وزیراعظم کا دفتر

بالی میں جی- 20 سربراہی اجلاس کے اختتامی اجلاس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تبصرے  کا انگریزی ترجمہ

Posted On: 16 NOV 2022 12:58PM by PIB Delhi

عزت مآب حاضرین،

 دوستو،

میں ایک بار پھر اپنے دوست صدر جوکووی کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ انہوں نے مشکل وقت میں بھی جی-20 کو موثر قیادت  عطا کی ہے۔ اور میں آج جی-20کمیونٹی کو بالی اعلامیہ کو اپنانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ہندوستان اپنی جی-20صدارت کے دوران انڈونیشیا کے قابل ستائش اقدامات کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔ ہندوستان کے لیے یہ ایک بہت ہی خوش آئند اتفاق ہے کہ ہم بالی کے اس مقدس جزیرے میں جی-20کی صدارت کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ ہندوستان اور بالی کا قدیم رشتہ ہے۔

معززحاضرین،

ہندوستان ایک ایسے وقت میں جی-20کی ذمہ داری  سنبھال رہا ہے جب دنیا بیک وقت جغرافیائی سیاسی تناؤ، معاشی سست روی، خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں اور وبائی امراض کے طویل مدتی برے اثرات سے دوچار ہے۔ ایسے وقت میں دنیا جی-20کی طرف امید سے دیکھ رہی ہے۔ آج، میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کی جی-20صدارت جامع ،    الو العزم ، فیصلہ کن اور عمل پر مبنی ہوگی۔

عزت مآب حاضرین ،

اگلے ایک سال کے دوران، ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ جی-20نئے آئیڈیاز کا تصور کرنے اور اجتماعی کارروائی کو تیز کرنے کے لیے ایک عالمی  اہم محرک کے طور پر کام کرے۔ قدرتی وسائل پر ملکیت کا احساس آج تنازعات کو جنم دے رہا ہے، اور ماحول کی حالت زار کی بنیادی وجہ بن گیا ہے۔ کرہ ارض کے محفوظ مستقبل کے لیے، امانت داری کا احساس ہی حل ہے۔ لائف یعنی ’ماحولیات کے لئے طرززندگی‘ مہم اس میں بڑا  تعاون پیش کرسکتی ہے۔ اس کا مقصد پائیدار طرز زندگی کو ایک عوامی تحریک بنانا ہے۔

عزت مآب  حاضرین،

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقی کے ثمرات عالم گیر اور ہمہ گیر ہوں۔ ہمیں ترقی کے ثمرات ہمدردی اور یکجہتی کے ساتھ تمام انسانوں تک پہنچانا ہوں گے۔ خواتین کی شمولیت کے بغیر عالمی ترقی ممکن نہیں۔ ہمیں اپنے جی-20ایجنڈے میں بھی خواتین کے زیر قیادت  ترقی کو ترجیح دینی ہوگی۔ امن اور سلامتی کے بغیر، ہماری آنے والی نسلیں معاشی ترقی یا تکنیکی اختراع سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی۔ جی-20 کو امن اور ہم آہنگی کے حق میں مضبوط پیغام دینا ہے۔ یہ تمام ترجیحات پوری طرح سے ہندوستان کی جی-20  کی صدارت  کے موضوع  – ’’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘‘ میں شامل ہیں۔

معززحاضرین ،

جی-20کی صدارت سنبھالنا ہر ہندوستانی کے لیے ایک قابل فخر موقع ہے۔ ہم اپنے ملک کے مختلف شہروں اور ریاستوں میں جی-2-20 کے اجلاس منعقد کریں گے۔ ہمارے مہمانوں کو ہندوستان کے حیرت انگیز تنوع، جامع روایات اور ثقافتی فراوانی کا مکمل تجربہ حاصل ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ آپ سبھی ہندوستان’جمہوریت کی ماں‘ کے اس منفرد جشن میں شرکت کریں۔ ہم مل کر جی-20  کو عالمی تبدیلی کے لئے  ایک محرک بنائیں گے۔

آپ کا بہت بہت شکریہ!

ڈس کلیمر - یہ وزیر اعظم کے تبصرے کا تخمینی ترجمہ ہے۔ اصل  تبصرے  ہندی میں  کئے گئے ہیں۔

 

*******************

 

 

 

ش ح ۔    ا ک ۔   م  ص

U.N. 12591



(Release ID: 1876395) Visitor Counter : 114