وزارت اطلاعات ونشریات

سنیما ہالوں کو صد فیصد صلاحیت کے ساتھ چلایا جاسکتا ہے، جناب پرکاش جاوڈیکر نے فلموں کی نمائش کے لئے ایس او پی جاری کیا

Posted On: 31 JAN 2021 12:55PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  31 /جنوری 2021 ۔ مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر نے آج سنیما ہالوں اور تھیٹروں میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضروری انسدادی تدابیر پر مشتمل ایک معیاری آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) جاری کیا۔ اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اب سنیما ہال پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور کووڈ سے متعلق پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا، تاہم لوگ تھیٹروں کے اندر اسٹالوں سے کھانے پینے کا سامان خرید سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کووڈ کے سبب لگائی گئی پابندیاں ختم ہونے کے قریب ہیں۔

 

 

حکومت ہند کی وزارت داخلہ نے حکم نامہ نمبر 40-3/2020-DM-I(A) مجریہ 27 جنوری 2021 کے ذریعے سنیما ہالوں اور تھیٹروں کو کھولنے کی اجازت دی ہے۔ اسی تناظر میں یہ ایس او پی جاری کیا گیا ہے۔

ایس او پی شروعات میں ہی کہتا ہے کہ بندش والے علاقوں (کنٹنمنٹ زون) میں فلم کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقے، اپنے علاقائی جائزے کی بنیاد پر اضافی تدابیر کی تجویز پیش کرسکتے ہیں۔ ایس او پی میں سنیما ہالوں کے اندر صد فیصد بیٹھنے کی صلاحیت کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

ایس او پی واضح کرتا ہے کہ احاطے کے اندر کووڈ سے متعلق سبھی حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جانا چاہئے۔ عمومی رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تنفسی آداب پر عمل کیا جانا چاہئے، جن میں فیس ماسک کا استعمال اور آڈیٹوریم کے باہر، کامن ایریاز اور ویٹنگ ایریاز میں ہمیشہ ایک دوسرے سے کم از کم 6 فٹ کی دوری برقرار رکھنا شامل ہیں۔  تھوکنے پر پابندی ہوگی اور آروگیہ سیتو ایپ کا استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

ناظرین کی تھرمل اسکریننگ داخلہ دروازے پر ہی کی جائے گی اور باہر نکلنے کے دوران بھیڑ سے بچنے کے لئے قطاربند طریقے سے نکاسی کا نظم کیا جانا چاہئے۔ سنگل اسکرین سنیما ہال اور کئی اسکرین والے ملٹی پلیکس میں ایک شو کے ختم ہونے اور دوسرے شو کے شروع ہونے کے درمیان خاطرخواہ وقفہ یقینی بنایا جانا چاہئے اور قطاربند طریقے سے ناظرین کے داخل ہونے اور باہر نکلنے کا نظم کیا جانا چاہئے۔ بھیڑ سے بچنے کے لئے کئی اسکرین والے ملٹی پلیکس میں شو کے وقت خاطرخواہ وقفہ یقینی بنایا جانا چاہئے۔

ایس او پی، ٹکٹوں، اشیائے خورد و نوش کی ادائیگی کے لئے کانٹیکٹ لیس ڈیجیٹل لین دین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ خاطرخواہ تعداد میں باکس آفس کاؤنٹر کھولے جانے چاہئیں اور کاؤنٹر پر پورے دن ٹکٹوں کی خرید کا نظم ہونا چاہئے۔ بھیڑ سے بچنے کے لئے سیل کاؤنٹروں پر ایڈوانس بکنگ کی سہولت ہونی چاہئے۔

پورے احاطے کی صفائی (سینیٹائزیشن) پر زور دیتے ہوئے ایس او پی میں کہا گیا ہے کہ پورا احاطہ، مشترکہ سہولتوں اور انسانی رابطوں میں آنے والے سبھی پوائنٹس جیسے ہینڈل، رلنگ وغیرہ کی بار بار صفائی یقینی بنائی جانی چاہئے اور فلم کی ہر نمائش کے بعد آڈیٹوریم کو سنیٹائز کیا جانا چاہئے۔

ایس او پی میں کووڈ کے خلاف عوامی بیداری کے لئے خصوصی تدابیر کے بارے میں بتایا گیا ہے، اعلانات، اسٹینڈ، پوسٹروں وغیرہ کے ذریعے پورے احاطے میں ’کیا کریں‘ اور ’کیا نہ کریں‘ کی نمائش کی جانی چاہئے۔

تفصیلی ایس او پی کے لئے درجہ ذیل لنک پر کلک کریں:

https://mib.gov.in/sites/default/files/FINAL%20SOP%20for%20Exhibition%20of%20Films%20%281%29.pdf

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 1000

31.01.2021



(Release ID: 1693816) Visitor Counter : 203