خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت

عورتوں اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر محترمہ سمرتی ایرانی نے تشدد سے متاثرہ خواتین کے لئے ساتوں دن چوبیس گھنٹے والی ہیلپ لائن کا آغاز کیا


یہ ڈیجیٹل ہیلپ لائن عورتوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ جب بھی انھیں مدد کی ضرورت ہوگی ، ان کی حکومت اور ان کا کمیشن ان کے ساتھ ہوگا۔محترمہ ایرانی

Posted On: 27 JUL 2021 3:29PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی 27 جولائی 2021: ملک بھر میں خواتین کی حفاظت اور ان کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لئے اور خواتین کی ہر لحاظ سے بہتر بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی کوششوں کے مطابق عورتوں اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر محترمہ سمرتی زوبن ایرانی نے آج خواتین کے قومی کمیشن کی ساتوں دن چوبیس گھنٹے چلنے والی ہیلپ لائن نمبر۔ 7827170170کا افتتاح کیا۔ اس ہیلپ لائن کا مقصد تشدد کا شکار خواتین کو مدد فراہم کرنا ہے جس کے تحت انھیں پولیس، اسپتال، قانونی خدمات کے ضلع حکام، نفسیاتی خدمات تک رسائی دی جائے گی۔

image0018AKW.jpg

ہیلپ لائن کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کرتے ہوئے WCDکی مرکزی وزیر محترمہ ایرانی نے قومی کمیشن برائے خواتین کو یہ ہیلپ لائن شروع کرنے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہیلپ لائن خواتین کو یہ پیغام دیتی ہے کہ جب بھی انھیں مدد کی ضرورت ہوگی ان کی حکومت اور ان کا کمیشن ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انھوں نے قومی کمیشن برائے خواتین کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی جنھوں نے خواتین کی مدد کے لئے خصوصی طور پر عالمی وباء کے دوران بے انتہا تندہی کے ساتھ کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ NCW اور WCD کے درمیان اشتراک وتعاون سے مصیبت سے دو چار خواتین کی مدد میں زبردست مدد ملے گی۔

image002CB2T.jpg

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے NCW کی چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما نے کہا کہ اس ہیلپ لائن سے کمیشن کے شکایات سے متعلق موجودہ طریقہ کار کو استحکام ملے گا اور اس کے ذریعہ وہ خواتین جنھیں مدد چاہئے، وہ بروقت مدد اور صلاح مشورہ حاصل کرسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی سے ترغیب حاصل کرتے ہیں جو خواتین کی بہتری کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے سے خواتین کی سربراہی میں خواتین کو بااختیار بنانے تک ہم نے ان کی قیادت میں بہت سی تبدیلیاں دیکھی ہیں جن سے ہم ترغیب حاصل کرتے ہیں۔

ہیلپ لائن کا مقصد تشدد کا شکار خواتین کو 24 گھنٹے شکایات کے ازالے اور کاؤنسلنگ کی خدمات فراہم کرنا ہے جس کے لئے انھیں مناسب حکام مثلاً پولیس ، اسپتال ، قانونی خدمات کے ضلع حکام اور نفسیاتی مدد کے لئے متعلقہ افراد تک رسائی دینا ہے اور ان خواتین کو ایک واحد نمبر کے ذریعہ ملک بھر میں حکومت کے پروگراموں کی معلومات فراہم کرنا ہے۔ یہ ہیلپ لائن تربیت یافتہ ماہرین کی ایک ٹیم کے ساتھ کام کرے گی۔ اٹھارہ برس یا اس سے زیاد عمر کی کوئی بھی لڑکی یا خاتون اس ہیلپ لائن پر فون کرکے مدد مانگ سکتی ہیں جو نیشنل کمیشن فار ویمن، نئی دہلی کی عمارت سے چلائی جائے گی۔

عورتوں کے قومی کمیشن اپنے قانونی دائرہ اختیار میں ملک بھر میں تشدد/ زیادتی سے متاثرہ خواتین کی شکایات کو مختلف زمروں کے تحت نمٹاتا آیا ہے۔ یہ شکایات تحریری طور پر یا اس کی ویب سائٹ www.ncw.nic.in. کے ذریعہ موصول ہوتی ہیں۔ کمیشن ان شکایات کو سرگرمی سے نمٹاتا ہے تاکہ مصیبت میں گرفتار خواتین کو جلد ازجلد راحت مل سکے۔ شکایات کے پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے اور توسیع دینے کے لئے کمیشن نے یہ ڈیجیٹل ہیلپ لائن شروع کی ہے۔ یہ ہیلپ لائن ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن، الیکٹرونکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے۔

NCW خواتین کی حفاظت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پریشان خواتین کے لئے اپنے اقدامات کے تحت کمیشن نے یہ نئی ہیلپ لائن شروع کی ہے۔ یہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی تاکہ خواتین کے تشدد کے معاملوں میں بروقت مدد دی جاسکے۔

عورتوں اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر محترمہ سمرتی زوبن ایرانی نے ساتوں دن 24 گھنٹے کام کرنے والی ہیلپ لائن کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کیا۔ جس میں ان کے ہمراہ WCD کے سکریٹری جناب اندیور پانڈے اور NCW کی چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما بھی تھیں۔ اس موقع پر کمیشن کے ارکان اور جناب ونے ٹھاکر، سینئر ڈائرکٹر (ریسرچ) ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن بھی موجود تھے۔

****

 

ش ح۔ رف ۔ س ا

U. No: 7096

 


(Release ID: 1739735) Visitor Counter : 447