وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے اگلے پوسٹ پر جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی


میری دیوالی تب تک مکمل نہیں ہوتی جب تک میں فوجیوں کے درمیان نہیں آتا: لونگے والا پوسٹ سے وزیر اعظم

’بھارت توسیع پسند قوتوں کے خلاف مضبوط آواز کے طور پر ابھرا ہے‘

’اگر ہمارے صبر کا امتحان لیا جائے گا تو ہم برابری کی زبان میں جواب دیں گے‘

’آج بھارت دہشت گردی کے پیروکاروں کو ان کے گھر میں جاکر سبق سکھاتا ہے‘

Posted On: 14 NOV 2020 1:54PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  14 /نومبر 2020 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے کی اپنی روایت کو نبھاتے ہوئے بھارت کے اگلے سرحدی پوسٹ لونگے والا میں جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی، ان سے بات چیت کی اور انھیں خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی دیوالی تبھی مکمل ہوتی ہے جب وہ جوانوں کے ساتھ ہوتے ہیں، چاہے وہ برف پوش پہاڑ ہوں یا ریگستان۔ انھوں نے سرحد پر تعینات مسلح فوجی دستوں کو ملک کے ہر شہری کی طرف سے نیک خواہشات پیش کیں۔وزیر اعظم نے جوانوں کی ماؤں اور بہنوں کو بھی مبارک باد دیتے ہوئے ان کی قربانی کے لئے ان کا خیرمقدم کیا۔ اہل وطن کی طرف سے مسلح دستوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کے ساتھ 130 کروڑ بھارتی پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم نے زور دیا کہ آج کے طور میں وہی ملک محفوظ ہے جس کے پاس حملہ آوروں اور دراندازوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج بھلے ہی بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری میں بڑی تبدیلی آئی ہے، لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ سلامتی کی کلید چوکسی ہے، مسرت کا انحصار بیداری پر ہے اور مضبوط ہونے کا احساس فتح کے لئے خوداعتمادی ہے۔

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ بھارت کی پالیسی بہت واضح ہے۔ آج کا بھارت سمجھ اور بقائے باہم میں یقین رکھتا ہے۔ اگر ہمارے صبر کا امتحان لیا جائے گا تو ہم اسی زبان میں برابری سے جواب دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آج کی دنیا تسلیم کرتی ہے کہ بھارت اپنے قومی مفادات سے کسی بھی طرح کا سمجھوتہ کرنے والا نہیں ہے۔ ایسا بھارت کی بڑھتی صلاحیت اور عزم کی پختگی سے ممکن ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت آج بین الاقوامی سطح پر اپنے آپ کو مضبوطی سے رکھ پاتا ہے تو صرف اس لئے کیونکہ بھارت کے مسلح فوجی دستوں نے تحفظ کا ماحول بنایا ہے۔ بھارت کی فوجی قوت کے سبب ہی آج بھارت اسی کے ساتھ بالمشافہ بات چیت کرنے کا اہل ہوا ہے۔ آج بھارت دہشت گردی کے پیروکاروں کو ان کے گھر میں گھس کر سبق سکھاتا ہے۔

بھارت توسیع پسندانہ فکر والی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے معاملے میں مضبوط آواز بن کر ابھرا ہے۔ انھوں نے کہا کہ توسیع پسندی اٹھارہویں صدی کے رجحان کی علامت ہے اور اس ذہنی فتور سے حالیہ دور میں پوری دنیا پریشان ہے۔

’آتم نربھر بھارت‘ اور ’ووکل فار لوکل‘ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ فوجی دستوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 100 سے زیادہ طرح کے ہتھیار اور فوجی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے دیگر آلات اب درآمد نہیں کئے جائیں گے۔ انھوں نے لوکل فار ووکل کے تصور کی قیادت کرنے کے لئے فوجی دستوں کی ستائش کی۔

جناب مودی نے ملک کے نوجوانوں سے فوجی دستوں کے استعمال والے آلات تیار کرنے کی اپیل کی، جیسا کہ متعدد اسٹارٹ اَپ آگے آئے ہیں اور فوج کی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے جٹ گئے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں کی قیادت میں اسٹارٹ اپ دفاعی شعبے کے لئے ملک کو خودکفیل بننے کی راہ پر یقیناً آگے لے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فوجی دستوں سے ترغیب پاکر ہی آج ملک کووڈ کی وبا کے دور میں ہر ایک شہری کی حفاظت کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ ہر شہری کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک اپنی معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے مسلسل کام کررہا ہے۔

وزیر اعظم نے فوجیوں سے یہ باتیں کہیں۔ پہلی بات، اختراعات کو اپنے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں۔ دوسری بات، یوگا کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں اپنائیں، اور تیسری بات، اپنی مادری زبان، ہندی اور انگریزی کو چھوڑکر کوئی نئی زبان سیکھیں، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ آپ کی زندگی میں نئی توانائی بھردے گی۔

وزیر اعظم نے مشہور لونگے والا کی لڑائی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کو ہمیشہ فوج کی تیاریوں اور اسٹریٹیجک منصوبوں میں ہمیشہ جگہ ملے گی۔ یہ وہ وقت تھا جب پاکستانی فوج کا مکروہ چہرہ سامنے آیا تھا اور اس کی فوج بنگلہ دیش کے معصوم شہریوں پر ظلم ڈھارہی تھی اور ماؤں و بہنوں کے ساتھ ظلم کررہی تھی۔ پاکستان نے مغربی سرحد پر سرگرمیاں بڑھائیں تاکہ دنیا کی توجہ مبذول کرسکے۔ بدلے میں بھارت نے اس کو منھ توڑ جواب دیا۔

 

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 7240

14.11.2020



(Release ID: 1672935) Visitor Counter : 161