وزیراعظم کا دفتر
جلیانوالہ باغ میموریل کے تجدید شدہ احاطہ کو قوم کےنام وقف کرنے کے بعد وزیراعظم کے خطاب کا متن
Posted On:
28 AUG 2021 8:59PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 28 اگست پنجاب کے گورنر جناب وی پی سنگھ بدنور جی ، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ جی ، مرکزی کابینہ میں میرےرفقاء کار جناب جی کشن ریڈی جی ، جناب ارجن رام میگھوال جی ، جناب سوم پرکاش جی ، پارلیمنٹ میں میرے معاونین جناب شویت ملک جی ، پروگرام سے منسلک تمام معزز وزراء اعلیٰ ، عوامی نمائندے ، شہداء کے لواحقین ، بھائیوں اور بہنوں!
پنجاب کی بہادر سرزمین ، جلیانوالہ باغ کی پاک سرزمین کو میرا بہت بہت سلام! مادر ہند کے ان سپوتوں کو بھی سلام ، جن کے اندر آزادی کے شعلے کو بجھانے کے لیے غیر انسانیت کی تمام حدیں عبور کی گئیں۔ وہ معصوم بچے، بچیاں ، وہ بہنیں ، وہ بھائی ، جن کے خواب آج بھی جلیانوالہ باغ کی دیواروں میں کندہ گولیوں کے نشانات میں دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ شہیدی کنواں ، جہاں بیشمار ماؤں اور بہنوں کی ممتا چھین لی گئی ، ان کی زندگی چھین لی گئی۔ ان کے خواب پامال کر دیے گئے ۔ ان تمام کو آج ہم یاد کر رہے ہیں۔
بھائیو ں اور بہنو ں،
جلیانوالہ باغ وہ جگہ ہے جس نے سردار ادھم سنگھ ، سردار بھگت سنگھ جیسے بے شمار انقلابیوں ، اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں، ہندوستان کی آزادی کے لیے مر مٹنے کا حوصلہ دیا۔ 13 اپریل 1919 کے وہ 10 منٹ ، ہماری آزادی کی لڑائی کی وہ حقیقی کہانی ، افسانہ بن گئی ، جس کے باعث آج ہم آزادی کا امرت منانے کے قابل ہوئے ہیں۔ ایسی صورت حال میں آزادی کے 75 ویں سال میں جلیانوالہ باغ میموریل کی جدید شکل میں حاصل ہونا ، ہم سب کے لیے ایک عظیم ترغیب کا باعث ہے۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے جلیانوالہ باغ کی اس مقدس سرزمین کو کئی بار دیکھنے ، یہاں کی پاک سرزمین کو اپنے ماتھے پر لگانے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ آج جو تزئین و آرائش کا کام ہوا ہے، اس نے قربانی کی لازوال کہانیوں کو مزید زندہ کر دیا ہے۔ یہاں جو مختلف گیلریاں بنائی گئی ہیں ، دیواروں میں شہداء کی تصاویر کندہ کیے گئے ہیں ، شہید ادھم سنگھ جی کا مجسمہ ہے ، یہ سب ہمیں اس دور میں لے جاتے ہیں۔ جلیانوالہ باغ قتل عام سے پہلے اس مقام پر مقدس بیساکھی کے میلے لگتے تھے۔ اس دن گورو گوبند سنگھ جی نے 'سربت دا بھلا' کے جذبے کے ساتھ خالصہ پنتھ کی بنیاد رکھی تھی۔ آزادی کے 75 ویں سال میں جلیانوالہ باغ کی یہ نئی شکل ہم وطنوں کو اس مقدس مقام کی تاریخ اور اس کے ماضی کے بارے میں بہت کچھ جاننے کی ترغیب دے گی۔ یہ جگہ نئی نسل کو ہمیشہ یاد دلائے گی کہ ہماری آزادی کا سفر کیسا رہا ہے، ہمارے آباء و جداد نے یہاں تک پہنچنے کے لیے کیا کیا کیا ہے ، کتنی قربانیاں دیں ، بے شمار جدوجہد کی۔ قوم کے تئیں ہمارے فرائض کیا ہونے چاہئے، کس طرح ہمیں اپنے تمام کاموں میں ملک کو سب سے اوپر رکھنا چاہیے ، اس کی تحریک بھی نئی توانائی کے ساتھ اس جگہ سے ملے گی ۔
ساتھیوں ،
ہر قوم کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنی تاریخ کو محفوظ رکھے۔ تاریخ کے واقعات ہمیں سکھاتے بھی ہیں اور آگے بڑھنے کی سمت بھی دیتے ہیں۔ جلیانوالہ باغ جیسا ایک اور ہولناک منظر ہم نے تقسیم ہند کے وقت بھی دیکھا ہے۔ پنجاب کے محنتی اور زندہ دل لوگ تو تقسیم کا سب سے بڑا شکار ہوئے ہیں۔ تقسیم کے وقت جو کچھ ہوا اس کا درد آج بھی ہندوستان کے گوشے گوشے اور خاص طور پر پنجاب کے خاندانوں میں ہم محسوس کرتے ہیں۔ کسی بھی ملک کے لیے اپنے ماضی کی ایسی ہولناکیوں کو نظر انداز کرنا درست نہیں ہے۔ لہٰذا ، ہندوستان نے ہر سال 14 اگست کو "وبھاجن ویبھشیکا اسمرتی دیوس" کے طور پر آنے والی نسلوں کو یاد رکھیں اس لیے اسے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ "وبھاجن ویبھشیکا اسمرتی دیوس" آنے والی نسلوں کو بھی یاد دلائے گا کہ کتنی بڑی قیمت ادا کر کے ہمیں آزادی ملی ہے۔ وہ اس درد ، اس تکلیف کو سمجھ سکیں گے جو تقسیم کے وقت کروڑوں ہندوستانیوں نے برداشت کیاتھا ۔
ساتھیوں ،
گُروبانی ہمیں سکھاتی ہے – سوکھو ہووے سیو کمانیا۔
یعنی خوشی دوسروں کی خدمت سے ہی آتی ہے۔ ہم خوش تب ہوتے ہیں جب ہم اپنے ساتھ ساتھ اپنوں کا درد بھی محسوس کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ، آج ، دنیا میں کہیں بھی ، اگر کوئی ہندوستانی مشکل مبتلا ہوتا ہے تو ہندوستان اپنی پوری طاقت سے اس کی مدد کے لیے کھڑا ہو جاتا ہے۔ کورونا کے دوران کا دور ہو یا افغانستان کا موجودہ بحران ، دنیا نے اس کا مسلسل تجربہ کیا ہے۔ آپریشن دیوی شکتی کے تحت افغانستان سے سینکڑوں ساتھیوں کو ہندوستان لایا جا رہا ہے۔ چیلنج بہت ہیں ، حالات مشکل ہیں ، لیکن گرو کی مہربانی بھی ہمارے ساتھ ہے۔ ہم لوگوں کے ساتھ مقدس گرو گرنتھ صاحب کے 'سوروپ' کو بھی سر پر رکھ کر ہندوستان لائے ہیں۔
ساتھیوں ،
گزرے سالوں کے دوران ، ملک نے اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ انسانیت کا جو سبق ہمیں گروؤں نے دی تھی ، اسے سامنے رکھ کر ملک نے ایسی صورتحال سے ستائے ہوئے اپنے لوگوں کے لیے نئے قوانین بھی بنائے ہیں۔
ساتھیوں ،
آج جس طرح کے عالمی حالات پیدا ہو رہے ہیں ، اس سے ہمیں یہ احساس بھی ہو رہا ہے کہ ایک بھارت ، شریشٹھ بھارت کا کیا مطلب ہے۔ یہ واقعات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ بحیثیت قوم ہر سطح پر خود انحصاری اور خود اعتمادی کیوں ضروری ہے۔ لہذا ، آج جب ہم آزادی کا75 واں سال منا رہے ہیں ، تو یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی قوم کی بنیاد کو مضبوط کریں اور اس پر فخر کریں۔ آزادی کا امرت مہوتسو آج اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ امرت مہوتسو میں آج گاؤں گاؤں میں مجاہدین آزادی کو یاد کیا جا رہا ہے ، ان کو اعزاز بخشا جا رہا ہے۔ ملک میں جہاں بھی جدوجہد آزادی کے اہم سنگ میل ہیں ، انہیں سرخرو کرنے کے لیے ایک سرشار سوچ کے ساتھ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ملک کے قومی ہیروزسے وابستہ مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ وہاں نئی جہتیں بھی شامل کی جا رہی ہیں۔ جلیانوالہ باغ کی طرح آزادی سے وابستہ دیگر قومی یادگاروں کی بھی تجدید کاری کی جا رہی ہے۔ الہ آباد میوزیم میں 1857 سے 1947 تک ہر انقلاب کی نمائش کرنے والی ملک کی پہلی انٹرایکٹو گیلری کی تعمیر جلد مکمل ہو جائے گی۔ انقلابی جانباز چندر شیکھر آزاد کےنام وقف یہ "آزاد گیلری"، مسلح انقلاب سے وابستہ اس دورکے دستاویزات، کچھ چیزیں اس کا بھی ایک ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرے گی۔ اسی طرح کولکاتہ کے" بپلوبی بھارت" گیلری میں بھی انقلاب کی علامتوں کو آنے والی نسلوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ پرکشش بنایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل حکومت کے ذریعہ آزاد ہند فوج کی خدمات کو بھی تاریخ کے پچھلے صفحات سے نکال کر سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انڈمان میں جہاں نیتا جی نے پہلی بار ترنگا لہرایا اسے بھی نئی شناخت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انڈمان کے جزائر کا نام بھی جدوجہد آزادی کے نام منسوب کیا گیا ہے۔
بھائیو ںاور بہنوں ،
آزادی کی عظیم قربانی میں ہمارے قبائلی معاشرے کا بڑا حصہ ہے۔ قبائلی گروہوں کی قربانیوں کی لازوال داستانیں آج بھی ہمیں تحریک دیتی ہیں۔ اسے تاریخ کی کتابوں میں بھی وہ مقام نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے۔ اس وقت ملک کی 9 ریاستوں میں قبائلی مجاہدین آزادی اور ان کی جدوجہد کو دکھانے والے عجائب گھروں پر بھی کام جاری ہے ۔
ساتھیوں ،
ملک کی یہ آرزو بھی تھی کہ ہمارےان فوجیوں کے لیے ایک قومی یادگار ہونی چاہیے جنہوں نے عظیم قربانیاں دیں۔ میں مطمئن ہوں کہ نیشنل وار میموریل آج کے نوجوانوں میں قوم کی حفاظت اور ملک کے لیے اپنا سب کچھ نچھاور کردینے کا جذبہ بیدار ہو رہا ہے۔ ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے ، پنجاب سمیت ملک کے کونے کونے سے جو ہمارے بہادر سپاہی شہید ہوئے ہیں ، آج انہیں اپنا صحیح مقام اور مناسب عزت ملی ہے۔ اسی طرح ، ہمارے پولیس اہلکاروں ، ہمارے نیم فوجی دستوں کے لیے بھی آزادی کی اتنی دہائیوں تک ملک میں کوئی قومی یادگار نہیں تھی۔ آج پولیس اور نیم فوجی دستوں کے نام وقف قومی یادگار بھی ملک کی نئی نسل کو تحریک دے رہی ہے۔
ساتھیوں ،
پنجاب میں شاید ہی کوئی ایسا گاؤں ہو ، ایسی گلی جہاں شجاعت اور بہادری کی کوئی داستان نہ ہو۔ گروؤں کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ، پنجاب کے بیٹے اور بیٹیاں مادر ہند کی طرف ٹیڑھی نظر رکھنے والوں کے سامنے چٹان کی طرح کھڑے ہو جاتےہیں۔ ہمارے اس ورثے کو مزید خوشحال بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گرو نانک دیو جی کا 550 واں پرکاش اوتسو ، گرو گوبند سنگھ جی کا 350 واں پرکاش اتسو ، یا گرو تیغ بہادر جی کا 400 واں پرکاش اتسو ہو ، یہ تمام سنگ میل خوش قسمتی سے صرف پچھلے 7 سالوں میں ہی آئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی کوشش ہے کہ ان مقدس تہواروں کے ذریعہ نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں ہمارے گروؤں کی تعلیمات عام ہو ۔ اپنے اس بیش بہا ورثے کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کا کام مسلسل جاری ہے۔ سلطان پور لودھی کو وراثتی شہر بنانے کا کام ہو ، کرتار پور راہداری کی تعمیر ہو ، وہ اسی کوشش کا حصہ ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ پنجاب کا ہوائی رابطہ ہو یا پھر ملک بھر میں جو ہمارے گروؤں کے مقامات ہیں ، ان سے رابطہ ہو، اسے مضبوط بنایا گیا ہے۔ آنند پور صاحب-فتح گڑھ صاحب-فیروز پور-امرتسر-کھٹکر کلاں-کلانور-پٹیالہ ہیریٹج سرکٹ کو سودیش درشن سکیم کے تحت فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارا یہ بیش بہا ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے ترغیب کا باعث بنتا رہے اور سیاحت کی صورت میں روزگار کا ذریعہ بھی بنے۔
ساتھیوں ،
آزادی کا یہ امرت دور پورے ملک کے لیے بہت اہم ہے۔ اس امرت دور میں ، ہمیں وراثت اور ترقی کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا ، اور پنجاب کی سرزمین ہمیں ہمیشہ اس کی ترغیب دیتی رہی ہے۔ آج ضرورت ہے کہ پنجاب ہر سطح پر ترقی کرے ، ہمارا ملک ہر سمت میں ترقی کرے۔ اس کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا ، 'سب کا ساتھ ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس ، اور سب کاپریاس' کے جذبے کے ساتھ ، ہمیں کام کرتے رہنا ہوگا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ جلیانوالہ باغ کی یہ سرزمین ہمیں اپنے عزائم کے لیے مسلسل توانائی دیتی رہے گی اور ملک جلد اپنے مقاصد پورا کرے گا۔ اس آرزو کے ساتھ ، ایک بار پھر اس جدید میموریل کی بہت بہت مبارکباد۔ بہت شکریہ!
*****
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
U-8421
(Release ID: 1750089)
Visitor Counter : 362
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Bengali
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam