وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم کا لمبنی ، نیپال کا دورہ  (16 مئی 2022)

Posted On: 16 MAY 2022 6:09PM by PIB Delhi

نئی دہلی۔16مئی وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نیپال کے وزیر اعظم عزت مآب شیر بہادر دیوبا کی دعوت پر 16 مئی 2022 کو  بدھ پورنیما کے مبارک موقع  پر نیپال کے لمبنی کا سرکاری دورہ کیا۔ وزیر اعظم کے طور پر، جناب نریندر مودی کا نیپال کایہ  پانچواں اور  لمبنی کا پہلا دورہ تھا۔

وزیر اعظم جناب  مودی کے نیپال پہنچنے پر وزیراعظم دیوبا، ان کی شریک حیات ڈاکٹر آرزو رانا دیوبا، وزیر داخلہ جناب بال کرشن کھنڈ، وزیر خارجہ ڈاکٹر نارائن کھڑکا، طبعی بنیادی ڈھانچہ اور ٹرانسپورٹ کی وزیر محترمہ رینو کماری یادو ، توانائی، آبی وسائل اور آبپاشی کی وزیر محترمہ پمفا بھوسل، ثقافت، شہری ہوا بازی اور سیاحت کے وزیر جناب پریم بہادر آلے، وزیر تعلیم جناب دیویندر پوڈیل، وزیر قانون و  انصاف اور پارلیمانی امور جناب گووندا پرساد شرما، اور صوبہ لمبنی، نیپال کے  وزیر اعلی جناب کل پرساد کے سی نے وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا۔

وہاں پہنچنے پر، دونوں وزرائے اعظم نے مایا دیوی مندر کا دورہ کیا۔ اس مندر کے اندر بھگوان بدھ کی جائے پیدائش ہے۔ اس مندر میں دونوں وزرائے اعظم نے بدھ مت کی رسومات کے مطابق کی جانے والی پرارتھنا میں شرکت کی اور نذرانہ پیش کیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے چراغ روشن کیے اور تاریخی اشوک پیلر کا دورہ کیا، جس میں لمبنی کے بھگوان بدھ کی جائے پیدائش ہونے کا پہلاتحریری ثبوت ملتا ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے اس مقدس بودھی درخت کی بھی آبپاشی کی جسے 2014 میں نیپال کے اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مودی کے ذریعہ بطور تحفہ لایا  گیاتھا۔

وزیر اعظم مودی نے وزیر اعظم دیوبا کے ساتھ نئی دہلی میں واقع بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی)  سے متعلق لمبنی میں ایک پلاٹ پر انڈیا انٹرنیشنل سینٹر فار بدھسٹ کلچر اینڈ ہیریٹیج کی تعمیر کے لیے "شیلانیاس" کی تقریب میں شرکت کی۔یہ پلاٹ لمبنی ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے ذریعہ آئی بی سی کو  نومبر 2021 میں دیا گیا تھا ۔ "شیلانیاس" تقریب کے بعد، دونوں وزرائے اعظم نے بدھ مت مرکز کے ایک ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی، جس کا تصور نیٹ صفر اخراج کے مطابق ایک عالمی معیار کی سہولت کے طور پر کیا گیا ہے،  جس میں عبادت گاہیں ، مراقبہ مرکز، لائبریری، نمائشی ہال، کیفے ٹیریا اور دیگر سہولیات ہوں گی اور یہ دنیا بھر سے بدھ مت کے زائرین اور سیاحوں کے لیے کھلا رہے گا۔

دونوں وزرائے اعظم نے ایک دو طرفہ میٹنگ بھی کی۔ اس میٹنگ کے دوران دونوں قائدین نے نئی دہلی میں 2 اپریل کو ہوئی بات چیت پر غور و خوض کیا۔ انہوں نے ثقافت، معیشت، تجارت، رابطے، توانائی اور ترقیاتی شراکت داری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مخصوص اقدامات اور خیالات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے اصولی طور پر لمبنی اور کشی نگر کے درمیان   سسٹر سٹی کے تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ دونوں شہر بدھ مت کے مقدس ترین مقامات میں سے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بدھ مت کے ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔

دونوں وزرائے اعظم نے حالیہ مہینوں میں بجلی کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں پیداواری منصوبوں کی ترقی ، بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے اور بجلی کی تجارت شامل ہیں۔ وزیر اعظم دیوبا نے ہندوستانی کمپنیوں کو نیپال میں مغربی  سیتی پن بجلی پروجیکٹ کی ترقی میں شراکت داری کے لیے مدعو کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے نیپال کے پن بجلی  سیکٹر کی ترقی اور دلچسپی رکھنے والے ڈیولپرس کو اس سلسلے میں نئے پروجیکٹوں کی تیزی سے تلاش کرنے کی  حوصلہ افزائی کا یقین دلایا۔ دونوں وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کے لیے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم دیوبا کی جانب سے وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے 2566 ویں بدھ جینتی منانے کے لیے حکومت نیپال کے زیر اہتمام لمبنی ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے ذریعہ منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی ۔ اس تقریب میں وزیر اعظم مودی نے بودھ راہبوں، عہدیداروں، معززین اور بدھ مت سے وابستہ لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

وزیر اعظم مودی کالمبنی، نیپال  کا یہ دورہ یکم تا 3 اپریل کے دوران وزیر اعظم دیوبا کے دہلی اور وارانسی کے کامیاب دورے کے بعد ہوا ہے۔ آج کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کو مزید تقویت فراہم کی ہے اور خاص طور پر اہم شعبوں  خاص طور پر تعلیم، ثقافت، توانائی اور عوامی رابطے میں تعاون کو فروغ دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کا  لمبنی کا دورہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان گہرے اور بھرپور تہذیبی روابط اور اسے فروغ دینے نیز دونوں  ملکوں  کی عوام کے مابین تعاون پر بھی زور دیتا ہے۔

اس دورے کے دوران  جن دستاویزات کو حتمی شکل دی گئی ، ان  کی فہرست یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

U-5429



(Release ID: 1825894) Visitor Counter : 131