وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم 20-19 اکتوبر کو گجرات کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم گجرات میں تقریباً 15,670 کروڑ روپے کی لاگت کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

ہندوستان کی دفاعی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر، وزیر اعظم دفاعی ایکسپو-2022  کا افتتاح کریں گے

پہلی بار، ایکسپو ایک دفاعی نمائش کا مشاہدہ کرے گا ، جو خصوصی طور پر ہندوستانی کمپنیوں کے لیے منعقد کی جائے گئی

وزیر اعظم دفاعی اسپیس اقدام کا آغاز کریں گے، ڈیسا ایئر فیلڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور دیسی ٹرینر ہوائی جہاز ایچ ٹی ٹی- 40 کی نقاب کشائی کریں گے

وزیراعظم کے ذریعہ کیواڈیا میں مشن لائف کا آغاز کیا جائے گا

وزیر اعظم کیواڈیا میں 10 ویں ہیڈ آف مشنز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے

وزیر اعظم راجکوٹ میں انڈیا اربن ہاؤسنگ کنکلیو- 2022 کا افتتاح کریں گے اور تقریباً  5860 کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے

وزیر اعظم گجرات میں تقریباً 4260 کروڑ روپے کی لاگت سے مشن اسکول آف ایکسی لینس کا آغاز کریں گے

وزیر اعظم جوناگڑھ میں تقریباً 3580 کروڑ روپے اور ویارا میں 1970 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Posted On: 18 OCT 2022 10:36AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 19-20  اکتوبر کو گجرات کا دورہ کریں گے اور تقریباً 15,670 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے۔

19 اکتوبر کو صبح تقریباً 9:45 بجے، وزیر اعظم مہاتما مندر کنونشن اینڈ ایگزی بیشن سنٹر، گاندھی نگر میں  دفاعی ایکسپو 22 کا افتتاح کریں گے۔ دوپہر 12 بجے کے قریب وزیر اعظم اَدلج میں مشن اسکولس آف ایکسی لینس کا آغاز کریں گے۔ تقریباً 3:15 بجے وہ جوناگڑھ میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد، شام 6 بجے کے قریب، وہ انڈیا اربن ہاؤسنگ کنکلیو 2022 کا افتتاح کریں گے اور راجکوٹ میں متعدد اہم پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے۔ وہ راجکوٹ میں تقریباً شام 7:20 بجے جدید تعمیراتی طریقوں کی نمائش کا بھی افتتاح کریں گے۔

20 اکتوبر کو، صبح تقریباً 9:45 بجے، کیواڑیا میں وزیر اعظم کے ذریعہ مشن لائف کا  آغاز کیا جائے گا۔ دوپہر تقریباً 12 بجے، وزیر اعظم کیواڈیا میں 10 ویں ہیڈز آف مشنز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد، تقریباً 3:45 بجے، وہ ویارا میں مختلف ترقیاتی اقدامات کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیراعظم گاندھی نگر میں

وزیراعظم دفاعی ایکسپو- 2022 کا افتتاح کریں گے۔ 'فخر کا راستہ' کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والی اس ایکسپو میں اب تک منعقد ہونے والی انڈین ڈیفنس ایکسپو میں سب سے بڑی شرکت دیکھنے کو ملے گی۔ پہلی بار، یہ ایک دفاعی نمائش کا مشاہدہ کرے گا، جو خصوصی طور پر ہندوستانی کمپنیوں کے لیے منعقد ہوگا، جس میں غیر ملکی او ای امیز کی ہندوستانی ذیلی کمپنیاں، ہندوستان میں رجسٹرڈ کمپنی کا ڈویژن، ہندوستانی کمپنی کے ساتھ جوائنٹ وینچر رکھنے والے نمائش کنندہ شامل ہیں۔ یہ تقریب ہندوستانی دفاعی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کے وسیع دائرہ کار اور پیمانے کو ظاہر کرے گی۔ ایکسپو میں ایک انڈیا پویلین اور 10 ریاستی پویلین ہوں گے۔ انڈیا پویلین میں، وزیر اعظم ایچ ٹی ٹی- 40 کی نقاب کشائی کریں گے جوکہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے ذریعہ ڈیزائن کردہ دیسی ٹرینر ہوائی جہاز ہے۔ طیارے میں جدید ترین عصری نظام موجود ہے اور اسے پائلٹ دوستانہ خصوصیات کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔

پروگرام کے دوران،  صنعت اور اسٹارٹ اپس کے ذریعے خلائی ڈومین میں دفاعی افواج کے لیے اختراعی حل تیار کرنے کے لیے وزیر اعظم مشن  دفاعی اسپیس کا آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم گجرات میں ڈیسا ایئر فیلڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ فارورڈ ایئرفورس بیس ملک کے سکیورٹی  آرکیٹیکچر میں اضافہ کرے گا۔

یہ ایکسپو دوسرے ہندوستان-افریقہ دفاعی مکالمے کا بھی مشاہدہ کرے گا، جس کا موضوع 'ہندوستان-افریقہ: دفاع اور سیکورٹی تعاون کو ہم آہنگ کرنے کے لئے حکمت عملی اپنانا' ہے۔ ایکسپو کے دوران دوسرا بحر ہند علاقہ پلس (آئی او آر پلس) کنکلیو بھی منعقد کیا جائے گا، جو وزیر اعظم کے علاقے میں ہر ایک کے لئے سلامتی اور ترقی (ساگر)ویژن کے مطابق امن، ترقی، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے آئی او آر پلس ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع مکالمے کا ایک اسٹیج فراہم کرے گا۔  ایکسپو کے دوران دفاع کے لیے سرمایہ کاروں کا پہلا اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس میں 100  سے زیادہ اسٹارٹ اپس کو منتھن 2022 ، آئی ڈیکس (انوویشن فار ڈیفنس ایکسی لینس) کے دفاعی اختراعاتی پروگرام  میں اپنی اختراعات کو ظاہر کرنے کا موقع ملے گا۔اس ایونٹ میں 'بندھن' کے ذریعے 451 پارٹنرشپس / لانچوں کا قیام بھی دیکھا جائے گا۔

وزیر اعظم ادلج کے تری مندر میں مشن اسکول آف ایکسی لینس کا بھی آغاز کریں گے۔ اس مشن کا تصور 10,000 کروڑ کے کل خرچ کے ساتھ کیا گیا ہے۔ تری مندر میں تقریب کے دوران وزیر اعظم تقریباً 4260 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا آغاز کریں گے۔ یہ مشن ریاست میں نئے کلاس روم، اسمارٹ کلاس روم، کمپیوٹر لیب اور اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کی مجموعی اپ گریڈیشن کے ذریعے گجرات میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گا۔

وزیراعظم جوناگڑھ میں

وزیر اعظم تقریباً 3580 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیراعظم مسنگ لنکس کی تعمیر کے ساتھ کوسٹل ہائی ویز کی بہتری کے لئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 13 اضلاع میں 270 کلومیٹر سے زیادہ کی شاہراہ کی لمبائی کا احاطہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم جوناگڑھ میں دو واٹر سپلائی پروجیکٹوں اور زرعی مصنوعات کو ذخیرہ کرنے کے لیے ایک گودام کمپلیکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ پوربندر میں، وزیر اعظم مادھو پور کے شری کرشن رخشمنی مندرکی ہمہ گیر ترقی کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے اور پوربندر فشری ہاربر میں ڈریجنگ کی دیکھ بھال کے لیے بھی وہ سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ گیر سومناتھ میں وہ دو پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جن میں مدھواڑ میں ایک ماہی گیری کی بندرگاہ کی ترقی بھی شامل ہے۔

وزیراعظم راجکوٹ میں

وزیر اعظم راجکوٹ میں تقریباً 5860 کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے۔  وہ انڈیا اربن ہاؤسنگ کنکلیو 2022 کا بھی افتتاح کریں گے، جس میں ہندوستان میں مکانات سے متعلق مختلف پہلوؤں بشمول منصوبہ بندی، ڈیزائن، پالیسی، قواعد و ضوابط، عمل درآمد، زیادہ پائیداری اور شمولیت کو فروغ دینے پر غور و خوض کیا جائے گا۔ عوامی تقریب کے بعد وزیراعظم اختراعی تعمیراتی طریقوں سے متعلق ایک نمائش کا بھی افتتاح کریں گے۔

عوامی تقریب کے دوران وزیراعظم لائٹ ہاؤس پروجیکٹ کے تحت بنائے گئے 1100 سے زائد مکانات کو وقف کریں گے۔ ان مکانات کی چابیاں بھی مستفدین کے حوالے کی جائیں گی۔ وہ پانی کی فراہمی کے ایک پروجیکٹ: برہمنی-2 ڈیم سے نرمدا کینال پمپنگ اسٹیشن تک موربی-بلک پائپ لائن پروجیکٹ کو وقف کریں گے ۔ ان کے ذریعہ وقف کیے جانے والے دیگر پروجیکٹوں میں علاقائی سائنس سینٹر، فلائی اوور پل اور سڑک کے شعبے سے متعلق دیگر منصوبے شامل ہیں۔

وزیر اعظم گجرات میں این ایچ 27 کے راجکوٹ-گونڈل-جیٹ پور سیکشن کے موجودہ چار لین کی چھ لین کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ موربی، راجکوٹ، بوٹاڈ، جام نگر اور کَچھ کے مختلف مقامات پر تقریباً 2950 کروڑ روپے کی جی آئی ڈی سی انڈسٹریل اسٹیٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ دیگر پروجیکٹ، جن کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، ان میں گڑھکا میں اے ایم یو ایل سے فیڈ ڈیری پلانٹ، راجکوٹ میں انڈور اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، پانی کی فراہمی کے دو پروجیکٹ اور سڑکوں اور ریلوے سیکٹر کے دیگر پروجیکٹ شامل ہیں۔

وزیراعظم کیواڈیا میں

وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل عزت مآب جناب انتونیو گٹیرس سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔  اس کے بعد، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی موجودگی میں وزیر اعظم اسٹیچو آف یونٹی، ایکتا نگر، کیواڈیا میں مشن لائف کا آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق اس کے ہندوستان کی قیادت میں ایک عالمی عوامی تحریک ہونے کی توقع ہے،  جو ماحول کے تحفظ اور حفاظت کے لیے انفرادی اور اجتماعی اقدام پر زور دے گی۔

مشن لائف کا مقصد، پائیداری کی طرف ہمارے اجتماعی نقطہ نظر کو تبدیل کرنے کے لیے تین جہتی حکمت عملی پر عمل کرنا ہے۔ سب سے پہلے افراد کو ،ان کی روزمرہ کی زندگی (مانگ) میں آسان لیکن مؤثر ماحول دوست اعمال پر عمل کرنے کے لیے زور دینا ؛ دوسرا صنعتوں اور منڈیوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ بدلتی ہوئی طلب (رسد) کا تیزی سے جواب دے سکیں اور؛ تیسرا یہ ہے کہ حکومت اور صنعتی پالیسی پر اثر انداز ہو، تاکہ پائیدار کھپت اور پیداوار (پالیسی) دونوں کی حمایت کی جا سکے۔

وزیر اعظم 10 ویں ہیڈ آف مشنز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جس کا انعقاد 20 سے 22 اکتوبر 2022 کو کیواڈیا میں وزارت خارجہ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے ہندوستانی مشنوں کے 118 سربراہان (سفراء  اور ہائی کمشنرز) جمع  ہوں گے۔ تین دنوں پر محیط اپنے 23 سیشنوں کے ذریعے، کانفرنس عصری جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک ماحول، رابطے، ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات وغیرہ جیسے مسائل پر تفصیلی اندرونی بات چیت کے موقع فراہم کرے گی۔مشنوں کے سربراہان فی الحال اپنی  متعلقہ ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ہندوستان کے فلیگ شپ مشنوں جیسے کہ خواہش مند اضلاع، ایک ضلع ایک پروڈکٹ، امرت سروور مشن، اور دیگر باتوں سے اپنے آپ کو مانوس کرسکیں۔

وزیراعظم ویارا میں

وزیر اعظم  تاپی کے ویارا میں 1970 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی پہل قدمیوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ لاپتہ لنکس کی تعمیر کے ساتھ سپوترا سے مجسمہ اتحاد تک سڑک کی بہتری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ جن دیگر پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ،ان میں تاپی اور نرمدا اضلاع میں 300 کروڑ روپے سے زیادہ کے پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا ک۔ ق ر۔

U-11546                          



(Release ID: 1868773) Visitor Counter : 138