صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

جمہوری نظام میں کسی بحث کو تنازعہ بننے سے روکنے کے لئے مذاکرات سب سے اچھا طریقہ ہے : صدر کووند


صدرِ جمہوریۂ ہند نے کیوڑیا میں پریزائڈنگ افسران کی 80 ویں کل ہند کانفرنس کا افتتاح کیا

Posted On: 25 NOV 2020 1:58PM by PIB Delhi

 

نئی لّی ، 25 نومبر  / صدرِ جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج  گجرات کے کیوڑیا میں  پریزائڈنگ افسران کی 80 ویں کل ہند کانفرنس  کے  افتتاح کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک  جمہوری  نظام میں  مذاکرات  کا راستہ   کسی بحث کو  تنازعہ بننے سے روکنے کے لئے بہترین طریقۂ کار ہے ۔

          صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک پارلیمانی جمہوریت میں حکمران جماعت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کا بھی اہم کردار ہوتا ہے اور اس لئے اِن دونوں کے درمیان ہم آہنگی ، تعاون اور با معنی غور و خوض ضروری ہے ۔  یہ پریزائڈنگ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان میں عوامی نمائندوں کو بحث کے لئے سازگار ماحول مہیا کریں  اور مفید مذاکرات اور بحث و مباحثے کی حوصلہ افزائی کریں ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  عدل و انصاف ہمارے پارلیمانی جمہوری نظام کی اساس ہے۔ ایوان کے صدر نشیں اور  اسپیکر وقار اور فرض دونوں کی علامت ہیں ۔ اس کے لئے سنجیدگی اور انصاف کا احساس ہونا ضروری ہے۔ یہ غیر جانبداری ، حق پرستی اور انصاف کو بھی ظاہر کرتا ہے اور پریذائیڈنگ افسران سے توقع کی جاتی ہے کہ اُن کا رویہ ، اِن  اہم تصورات پر مبنی ہو گا ۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جمہوری نظام عوامی فلاح و بہبود کا سب سے موثر ذریعہ ثابت ہوا ہے ۔ اس لئے پارلیمنٹ اور قانون سازیہ کا رکن  ہونا ایک بڑے فخر کی بات ہے ۔ ارکان اور پریزائڈنگ افسران کو عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لئے ایک دوسرے کے وقار کو بر قرار رکھنا چاہیئے ۔ پریذائڈنگ افسران کا احترام کرکے ارکان پارلیمنٹ اور ارکانِ اسمبلی ، خود اپنے لئے اور پارلیمانی جمہوریت کے لئے احترام حاصل کرتے  ہیں ۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلیاں ہمارے پارلیمانی نظام  کی بنیاد ہیں  ۔ ان پر ہمارے ہم وطنوں کے مستقبل کے لئے کام کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔  پچھلی چند دہائیوں میں ، عوام کی توقعات ، امنگوں اور بیداری میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ  پارلیمنٹ اور قانون سازیہ کے کردار اور ذمہ داریوں پر مزید  توجہ دی جانے لگی ہے  ۔ عوامی نمائندوں سے امید کی جاتی ہے کہ وہ جمہوری اصولوں کے تئیں سچے رہیں ۔ جمہوری اداروں  اور عوامی نمائندوں کے سامنے سب سے بڑا چیلنج عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے ۔

          مقننہ ، عاملہ اور عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی اور تال میل – ایک فعال جمہوریت کے لئے کلید ، کے ، اِس سال کی کانفرنس کے موضوع پر  خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ حکومت کے تینوں ستون – عاملہ ، مقننہ اور عدلیہ – ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور  بھارت میں یہ روایات گہری جڑیں رکھتی ہیں ۔ انہوں نے اِس اعتماد کا اظہار کیا  کہ کانفرنس کے دوران غور و خوض سے حاصل ہونے والے نتائج کو اپنانے سے جمہوری نظام مزید مستحکم ہو گا ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ جمہوری نظام عوامی فلاح و بہبود کے عظیم مقصد سے ، خاص طور پر غریبوں ، پسماندہ طبقات اور ہمارے سماج کے محروم طبقوں کی بہتری اور ملک کی ترقی سے طے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکمرانی کے یہ تینوں ستون  ، اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) 

U. No. 7535

 



(Release ID: 1675802) Visitor Counter : 359