نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے سابق وزیر اعظم جناب پی وی نرسمہا راؤ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا
سابق وزیر اعظم کی جرأت مندانہ اصلاحات سے ملک کی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد ملی
جناب راؤ کی قیادت میں ملک کئی آزمائشوں سے کامیاب گزرا
نائب صدر نے جناب نرسمہا راؤ پر تیلگو زبان میں ایک کتاب کا اجرا کیا
Posted On:
27 DEC 2020 2:38PM by PIB Delhi
نئی دہلی27 دسمبر2020: نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج سابق وزیر اعظم جناب پی وی نرسمہا راؤ کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے جرأت مندانہ اقتصادی اصلاحات سے ملک کی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد ملی۔
نائب صدر نے سینئر صحافی اے کرشنا راؤ کی تحریر کردہ تیلگو کتاب بعنوان‘‘وپلوا تپسوی:۔پی وی’’ کا حیدرآباد میں اجرا کرتے ہوئے کہا کہ جناب نرسمہا راؤ نے بحیثیت وزیر اعظم جب ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اس وقت ملک کو شدید اقتصادی بحران اور سیاسی اعتبار سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ جناب راؤ نے بہرحال کئی سیاسی پنڈتوں کی توقعات سے بھی بڑھ کر کام کیا اور اپنے عہد میں مؤثر طور پر ملک کو ایک سے زیادہ آزمائشوں سے کامیاب گزارا۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ایک دوراندیش منتظم تھے۔ اگر چہ ان کی نافذ کردہ بعض پالیسیوں سے اتفاق نہیں بھی کیا جاسکتا ہے لیکن ان کے بعض وسیع تر اقدامات اصلاً ملک کے مفاد میں تھے۔ انھوں نے عالمی تجارتی تنظیم میں ہندوستان کے داخلے کی راہ ہموار کی۔
جناب صدر نے کہا کہ جناب نرسمہا راؤ نے جو دیگر اقدامات کئے ان میں لائسنس راج ختم کرنا، بنکاری اصلاحات ، بجلی کی نج کاری، ٹیلی کام شعبے کی جدت کاری کے علاوہ برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ انھوں نے زرعی شعبے میں بھی اصلاحات کا عمل شروع کیا اور غذائی اجناس کے نقل وحمل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کیں۔
جناب نائیڈو نے یہ تذکرہ بھی کیا کہ سابق وزیر اعظم نے 73 ویں اور 74 ویں آئینی ترمیمات کے ذریعہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا۔ سابق وزیر اعظم کو ایک ہمہ جہت شخصیت قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جناب راؤ ایک بڑے عالم اور ادیب تھے اور انھیں کئی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ اسی کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بہرحال ان کی صلاحیتوں کا پوری طرح سے اعتراف نہیں کیا گیا۔
جناب نرسمہا راؤ سے متعلق کتاب لکھنے پر جناب کرشناراؤ کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی کتابوں کا مطالعہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ عظیم خواتین ومرد حضرات کے بارے میں کتابیں اور یادگاری لیکچر کا مقصد یہ ہے کہ اس سے دوسرے لوگوں کو ترغیب ملے۔
راجیہ سبھا کے پارلیمانی رکن کے۔کیشوراؤ، جناب کرشنا راؤ اور ناشر جناب رگھویندر راؤ اس موقع پر موجود تھے۔
******
م ن۔ ر ف ۔ س ا
U: 8459
(Release ID: 1684047)
Visitor Counter : 146