وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور امریکہ کے نومنتخب صدر عالی جناب جوسیف آر بائیڈن کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت


وزیر اعظم نے نومنتخب نائب صدر سینیٹر کملا ہیرس کو بھی دلی مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا

دونوں ملکوں کے رہنماؤں  نےمشترکہ اقدار اورآپسی مفادات پر مبنی ہند-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی

Posted On: 17 NOV 2020 11:50PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج امریکہ کے نومنتخب صدر عالی مرتبت جناب جوسیف آر بائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

وزیر اعظم جناب مودی نے نومنتخب صدر بائیڈن کوبحیثیت صدر منتخب ہونے پرپُرجوش مبارکباد دی اور اس انتخاب کو امریکہ کی مستحکم جمہوری   روایات کا بین ثبوت قرار دیا۔

وزیر اعظم نے امریکہ کی نومنتخب نائب صدر سینیٹر کملا ہیرس کو بھی دلی مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 2014 اور 2016 میں امریکہ کے اپنے سرکاری دورے کے دوران جناب جوسیف آر بائیڈن کے ساتھ اپنی سابقہ ملاقات اور بات چیت کو پرجوش انداز میں یاد کیا۔جناب بائیڈن نے وزیر اعظم کے 2016 کے امریکی دورے کے دوران امریکی کانگریس کے اس مشترکہ اجلاس کی بھی صدارت کی تھی، جس سے وزیر اعظم جناب مودی نے خطاب کیا تھا۔

دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور آپسی مفادات پر مبنی ہند-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مل کرکام کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے اپنی ترجیحات بشمول کووڈ-19 وباء کی روک تھام ، سستی ویکسن تک رسائی ، آب وہوا کی تبدیلی سے نمٹنے اور ہند- بحرالکاہل خطے میں اشتراک و تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

 

********

م ن۔م ع۔ن ع

(18.11.2020)

(U: 7319)



(Release ID: 1673649) Visitor Counter : 173