین ترجیح ہے۔
******
ش ح۔ ف ش ع
U: 1920
(Release ID: 2137823)