نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر نے STEMسے متعلق ملازمتوں میں صنفی تفریق کو ختم کرنے کے لئے کہا


انجینئرنگ کے نصاب کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت تاکہ ڈاٹا سائنس میں انقلاب لایا جاسکے:نائب صدر جناب نائیڈو

اساتذہ بچوں میں ریاضی سے دلچسپی پیدا کرنے کے لئے اختراعی طریقے استعمال کریں:نائب صدر

عوام میں خاص طور سے بچوں میں سائنسی مزاج پروان چڑھانا وقت کی ضرورت

نائب صدر نے چنئی کے انسٹی ٹیوٹ آف میتھمیٹکل سائنسز کے اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی

انھوں نے انسٹی ٹیوب کے رہائشی ونگ کا افتتاح کیا

Posted On: 05 JAN 2021 1:27PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی 5 جنوری2021: بھارت کے نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ بھارت کا دنیا میں سائنس ٹکنالوجی انجینئرنگ اور میتمیٹکس STEM- کی خاتون گریجویٹس کا اوسط سب سے زیادہ ہے جو کہ تقریبا 40 فیصد ہے لیکن بھارت میں STEM ملازمتوں میں ان کی حصہ داری بہت کم یعنی 14 فی صد ہی ہے اور اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹر کی سطح کی تعلیم میں بھی بڑے پیمانے پر درستگی کے اقدامات مطلوب ہیں۔

اس بارے میں جناب نائیڈو نے کہا کہ آئی آئی ٹی میں طالبات کی تعداد بہتر کرنے کے لئے حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں 2016 میں یہ 8 فی صد سے بڑھ کر اب تقریبا 20 فیصد ہوگیا ہے ۔ انھوں نے سائنس اور ٹکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے خاتون سائنسدانوں کے پروگرام کو سراہتے ہوئے اسے ایک قابل تحسین قدم بتایا جس سے خواتین کی سائنس اور ریاضیات میں کیرئر بنانے کے لئے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی خاتون سائنسدانوں کی عزت افزائی کرنی چاہئے تاکہ بچوں کو سائنس کے میدان میں آنے کی ترغیب ملے۔

انسٹی ٹیوٹ آف میتھمیٹکل سائنس (آئی ایم ایس سی) ، چنئی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب صدر نے STEM میں رجحانات کے بارے میں بات کی اور ہم کس طرح ڈاٹا سائنس انقلاب کے تمام امکانات کو بروئے کار لاکر روزگار کے میدان میں بڑے کام کرسکتے ہیں۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ ڈاٹا نے کام کرنے کے طریقے کو تبدیل کردیا ہے اور یہ کہ ہمیں اپنے روایتی انجینئرنگ نصاب سے آگے بڑھتے ہوئے اپنے نوجوانوں کو نئی ہنرمندیوں سے روشناس کریں اور ایسا کرتے ہوئے ہمیں صنعت کی موجودہ مانگوں کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔

آئی آئی ٹی جیسے قومی اداروں کی جانب سے فاصلاتی کورسوں میں توسیع پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے تکنیکی کورسوں کو علاقائی زبانوں میں پڑھانے کو کہا تاکہ زیادہ تعداد میں طلبا اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

سائنس کی تعلیم کی مقامی زبانوں دستیابی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس سے طلبا مضمون کو بہتر طور سے سمجھ سکیں گے اور اس سے اختراع میں مدد ملے گی۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی زبان کو مسلط نہ کیا جائے اور نہ کسی زبان کی مخالفت کی جائے۔ انھوں نے عوام سےکہا کہ وہ جتنی ممکن ہوں اتنی زبانیں سیکھیں لیکن اولین اہمیت اپنی مادری زبان کو دیں۔

میتھمیٹکس کی اہمیت اور اس مضمون میں بھارت کی مالا مال وراثت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے  بھارت کے عظیم ماہر ریاضیات سری نواس رامانوجن کی خدمات کو یاد کیا ۔ بچوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ بچوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور صلاحیتوں کو تلاش کرنا اور انھیں پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔

کووڈ-19 کی دیسی ویکسین تیار  کرنے والے سائنسدانوں کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے اسے بھارت کے لئے سائنس کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ۔ نائب صدر نے کہا کہ وہ قوم کے مستقبل کے لئے پراعتماد ہیں اور اس میں ہمارے سائنسدانوں کی لگن اور نوجوان تحقیق کاروں کے جواش وجذبے کا بڑا ہاتھ ہے۔

کووڈ-19 عالمی وبا کے بارے میں بات کرتے ہوئے نائب صدر نے فطرت کا احترام کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے خبردار کیا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور اسکے منفی اثرات سے ہماری زندگی متاثر ہوگی۔ قدرت کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ صحت افزا طرز زندگی اختیار کریں۔ یوگا کریں اور اچھی طرح سے پکایا گیا تغذیہ بخش کھانا کھائیں۔

جناب نائیڈو نے نوجوانوں میں موبائل فون کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے رجحان پر تشویش ظاہر کی کیونکہ اس سے انسان کی توجہ بٹ جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بہت سے بچے میتھمیٹکس سے ڈرتے ہیں اور اس مضمون سے انہیں گھبراہٹ ہونے لگتی ہے۔ انھوں نے تعلیم دینے والوں پر زور دیا کہ وہ رٹنے کے طریقوں کے بجائے اختراعی طریقے استعمال کریں تاکہ بچے اس مضمون سے گھبرانا چھوڑی دیں۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے نائب صدر نے نئی تعلیمی پالیسی کو مکمل طور سے لاگو کیا جائے اور پرائمری تعلیم میں طلبا رخی تبدیلیاں لائی جائیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے آئی ایم ایس کی جانب سے معیاری بنیادی ریسرچ کے بڑھانے کے لئے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ خاص طور سے بھارت میں واقع نیوٹرینوآبزرویٹری(INO) میگاسائنس پروجیکٹ میں اسکی شمولیت پر خوشی ظاہر کی۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس جرأت مندانہ پروجیکٹ سے سائنسی میں بھارت کی عالمگیر حیثت کو اور بھی استحکام حاصل ہوگا۔

جناب نائیڈو نے انسٹی ٹیوٹ کی اس بات کے لئے بھی تعریف کی کہ اس نے تملناڈو میں سائنس کی رسائی کا پروگرام تیار کیا اور زور دے کر کہا کہ عوام میں، خاص طور سے بچوں میں سائنسی مزاج کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر نائب صدر نے DAEنوڈل سنٹر،پلاورم ، چنئی میں IMS کے نئے رہائشی ونگ کا ورچوئل طریقے سے افتتاح بھی کیا۔

تملناڈو کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر جناب کے پی امبلگن،IMS کے ڈائریکٹر پروفیسر وی اروند، ایٹمک انرجی ڈپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر، IGCAR ڈاکٹر ارون کمار بھادری، اعلیٰ تعلیم محکمے میں پرنسپل سکریٹری محترمہ سیلوی اپوروا، IMS کے رجسٹرار جناب ایس وشنو پرساد، کے علاوہ طلبا اور عملے کے دیگر افراد اس موقع پر موجود تھے۔

****

م ن۔ر ف۔ س ا

U-125



(Release ID: 1686426) Visitor Counter : 124