وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے راج کوٹ میں ایمس کا سنگ بنیاد رکھا


ایمس راج کوٹ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے  کے ساتھ ساتھ گجرات میں روزگار کے مواقع فراہم کرے گا: وزیر اعظم

کووڈ کے خلاف جنگ میں گجرات نے راہ دکھائی ہے: وزیر اعظم

10 نئے ایمس اور اسپیشلٹی اسپتالوں کی تعمیر کا کام جاری ہے: وزیراعظم

2020 صحت چیلنجوں کا سال تھا، 2021 صحت کا حل نکالنے کا سال بننے جا رہا ہے: وزیر اعظم

2021 میں ہندوستان عالمی صحت کے اعصابی مرکز کی حیثیت سے اپنے کردار کو مستحکم کرے گا: وزیراعظم

ہم سال کے آخری دن فرنٹ لائن کورونا واریئرس کو یاد کرتے ہیں

Posted On: 31 DEC 2020 12:55PM by PIB Delhi

نئی لّی ، 31دسمبر 2020/  وزیر اعظم  جناب نریندر مودی نے آج ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایمس راج کوٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت، گجرات کے وزیر اعلی وجئے روپانی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ان لاکھوں ڈاکٹروں، صحت کے کارکنوں، اسکیوینجرز اور دیگر فرنٹ لائن کورونا واریئرس کی کاوشوں کو یاد کیا، جنہوں نے انسانیت کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کو مسلسل داؤ پر لگائے رکھا۔ انہوں نے سائنسدانوں اور ان تمام لوگوں کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے اس مشکل وقت میں پوری لگن کے ساتھ غریبوں کو کھانا مہیا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال نے یہ باور کرا دیا ہے کہ جب ہندوستان متحد ہوجاتا ہے تو وہ مشکل ترین بحران کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موثر اقدامات کے نتیجے میں ہندوستان بہت بہتر پوزیشن میں ہے اور کورونا کے متاثرین کو بچانے کا ہندوستان کا ریکارڈ دوسرے ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ویکسین کے بارے میں ہر ضروری تیاری جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی ویکسین بنانے کی کوششیں حتمی مراحل میں ہیں، جسے تیزی سے ملک کے ہر کونے تک پہنچایا  جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی حفاظتی ٹیکہ سازی مہم چلانے کے لئے بھارت کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جس طرح سے ہم نے انفیکشن سے بچنے کی کوشش کی تھی، اسی طرح ٹیکہ کاری کی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

جناب مودی نے کہا کہ ایمس راج کوٹ صحت کے انفراسٹرکچر، طبی تعلیم کو فروغ دے گا اور گجرات میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 ہزار کے قریب براہ راست ملازمتیں اور بہت ساری بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ کووڈ سے لڑنے میں گجرات کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گجرات نے کووڈ سے لڑنے میں راہ دکھائی ہے۔  گجرات نے کورونا چیلنج کا مقابلہ، جس طرح بہتر ڈھنگ سے کیا، اس کا سہرا انہوں نے گجرات کے مضبوط طبی ڈھانچے کے سرباندھا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل سیکٹر میں گجرات کی اس کامیابی کے پیچھے دو دہائیوں کی انتھک محنت، لگن اور عزم کا ہاتھ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کے بعد کے کئی عشروں کے بعد بھی  ملک میں صرف 6 ایمس ہی قائم ہوئے تھے۔  2003 میں اٹل جی کی حکومت کے دوران  مزید 6 ایمس کے قیام کے لئے اقدامات کیے گئے تھے۔  انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے 6 سالوں میں  10 نئے ایمس پر کام شروع ہوا ہے اور ان میں سے کئی کا افتتاح بھی ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمس کے ساتھ ساتھ 20 عدد سپر اسپیشلیٹی ہاسپٹل بھی تعمیر ہورہے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ 2014 سے پہلے ہمارے صحت کے شعبے کے مختلف پہلو مختلف سمتوں اور طریقوں کی طرف کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد  صحت کے شعبے نے اجتماعی طور پر کام کیا ہے اور اس سے بچاؤ کی دیکھ بھال پر زور دیا گیا ہے، جبکہ علاج کی جدید سہولیات کو بھی ترجیح دی جارہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کے علاج معالجے کی لاگت کو کم کیا اور ساتھ ہی ڈاکٹروں کی تعداد میں تیزی سے اضافے پر بھی زور دیا  ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت دور دراز علاقوں میں تقریباً 1.5 ملین  صحت اور فلاح و بہبود کے مراکز قائم کرنے کا کام جاری ہے اور ان میں سے 50000 مراکز نے پہلے ہی کام شروع کردیا ہے۔ ان میں سے 5 ہزار کے قریب مرکز  تنہا گجرات میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 7000 جن اوشدھی سنٹر میں تقریباً 3.5 لاکھ غریب مریضوں کو کم قیمت پر ادویات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے لوگوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے اقدامات کی وضاحت بھی کی۔

وزیر اعظم نے کہا اگر 2020 صحت چیلنجوں کا سال تھا تو 2021 صحت کے حل کا سال بننے جا رہا ہے۔ بہتر صحت سے آگاہی کے ساتھ دنیا صحت کے حل کی طرف گامزن ہوگی۔  وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ صحت کے حل میں بھارت اہم کردار ادا کرے گا، کیونکہ اس نے 2020 کے چیلینجز کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 کے صحت کے حل کے لئے ہندوستان کی شراکت  صحت کا حل نکالنے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔  ہندوستانی طبی پیشہ ور افراد کی صلاحیت اور خدمت کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ، بڑے پیمانے پر حفاظتی ٹیکوں کے تجربے جیسی مہارت کے ساتھ ہندوستان دنیا کو بہترین اور سستا حل فراہم کرے گا۔ ہیلتھ اسٹارٹ اپس صحت کے حل اور ٹکنالوجی کو مربوط کر رہے ہیں اور صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی بنا رہے ہیں۔  جناب مودی نے کہا کہ بھارت صحت کے مستقبل اور  مستقبل کے صحت دونوں کے لئے ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب بیماریاں عالمگیریت کی شکل اختیار کررہی ہیں، عالمی صحت کے حل کے لئے مربوط عالمی ردعمل کا وقت آگیا ہے۔ بھارت نے بطور عالمی کھلاڑی یہ کام انجام دیا ہے۔ بھارت نے طلب کے مطابق خود کو ڈھالنے، تیار کرنے اور  اپنی صلاحیت  کو  احسن طریقے سے ثابت کیا ہے۔ بھارت نے دنیا کے ساتھ سفرکیا اور اجتماعی کوششوں میں  اپنی قابل قدر  شراکت داری  مہیا کی ہے۔ 2021 میں بھارت عالمی سطح پر صحت کے اعصابی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور ہمیں مستقبل میں بھارت کے اس رول کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ج ق ۔ ت ع )

U. No. 8568



(Release ID: 1685045) Visitor Counter : 234