وزیراعظم کا دفتر
اتر پردیش میں سدگرو سدافلدیو وہنگم یوگا سنستھان کی 98 ویں سالگرہ کی تقریبات میں وزیر اعظم کی تقریر کا متن
Posted On:
14 DEC 2021 6:52PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 14 دسمبر
ہرہر مہادیو!
شری سدگرو چرن کملےبھیو نمہ
اسٹیج پر موجود اتر پردیش کی گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل، اتر پردیش کے پرجوش کرم یوگی، وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ جی، سدگرو آچاریہ جناب سواتنتر دیو جی مہاراج، سنت پرورجناب وگیان دیو جی مہاراج، مرکزی کابینہ کے میرے رفیق کار اور اسی علاقے کے رکن پارلیمنٹ جناب مہیندر ناتھ پانڈے جی، یہیں کے آپ کے نمائندے اور یوگی جی کی حکومت میں وزیر جناب انل راج بھر جی، ملک اور بیرون ملک کے تمام شردھالو و عقیدت مند، بھائیو اور بہنو، تمام موجود ساتھیوں!
کاشی کی توانائی نہ صرف برقرار ہے بلکہ یہ نئی وسعتیں بھی لیتی رہتی ہے۔ کل، کاشی نے عظیم الشان 'وشوناتھ دھام' مہادیو کے قدموں میں پیش کیا اور آج 'وہنگم یوگ سنستھان' کی اس شاندار تقریب کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس آسمانی سرزمین پر ایشور اپنی بے شمار خواہشات کی تکمیل کے لیے سنتوں کا ہی انتخاب کرتے ہیں اور جب سنتوں کی سادھنا قبولیت حاصل کر لیتی ہے تو خوش کن اتفاقات کا بھی سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
آج ہم آل انڈیا وہنگم یوگ سنستھان کی 98 ویں سالگرہ، تحریک آزادی میں سدگرو سدافل دیو جی کے جیل جانے کے سفر کے 100 سال، اور ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو یہ سب، ہم سب، ان کے گواہ بن رہے ہیں۔ ان تمام اتفاقات کے ساتھ، آج گیتا جینتی کا بھی مقدس موقع بھی ہے۔آج ہی کے دن کروکشیتر کے میدان جنگ میں جب فوجیں آمنے سامنے تھیں، انسانیت کو یوگا، روحانیت اور پرمارتھ کا عظیم علم حاصل ہوا تھا۔میں اس موقع پر بھگوان کرشن کے قدموں میں جھکتے ہوئے، آپ سب کو اور تمام ہم وطنوں کو گیتا جینتی کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
بھائیو اور بہنو،
سدگرو سدافل دیو جی نے سماج کی بیداری کے لیے 'وہنگم یوگا' کو عوام تک پہنچانے کے لیے ایک یگیہ کیا تھا، آج اس عزم کی بیج اتنے بڑے برگد کے درخت کی شکل میں ہمارے سامنے کھڑا ہے۔ آج، اکیاون سو ایک یگیہ کنڈوں کی عالمی امن ویدک مہایگیہ کی شکل میں، اتنے بڑے شریک یوگاسن تربیتی کیمپ کی شکل میں، اتنے سارے خدمت کے منصوبوں کی شکل میں، اور لاکھوں عقیدتمندوں کے اس عظیم خاندان کی شکل میں ، ہم اس سنت سنکلپ کے کارنامے کا تجربہ کر رہے ہیں۔
میں سدگرو سدافل دیو جی کو سلام کرتا ہوں ، میں ان کی روحانی موجودگی کو پرنام کرتا ہوں۔ میں جناب سوتنتر دیو جی مہاراج اور جناب وگیان دیو جی مہاراج کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جو اس روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، نئی وسعت دے رہے ہیں اور آج ایک عظیم الشان روحانی سرزمین کی تعمیر ہو رہی ہے۔ مجھے اس کے درشن کا موقع ملا۔ جب یہ مکمل ہو جائے گا، تو یہ نہ صرف کاشی بلکہ ہندوستان کے لیے ایک بہت بڑا نذرانہ بن جائے گا۔
ساتھیوں،
ہمارا ملک اتنا شاندار ہے کہ یہاں جب بھی وقت مخالف ہوتا ہے تو کوئی نہ کوئی سنت وبھوتی وقت کے دھارے کو موڑنے کے لیے نازل ہوتے ہیں۔ یہ ہندوستان ہی ہے جس کی آزادی کے سب سے بڑے ہیرو کو دنیا مہاتما کہتی ہے، یہ ہندوستان ہی ہے جہاں آزادی کی سیاسی تحریک کے اندر بھی روحانی شعور مسلسل رواں دواں رہا ہے، اور یہ ہندوستان ہی ہے جہاں عقیدتمندوں کی تنظیم اپنا سالانہ تہوار کو آزادی کے امرت مہوتسو کے طور پر مناتی ہے۔
ساتھیوں
یہاں ہر ایک عقیدت مند اس بات پر فخر محسوس کرتا ہے کہ ان کے روحانی گرو دیو نے جدوجہد آزادی کورخ دیا تھا اور سنت عدم تعاون کی تحریک میں جیل جانے والے پہلے لوگوں میں سدافل دیو جی بھی شامل تھے۔ جیل میں ہی انہوں نے 'سور وید' کے نظریات کا منتھن کیا، جیل سے رہائی کے بعد اسے ایک مورت کی شکل دی۔
ساتھیوں،
سیکڑوں سالہ تاریخ میں ہماری جدوجہد آزادی کے ایسے بہت سے پہلو ہیں جنہوں نے ملک کو اتحاد کے دھاگے میں باندھ کر رکھا۔ ایسے بہت سے سنت تھے جنہوں نے روحانی تپسیا چھوڑ کر آزادی کے لیےمصروف عمل ہوئے ۔ ہماری جدوجہد آزادی کا یہ روحانی سلسلہ تاریخ میں ویسے درج نہیں کی گئی جیسے کی جانی چاہیے تھا۔ آج جب ہم آزادی کا امرت کا تہوار منا رہے ہیں تو اس دھارے کو سامنے لانا ہمارا فرض ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک آزادی کی جنگ میں اپنے گروؤں،سنتوں اور سنیاسیوں کی خدمات کو یاد کر رہا ہے اور نئی نسل کو ان کی خدمات سے آگاہ کر رہا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ وہنگم یوگا سنستھان بھی اس میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
ساتھیوں،
مستقبل کے ہندوستان کو مضبوط بنانے کے لیے وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی روایات، اپنے علمی فلسفے کو وسعت دیں۔ اس کامیابی کے لیے کاشی جیسے ہمارے روحانی اور ثقافتی مراکز ایک موثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ہماری تہذیب کا یہ قدیم شہر پوری دنیا کو سمت دکھا سکتا ہے۔ بنارس جیسے شہروں نے مشکل ترین وقت میں بھی ہندوستان کی شناخت، فن، صنعت کاری کے بیج کو محفوظ رکھا ہے۔ جہاں بیج ہوتا ہے، درخت وہیں سے پھیلنا شروع کر دیتا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ آج جب ہم بنارس کی ترقی کی بات کرتے ہیں تو یہ پورے ہندوستان کی ترقی کا روڈ میپ بھی بن جاتا ہے۔
بھائیو اور بہنو،
آج آپ لاکھوں لوگ یہاں موجود ہیں۔ آپ مختلف ریاستوں، مختلف مقامات سے آئے ہیں۔ آپ کاشی میں اپنی شردھا ، اپنا وشواس، اپنی توانائی اور اپنے ساتھ لاتعداد امکانات، بہت کچھ لے کر آئے ہیں۔ جب آپ کاشی سے جائیں گے تو آپ اپنے ساتھ نئے خیالات، نئے عزائم ، یہاں کا آشیرواد، یہاں کے تجربات، بہت کچھ لے کر جائیں گے۔ لیکن وہ دن بھی یاد رکھیں جب آپ یہاں آتے تھے تو کیا حال تھا۔ جو مقام اتنا مقدس ہو، اس کی حالت زار لوگوں کو مایوس کرتی تھی۔ لیکن آج یہ صورتحال بدل رہی ہے۔
آج جب لوگ ملک اور بیرون ملک سے آتے ہیں تو ایئرپورٹ سے نکلتے ہی انہیں سب کچھ بدلا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ ہوائی اڈے سے براہ راست شہر تک پہنچنے میں اتنا زیادہ وقت نہیں لگتا۔ رنگ روڈ کا کام بھی کاشی نے ریکارڈ وقت میں مکمل کر لیا ہے۔ بڑی گاڑیاں اور باہر کی گاڑیاں اب باہر باہر ہی نکل جاتی ہیں۔ بنارس آنے والی کئی سڑکیں بھی اب وسیع و عریض ہو چکی ہیں۔ جو لوگ سڑک کے ذریعہ بنارس آتے ہیں، انہیں اب اس سہولت سے کتنا فرق پڑا ہے۔
یہاں آنے کے بعد خواہ آپ بابا وشوناتھ کے دیدار کرنے جائیں یا گنگا ماں کے گھاٹوں پر جائیں، ہر جگہ کاشی کی شان کے مطابق رونق بڑھ رہی ہے۔ کاشی میں بجلی کی تاروں کےجنجال کو زیر زمین کرنے کا کام جاری ہے، لاکھوں لیٹر سیوریج کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔ یہاں کے عقیدے اور سیاحت کے ساتھ ساتھ یہاں کے آرٹ اور کلچر کو بھی اس ترقی کا فائدہ مل رہا ہے۔
تجارتی سہولت مرکز ہو، رودرراکش کنونشن سنٹر ہو، یا بنکروں اور کاریگروں کے لیے چلائے جارہے پروگرام، آج کاشی کے ہنر کو نئی طاقت مل رہی ہے۔ صحت کے میدان میں بھی بنارس جدید سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی وجہ سے ایک بڑے طبی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
ساتھیوں،
میں جب بھی کاشی آتا ہوں یا دہلی میں بھی رہتا ہوں تو بنارس میں ہورہے ترقیاتی کاموں کو رفتار دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ کل رات 12-12.30 بجے کے بعد، جیسے ہی مجھے موقع ملا، میں پھر نکل پڑا تھا اپنے کاشی میں جو کام ہو رہا ہے، جو کام کیا گیا ہے، ان کو دیکھنے کے لیے نکل پڑا تھا ۔ گودولیا میں تجدید کاری کا کام ہو ہے وہ واقعی قابل دید ہو گیا ہے۔ وہاں بہت سے لوگوں سے میری بات چیت ہوئی ۔ میں نے مڑوا ڈیہہ میں بنارس ریلوے اسٹیشن بھی دیکھا۔ یہ اسٹیشن بھی اب یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔ پرانے کو سمیٹے ہوئے، نئے پن کو اختیار ، بنارس ملک کو ایک نئی سمت دے رہا ہے۔
ساتھیوں،
اس ترقی کا مثبت اثر بنارس کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے سیاحوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ اگر ہم 2019-20 کی بات کریں تو یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد 2014-15 کے مقابلے میں دوگنی ہو گئی ہے۔ 2019-20 میں، کورونا کے دور میں ، صرف بابت پور ہوائی اڈے سے ہی 30 لاکھ سے زیادہ مسافر آئے اور گئے۔ اس تبدیلی سے کاشی نے دکھایا ہے کہ اگر ارادہ ہو تو تبدیلی آ سکتی ہے۔
یہی تبدیلی آج ہمارے دیگرتیرتھ استھانوں میں بھی نظر آرہی ہے۔ کیدارناتھ جہاں پہلے کئی مشکلات ہوتی تھیں، 2013 کی تباہی کے بعد لوگوں کی آمدو رفت میں کمی آئی تھی ، وہاں بھی اب عقیدت مندوں کی بھی ریکارڈ تعداد پہنچ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ترقی اور روزگار کےبے شمار مواقع پیدا ہو رہے ہیں، نوجوانوں کے خوابوں کو تقویت مل رہی ہے۔ یہی یقین آج پورے ملک میں نظر آرہا ہے، اسی رفتار سے آج ملک ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔
ساتھیوں،
سدگرو سدافل جی نے سوروید میں کہا ہے-
دَیا کرے سب جیب پر، نیچ اونچ نہیں جان ۔
دیکھے انتر آتما، تیاگ دیہہ ابھیمان۔
یعنی سب سے محبت، سب کے تئیں ہمدردی، اونچ نیچ سے، تفریق سے آزادی! یہی آج ملک کی تحریک ہے! آج ملک کا منتر ہے- 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس'۔ میں اور میرا کے مفاد سے بالا تر ہو کر آج ملک 'سب کا پریاس' کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
ساتھیوں،
آزادی کی جدوجہد کے وقت، سد گرو نے ہمیں منتر دیا تھا - سودیشی کا۔ آج اسی جذبے کے تحت ملک نے اب 'خود انحصار ہندوستان مشن' شروع کیا ہے۔ آج ملک کے مقامی کاروبار اور روزگار کو ، مصنوعات کو استحکام بخشا جا رہا ہے، مقامی کو عالمی بنایا جا رہا ہے۔ گرودیو نے ہمیں سوروید میں یوگا، وہنگم یوگا کا راستہ بھی دکھایا تھا۔ ان کا خواب تھا کہ یوگا لوگوں تک پہنچے اور ہندوستان کی یوگا شکتی پوری دنیا میں قائم ہو۔ آج، جب ہم پوری دنیا کو یوگا ڈے مناتے ہوئے اور یوگا کی پیروی کرتے ہوئے دیکھتے ہیں، تو ہم محسوس کرتے ہیں کہ سدگرو کا آشیرواد ثمر آور ہو رہا ہے۔
ساتھیوں،
آج آزادی کے امرت کال میں ہندوستان کے لیے سوراج جتنا اہم ہے، اتنی ہی اہم اچھی حکمرانی بھی ہے۔ ان دونوں کا راستہ ہندوستان کے علم و سائنس، طرز زندگی اور طریقوں سے ہی نکلے گا۔ وہنگم یوگا انسٹی ٹیوٹ، میں جانتا ہوں، برسوں سے اس خیال کو آگے بڑھا رہا ہے۔ آپ کا مثالی جملہ ہے- "گاو و وشواسیہ ماترہ"۔ گوماتا کے ساتھ اس رشتے کو مضبوط کرنے کے لیے ملک میں گو-دھن کو ہماری دیہی معیشت کا ایک ستون بنانے کی بہت سی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ساتھیوں،
ہمارا گو دھن ہمارے کسانوں کے لیےصرف دودھ کا ذریعہ نہ رہے ، بلکہ ہماری کوشش ہے کہ گائے کی نسل ترقی کی دیگر جہتوں میں بھی مددکرے۔ آج دنیا صحت کے حوالے سے بیدار ہو رہی ہے، کیمیکل کو چھوڑ کر نامیاتی کاشتکاری کی طرف لوٹ رہی ہے، ہمارے یہاں گائے کا گوبر کبھی نامیاتی کاشتکاری کی بڑی بنیادہوتا تھا، یہ ہماری توانائی کی ضروریات بھی پوری کرتا ہے۔ آج ملک گوبر دھن اسکیم کے ذریعہ حیاتیاتی ایندھن کو فروغ دے رہا ہے، نامیاتی کاشتکاری کو فروغ دے رہا ہے اور ان سب سے بڑھ کر ایک طرح سے ماحولیات کا بھی تحفظ ہو رہا ہے۔
آج سے دو دن بعد یعنی 16 تاریخ کو 'زیرو بجٹ-نیچرل فارمنگ' پر ایک بڑا قومی پروگرام بھی منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس میں ملک بھر کے کسان شامل ہوں گے۔ میں چاہوں گا کہ آپ سب بھی 16 دسمبر کو قدرتی کھیتی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں اور بعد میں گھر گھر جا کر کسانوں کو بتائیں۔ یہ ایک ایسا مشن ہے جسے ایک عوامی تحریک بننا چاہیے، اور آپ سب اس میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ساتھیوں،
آزادی کے امرت مہوتسو میں ملک متعدد قراردادوں پر کام کر رہا ہے۔ وہنگم یوگا سنستھان، سدگرو سدافل دیو جی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ایک طویل عرصے سے سماجی بہبود کی کئی مہمات چلا رہا ہے۔ آج سے دو سال بعد، آپ تمام عقیدت مند یہاں 100ویں کنونشن کے لیے جمع ہوں گے۔ دو سال کا یہ بہت اچھا وقت ہے۔
اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، آج میں آپ سب سے کچھ عہد لینے کی گزارش کرنا چاہتا ہوں۔ یہ عہد ایسی ہونی چاہئیں جن میں سدگرو کے عہد پورے ہوں، اور جن میں ملک کی خواہشات بھی شامل ہوں۔ یہ ایسی قراردادیں ہو سکتی ہیں جنہیں اگلے دو سالوں میں رفتار دی جائے اور مل کر پورا کیا جائے ۔
جیسا کہ ایک قرارداد ہو سکتی ہے – ہمیں اپنی بیٹیوں کو تعلیم دینی ہے، ہمیں اپنی بیٹیوں کو ہنر مندی کے فروغ کے لیے بھی تیار کرنا ہے۔ اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ جو لوگ معاشرے میں ذمہ داری اٹھا سکتے ہیں، وہ ایک دو غریب بیٹیوں کی ہنر مندی کے فروغ کی ذمہ داری بھی لیں ۔
ایک اور قرارداد پانی کو بچانے کی ہو سکتی ہے۔ ہمیں اپنی ندیوں، گنگا جی، پانی کے تمام ذرائع کو صاف رکھنا ہے۔ اس کے لیے آپ کے ادارے کے ذریعہ نئی مہم شروع کی جا سکتی ہے۔ جیسا کہ میں نے پہلے بتایا کہ آج ملک قدرتی کھیتی پر زور دے رہا ہے۔ اس کے لیے آپ سب بھی لاکھوں کسان بھائیوں اور بہنوں کی حوصلہ افزائی میں بہت مدد کر سکتے ہیں۔
ہمیں اپنے اردگرد صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دینی ہے ۔ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی بھی عوامی جگہ پر گندگی نہ پھیلے۔ پرماتما کے نام سے آپ کو کوئی نہ کوئی ایسی خدمت ضرور کرنی ہے جس سے پورے معاشرے کو فائدہ پہنچے گا۔
مجھے یقین ہے کہ اس مقدس موقع پر، سنتوں کے آشیرواد سے، یہ قراردادیں ضرور پوری ہوں گی، اور نئے ہندوستان کے خوابوں کو پورا کرنے میں معاون ہوں گی۔
اس یقین کے ساتھ، آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔
قابل پرستش سوامی جی کا میں شکر گزار ہوں کہ مجھے بھی اس اہم مقدس موقع پر آپ سب کے درمیان آنے کا موقع ملا۔ اس مقدس مقام کی زیارت کا موقع ملا۔ ایک بار پھر میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ہر ہر مہادیو!
بہت بہت شکریہ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ س ا (
U-14267
(Release ID: 1781565)
Visitor Counter : 182
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Bengali
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam