وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے کیرالا میں بجلی اور شہری شعبے کے اہم پروجیکٹس کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا


آج سے شروع ہونے والے ترقیاتی کام کیرالا کے تمام حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور یہ مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں: وزیر اعظم

پچھلے چھ سالوں میں ہندوستان کی شمسی توانائی کی صلاحیت میں 13 گنا اضافہ ہوا ہے: وزیراعظم

کسانوں کو شمسی شعبے سے منسلک کیا جارہا ہے تاکہ ہمارے اَنّ داتا کو اُرجا داتا بنایا جاسکے : وزیر اعظم

ترقی اور گڈ گورننس ذات پات، نسل، جنس، مذہب یا زبان نہیں جانتی: وزیر اعظم

Posted On: 19 FEB 2021 6:22PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی:19،فروری، 2021: وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کیرالا کے اروویکارا میں پوگلور۔ تھریسور پاور ٹرانسمیشن پروجیکٹ، کاسرگوڈ سولر پاور پروجیکٹ اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے دوران انھوں نے ترووننت پورم میں انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور اسمارٹ روڈس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اس موقع پر کیرالا کے وزیر اعلی کیرالہ جناب پنارائی وجاین، بجلی، نئی اور قابل تجدید توانائی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب راج کمار سنگھ اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والے ترقیاتی کام کیرالا کے تمام علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ یہ پروجیکٹس کیرل کی خوبصورت ریاست کو بااختیار اور طاقتور بنائیں گے، جس کے لوگ ہندوستان کی ترقی میں بھرپور تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2000 میگاواٹ صلاحیت کے حامل جدید ترین  پوگالور- تھریسور ہائی وولٹیج ڈائرکٹ کرنٹ سسٹم کا آج افتتاح کیا جو کہ نیشنل گرڈ کے ساتھ کیرالا کا پہلا ایچ وی ڈی سی انٹرکنکشن ہے۔ اس سے ریاست کی بڑھتی ہوئی بجلی مانگوں کو پورا کرنے کے لئے بجلی کی بڑی مقدار کی منتقلی کی سہولت فراہم ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں ٹرانسمیشن کیلئے  وی ایس سی کنورٹر ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیرالا بڑی حد تک قومی گرڈ سے بجلی کی درآمد پر منحصر ہے کیوں کہ اس کی داخلی بجلی کی پیداوار کی موسمی نوعیت ہے اور ایچ وی ڈی سی نظام اس خلا کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس پروجیکٹ میں استعمال ہونے والا ایچ وی ڈی سی سامان ہندوستان میں بنایا گیا ہے اور اس سے آتم نربھر بھارت تحریک کو تقویت ملتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی میں ہماری حصولیابی آب وہوا کی تبدیلی کے خلاف ایک مضبوط لڑائی کو یقینی بناتی ہے جو کہ ہمارے صنعتکاروں کی بہتری  کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بھی شمسی شعبے سے جوڑا جارہا ہے تاکہ ہمارے اَنّ داتا کو اُرجا داتابنایا جاسکے۔ پی ایم کُسم یوجنا کے تحت 20 لاکھ سے زیادہ سولر پاور پمپ کسانوں کو فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چھ برس کے دوران ہندوستان کی شمسی توانائی کی صلاحیت 13 گنا بڑھی ہے۔ ہندوستان نے بین الاقوامی شمسی اتحاد کے ذریعے پوری دنیا کو ایک ساتھ لانے کا کام بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہر ترقی کے انجن اور اختراع کے پاور ہاؤس ہیں۔ ہمارے شہروں میں تین حوصلہ افزا رجحانات دیکھنے کو مل رہے ہیں: تکنیکی ترقی، سازگار آبادی فائدہ اور گھریلو طلب میں اضافہ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسمارٹ سٹیز مشن کے تحت انٹیگریٹیڈ کمانڈ اور کنٹرول مراکز شہروں کو بہتر شہری منصوبہ بندی  اور انتظام میں مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کمانڈ سینٹر کے 54 پروجیکٹس آپریشنل ہوچکے ہیں اور اس طرح کے 30پروجیکٹس عملدرآمد کے مختلف مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مراکز وبائی مرض کے دوران خاص طور پر کارآمد تھے۔ اسمارٹ سٹیز مشن کے تحت کیرالا کے دو اسمارٹ شہر کوچی اور تھرووننتھاپورم نے اہم پیش رفت کی ہے۔ 773 کروڑ روپئے کی مالیت کے 27 پروجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 2000 کروڑ روپئے کے 68پروجیکٹس پائپ لائن میں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اَمرُت شہروں کو اپنے گندے پانی کی صفائی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے اور اپ گریڈ کرنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ 1100 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت کے کُل 175 پانی کی سپلائی کے پروجیکٹس کیرالا میں اَمرُت کے تحت شروع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج افتتاح کردہ اروویکارا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ  70 کروڑ روپئے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔ اس سے تقریباً 13 لاکھ شہریوں کی زندگی بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ اس سے تھرووننتھاپورم میں فی کس پانی کی سپلائی بہتر ہوکر 150 لیٹر یومیہ ہوجائے گی جبکہ پہلے 100 لیٹر یومیہ پانی فراہم کیاجاتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی پورے ہندوستان کے لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شیواجی نے سوراج پر زور دیا، جہاں ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقوں تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی نے ایک مضبوط بحریہ تشکیل دی تھی اور ساحلی ترقی اور ماہی گیروں کی فلاح وبہبود کیلئے سخت محنت کی تھی۔ حکومت اُن کے وِژن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت دفاعی شعبے میں آتم نربھر بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ دفاع اور خلائی سیکٹر میں زبردست اصلاحات ہوئے ہیں، ان کوششوں سے بہت سارے باصلاحیت ہندوستانی نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نیلی معیشت میں سرمایہ کاری کررہا ہے۔ ماہی گیر برادریوں کیلئے ہماری کوششیں زیادہ قرض، اضافہ شدہ ٹیکنالوجی، اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے اور حکومت کی پالیسیوں کی مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیاں ہندوستان کو سمندری خوراک کی برآمدات کا مرکز بنانے کو یقینی بنائیں گی۔

ملیالم کے عظیم شاعر کماراناشن کاحوالہ دیتے ہوئے

‘‘ میں نہیں پوچھ رہا ہوں

آپ کی ذات بہن،

میں پانی مانگتا ہوں،

میں پیاسا ہوں’’

وزیراعظم نے کہا کہ ترقی اور گڈگورننس ذات، پات، نسل ، جنس، مذہب یا زبان نہیں جانتی ہے۔ ترقی سبھی کیلئے ہے اور یہی سب کا ساتھ،سب کا ویکاس، سب کا وشواس کا نچور ہے۔ وزیراعظم نے کیرالا کے عوام سے یکجہتی اور ترقی کے اس مشترکہ وِژن کو حقیقت بنانے اور آگے بڑھنے کیلئے تعاون کی اپیل کی۔

 

 

-----------------------

ش ح۔م ع۔ ع ن

U NO:1758


(Release ID: 1699561) Visitor Counter : 198