وزیراعظم کا دفتر

ہند-پولینڈ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے نفاذ کے لیے ایکشن پلان (2028-2024)

Posted On: 22 AUG 2024 8:22PM by PIB Delhi

وارسا میں 22 اگست 2024 کو ہونے والی بات چیت کے دوران ہندوستان اور پولینڈ کے وزرائے اعظم کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے کی بنیاد پر اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام سے دوطرفہ تعاون کی رفتار کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریقوں نے ایک پانچ سالہ ایکشن پلان تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیا۔  یہ ایکشن پلان 2024 سے 2028 کے درمیان  درج ذیل شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی ترجیحات کے طور پر رہنمائی کرے گا:

سیاسی مکالمہ اور سیکورٹی تعاون

دونوں فریق وزرائے خارجہ کے درمیان باقاعدہ روابط برقرار رکھیں گے اور وہ ان بات چیت کے لیے دو طرفہ اور کثیر جہتی دونوں فورموں کا استعمال کریں گے۔

دونوں فریق اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے مطابق کثیر الجہتی تعاون میں حصہ ڈالنے کے لیے معاملہ در معاملہ کی بنیاد پر ایک دوسرے کی خواہشات کی حمایت پر غور کریں گے۔

دونوں فریق خارجہ تعلقات کے انچارج نائب وزیر کی سطح پر سالانہ سیاسی مذاکرات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

دونوں فریقین ان متعلقہ اداروں کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ  جو دفاعی صنعتوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے، فوجی سازوسامان کو جدید بنانے اور بقایا مسائل کو حل کرنے کے لیے سلامتی اور دفاعی تعاون پر باقاعدہ مشاورت کریں۔

دونوں فریقوں نے فیصلہ کیا کہ دفاعی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اگلا دور 2024 میں ہوگا۔

 

تجارت اور سرمایہ کاری

ہائی ٹیک، زراعت، زرعی ٹیکنالوجی، فوڈ ٹیک، توانائی، آب و ہوا، گرین ٹیکنالوجیز، انفراسٹرکچر، اسمارٹ سٹیز، دفاع، صحت کی دیکھ بھال، فارماسیوٹیکل اور کان کنی میں مواقع کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریق اگلے مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن  (جے سی ای سی)کے دوران ان شعبوں میں مزید تعاون تلاش کریں گے۔مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن  کا اجلاس 2024 کے آخر میں طے ہے۔

دونوں فریق ہر پانچ سال میں کم از کم دو بار جے سی ای سی کے اجلاس منعقد کرنے کی کوشش کریں گے، اگر ضرورت پڑی تو زیادہ مرتبہ کی  ملاقاتوں کے انعقاد کے امکان پر غور کریں گے۔

دونوں فریق متوازن دوطرفہ تجارت کے حصول اور ہموار تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کریں گے۔

دونوں فریق سپلائی چین کی لچک کو بڑھانے اور تجارتی انحصار سے وابستہ خطرات کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اقتصادی سلامتی میں تعاون کو بڑھائیں گے۔

 

آب و ہوا، توانائی، کان کنی، سائنس اور ٹیکنالوجی

دونوں فریق سرکلر اکانومی اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ کے لیے پائیدار اور ماحول دوست تکنیکی حل میں اپنے تعاون کو وسعت دیں گے۔

توانائی کے تحفظ کے لیے گھریلو سپلائیز پر ان کے تاریخی انحصار کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریق ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے صاف توانائی کے طریقوں کو آگے بڑھانے اور کلین کول ٹیکنالوجیز میں تعاون کی تلاش پر مل کر کام کریں گے۔

اختراعات  کے اہم کردار اور اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریق اعلی درجے کی کان کنی کے نظام، ہائی ٹیک مشینری، حفاظتی معیارات کے پیش نظر، اور کان کنی سے متعلقہ صنعتوں میں تبادلے اور تعاون میں اضافہ کریں گے۔

دونوں فریقوں نے خلائی اور تجارتی خلائی ماحولیاتی نظام کے محفوظ، پائیدار اور محفوظ استعمال کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے معاہدے پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے انسانی اور روبوٹک ریسرچ کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

پولینڈ نے بین الاقوامی توانائی ایجنسی میں شامل ہونے کے ہندوستان کے عزائم کو تسلیم کیا ہے۔

ٹرانسپورٹ اور کنیکٹیویٹی

دونوں فریق ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر غور کریں گے۔

دونوں فریقین اپنے ممالک اور متعلقہ خطوں کے درمیان پروازوں کے رابطوں کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کرکے اور اس کی پیروی کرتے ہوئے رابطوں کو بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔

 

دہشت گردی

دونوں فریقوں نے دہشت گردی، اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں اپنی واضح مذمت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی کی مالی معاونت، منصوبہ بندی، معاونت یا ارتکاب کرنے والوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم نہ کرے۔ دونوں فریق تمام دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کوششیں کریں گے، بشمول ایسے گروہوں سے وابستہ افراد کو نامزد کرنا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 1267 پابندیوں کی کمیٹی کے ذریعہ درج ہیں۔

 

سائبر سیکیورٹی

اقتصادی اور سماجی ترقی کے لیے سائبر سیکیورٹی کی اہم اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریق بین الاقوامی تعاون، قانون سازی اور ضابطے کے حل، عدالتی اور پولیس کی سرگرمیوں، ڈیٹرنس، روک تھام اور ردعمل پر خصوصی توجہ کے ساتھ، آئی سی ٹی سے متعلقہ شعبوں میں قریبی روابط اور سائبر حملوں، بیداری پیدا کرنے اور تعلیمی پروگراموں، سائنسی اور تکنیکی تحقیق اور ترقی، کاروباری اور اقتصادی تبادلے میں اضافہ کریں گے۔

 

صحت

دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں پر معلومات کے تبادلے اور اشتراک کے ذریعے صحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، ماہرین صحت کے درمیان رابطوں کو بڑھانے اور دونوں ممالک میں صحت کے اداروں کے درمیان تعاون کی حمایت کرنے کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

 

عوام سے عوام کے درمیان رابطہ اور ثقافتی تعاون

دونوں فریق سماجی تحفظ کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کریں گے اور وہ اس سلسلے میں اپنے متعلقہ داخلی قانونی طریقہ کار کو مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں فریقین دونوں ممالک کے ثقافتی اداروں اور تنظیموں کے درمیان تعاون کو مضبوط کریں گے۔ دونوں فریقین دونوں ممالک کے فنکاروں، زبان کے ماہرین، اسکالرز اور ثقافتی اداروں کے درمیان تبادلوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ وہ اپنے تھنک ٹینکس اور ماہرین کے درمیان تعاون اور مکالمہ قائم کرنے کا بھی جائزہ لیں گے۔

دونوں فریق اعلیٰ تعلیم میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے اور دونوں اطراف کی یونیورسٹیوں کو متعلقہ سرگرمیوں کو منظم کرنے کی ترغیب دیں گے۔ وہ دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری قائم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔

دونوں اطراف نے باہمی افہام و تفہیم اور دو طرفہ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں تعلیم اور لسانی اور ثقافتی تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پولینڈ میں ہندی اور ہندوستانی مطالعات اور ہندوستان میں پولش زبان اور ثقافت کے مطالعہ کے کردار کو بھی تسلیم کیا اور پولش نیشنل ایجنسی فار اکیڈمک ایکسچینج اور متعلقہ ہندوستانی ایجنسیوں کے درمیان ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں پولش زبان پڑھانے کے معاہدے سے متعلق  کام کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں فریق سیاحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنا کر دونوں سمتوں میں سیاحوں کی آمد کو بڑھانا جاری رکھیں گے۔ اس میں سیاحتی مشنوں کا اہتمام کرنا، اثر و رسوخ رکھنے والوں اور ٹریول ایجنسیوں کے لیے خاندانی دوروں کا اہتمام کرنا، اور دونوں ممالک میں سیاحتی میلوں اور روڈ شوز میں شرکت کرنا شامل ہے۔

سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر، دونوں فریق ایک دوسرے کے ممالک میں سفارتی مشنوں کے زیر اہتمام ثقافتی میلے کا انعقاد کریں گے۔ ایسی خصوصی تقریبات کی تاریخیں باہمی مشاورت سے طے کی جائیں گی۔

دونوں فریق طلباء کے تبادلے کے پروگرام کو بھی فروغ دیں گے اور نوجوان نسل کے ساتھ باہمی مفاہمت کو فروغ دیں گے۔

 

ہندوستان-یوروپی یونین

اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ یوروپی یونین اور ہندوستان امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار کے حامل کلیدی بین الاقوامی شراکت دار ہیں، دونوں فریق ہندوستان-یورپی یونین تجارت اور سرمایہ کاری کے مذاکرات کے جلد از جلد اختتام، ہندوستان-یوروپی یونین تجارت کو شروع کرنے کی حمایت کریں گے۔ ٹکنالوجی کونسل (ٹی ٹی سی) ، اور تجارت، نئی ٹیکنالوجیز اور سیکورٹی میں انڈیا-یوروپی یونین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کے لیے انڈیا-ای یوکنیکٹیویٹی پارٹنرشپ  کو نافذ کریں گے۔

 

آگے کا راستہ

دونوں فریق سالانہ سیاسی مشاورت  کی  سرگرمیوں کا جائزہ لینے اور اپ ڈیٹ کرنے کے بنیادی طریقہ کار کے طور پرایکشن پلان پر عمل درآمد کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنائیں گے،  ایکشن پلان میں مزید پانچ سال کی توسیع کا فیصلہ متعلقہ خارجہ امور کے انچارج وزراء کی طرف سے لیا جائے گا۔

***************

(ش ح۔ج ق۔ ج ا)

U:10125



(Release ID: 2047938) Visitor Counter : 9