وزیراعظم کا دفتر

سوندھی اسکیم سے، اترپردیش میں مستفید ہونے والے افراد کے ساتھ وزیراعظم کی بات چیت کے دوران وزیراعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 27 OCT 2020 1:29PM by PIB Delhi

نئی دلی، 27؍ اکتوبر، ابھی جب پردھان منتری سوندھی یوجنا کے سبھی مستفیدین سے بات کر رہا تھا، تو یہ محسوس ہوا کہ سب کو ایک خوشی بھی ہے، اور ایک تعجب بھی ہے۔ پہلے تو نوکری پیشہ افراد کو بھی قرض لینے کے لئے بینکوں کے چکر لگانے پڑتے تھے۔ غریب آدمی، خوانچے والا، تو بینک  جانے کی بھی نہیں سوچ سکتا تھا، لیکن آج بینک خود چل کر آ رہے ہیں۔ بغیر کسی بھاگ دوڑ کے اپنا کام شروع کرنے کے لئے قرض مل رہا ہے۔ آپ سب کے چہروں پر یہ خوشی دیکھ کر مجھے بھی بہت اطمینان ہو رہا ہے۔ آپ سب کو آپ کے کام کے لئے خود کفیل ہو کر آگے بڑھنے کے لئے ، یو پی اور ملک کو آگے بڑھانے کے لئے میں بہت بہت نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور جب میں آج آپ سب سے بات کر رہا تھا۔

میں نے دیکھا تو بہت کم پڑھی لکھی اور عام غریبی میں جانے والی ہماری بہن پریتی اتنی خوداعتمادی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بھی سیکھ رہی ہے، اپنے روزگار کو آگے بڑھانے کےلئے کام کر رہی ہے اور پورے کنبے کو ہی ساتھ لے کر ان کی فکر کر رہی ہے۔ اسی طرح بنارس کے  بھائی  سے جب میں بات کر رہا تھا، اروند جی سے، تو اروند جی نے جو ایک بات بتائی، وہ سیکھنے والی ہے اور میں مانتا ہوں کہ ملک کے پڑھے لکھے لوگ سیکھیں گے۔ وہ سوشل ڈسٹینسنگ کے لئے  جو خود چیزیں بناتے ہیں، اس میں سے ایک چیز  تحفہ دیتے ہیں، مفت میں دیتے ہیں ۔ اگر اپنے اصولوں پر عمل کیا جائے، دیکھئے کتنا چھوٹا شخص کتنا بڑا کام کر رہا ہے۔ اس سے بڑی تحریک کیا ہو سکتی ہے اور جب ہم  لکھنؤ میں وجے بہادر جی سے بات کر رہے تھے، وہ تو ٹھیلہ چلاتے ہیں، لیکن بزنس کا مینجمنٹ ماڈل کیسے وقت کو بچاتے ہوئے کام کو بڑھانا ، بہت باریکی سے انہوں نے پکڑا ہوا ہے۔ دیکھئے یہی ہمارے ملک کی طاقت ہے، انہیں لوگوں سے ملک آگے بڑھتا ہے، انہیں کی کوششوں سے ملک آگے بڑھتا ہے۔

ہمارے ریہڑی ٹھیلے والے ساتھی اس کے لئے حکومت کا شکریہ ادا کر رہے ہیں، میرا شکریہ ادا کر رہے ہیں، لیکن میں اس کا سہرا سب سے پہلے اپنے سبھی بینکوں کو ، اپنے سبھی بینک کارکنوں کی محنت کو دیتا ہوں۔ بینک کارکنوں کی خدمت کے جذبے کے بغیر یہ کام اتنے کم وقت میں اتنا بڑا کام نہیں ہو سکتا تھا۔ ہمارے بینکوں کے سبھی کارکنوں کو میں آج دل سے بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں اور ان  کو بھی جب یہ غریب کے دل کے جذبے تک پہنچتی ہے، تو ان کا بھی کام کرنے میں جوش و جذبہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ ان سارے غریبوں کی دعائیں سب سے  پہلے ان بینک کے لوگوں کو ملنا چاہئیں، جنہوں نے لگاتار محنت کر کے آپ کی زندگی کو پھر دوبار ہ آگے بڑھانے کے لئے محنت کی ہیں اور اس لئے آپ کی ساری دعائیں، نیک خواہشات بینک کو لوگوں کو پہنچیں، یہی میری خواہش رہے گی۔ ہماری اس کوشش سے غریب کے تہواروں میں بھی روشنی پھیلی ہے۔ یہ بہت بڑا کام ہے۔ پروگرام میں میرے ساتھ منسلک رہنے والے اترپردیش کے وزیراعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ جی، یوپی سرکار کے دیگر وزرا ، یوپی کے سبھی ضلعوں سے متعلق سوندھی یوجنا کے ہزاروں مستفیدین، بینک سے منسلک سبھی تجربے کار حضرات اور میرے پیارے بھائیو اور بہنو، آج کا یہ دن خود کفیل بھارت کےلئے ایک اہم دن ہے۔

مشکل سے مشکل صورتحال کا بھی مقابلہ یہ ملک کیسے کرتا ہے، یوپی کے لوگ کیسے بحران سے نمٹنے کی طاقت رکھتے ہیں، یہ دن اس کا شاہد ہے۔  کورونا نے جب دنیا پر حملہ کیا تھا، تب بھارت کے غریبوں سے متعلق تمام اندیشے ظاہر کئے جا رہے تھے۔ میرے غریب بھائی بہنو کو کیسے کم سے کم تکلیف اٹھانی پڑے، کیسے  غریب اس مصیبت سے ابھرے، سرکار کی سبھی کوششوں کے  مرکز میں یہی فکر تھی ، اسی سوچ کے ساتھ ملک نے  ایک لاکھ 70ہزار کروڑ روپے کی غریب کلیان یوجنا شروع کی، کوئی غریب بھوکا نہ سوئے اس کی فکر کی، 20 لاکھ کروڑ کے اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا گیا، تو اس میں غریب کے مفاد کو ، اس کی روزی روٹی کو  اولین ترجیح دی گئی اور آج ہمارے ملک کے عام آدمی نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ وہ بڑی سے بڑی مصیبت کو بھی پلٹنے کی طاقت رکھتا ہے۔ پی ایم سوندھی یوجنا نے غریب کی محنت کو یہ تعاو ن دیا ہے اور آج ہمارے ریہڑی پٹری ٹھیلے والے ساتھی پھر اپنا کام شروع کر پا رہے ہیں، پھر خود کفیل ہو کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

ساتھیو، ملک نے یکم جون کو پی ایم سوندھی یوجنا کا آغاز کیاتھا اور 2 جولائی کو یعنی ایک مہینے میں ہی آن لائن پورٹل پر اس کے لئے درخواست بھی ملنی شروع ہو گئی تھی۔ اسکیموں میں یہ رفتار ملک میں پہلی بار نظر آ رہی ہے۔ غریبوں کے لئے اعلانات اتنے جلدی مؤثر طریقے سے زمین پر اتریں گے، یہ ماضی کو دیکھتے ہوئے کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ خوانچہ فروشوں کے لئے  بغیر ضمانت کے کفایتی قرضوں کے لئے اس طرح کی اسکیم تو آزادی کے بعد پہلی بار شروع کی گئی ہے۔ آج ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ آپ کی محنت کا احترام کر رہا ہے۔ آج ملک  سماجی تانے بانے میں خود کفیل بھارت مہم میں آپ کے تعاون کوبھی تسلیم کر رہا ہے۔

ساتھیو، اس اسکیم میں شروعات سے ہی اس بات کا دھیان رکھا گیا ہے کہ ہمارے ریہڑی پڑی لگانے والے بھائی بہنو کو کسی طرح کی دقت نہ ہو۔ شروع میں کئی لوگ اس لئے پریشان  تھے کہ انہیں قرض لینے کے لئے کون کون سے کاغذات لگانے ہوں گے، کیا ضمانت دینی ہو گی، اس لئے یہ یقین دہانی کی گئی کی غریبوں کے لئے بنائی گئی دیگر اسکیموں کی طرح ہی اس اسکیم میں بھی ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے گا۔ کوئی کاغذ نہیں، کوئی ضمانت نہیں، کوئی دلیل بھی نہیں اور کسی سرکاری دفتر کا بار بار چکر لگانے کی ضرورت بھی نہیں۔ درخواست آپ خود بھی آن لائن اپلوڈ کر سکتے ہیں اور کسی کامن سروس سنٹر ، میونسپل ادارے کے دفتر یا بینک برانچ میں جا کر بھی درخواست اپلوڈ کرا سکتے ہیں۔ اس کا نتیجہ آج یہ ہے کہ کسی بھی ریہڑی پڑی والے کو ،خوانچے والے کواپنا کام، پھر شروع کرنے کے لئے کسی دوسرے کے پاس جانے کی مجبوری نہیں ہے۔  بینک خود آکر پیسہ دے رہے ہیں۔

ساتھیو، اترپردیش  کی معیشت میں تو خوانچے والوں کا رول بہت بڑا ہے۔ اتنی بڑی آبادی، اتنی بڑی ریاست، لیکن  ریہڑی ٹھیلے والوں کے کام کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنے شہر میں اپنے گاؤں میں، لوگوں کی ضرورت بھی پوری کر رہے ہیں اور کچھ نہ کچھ کمائی کر رہے ہیں۔ یوپی سے جو ہجرت ہوتی تھی، اسے کام کرنے میں بھی ریہڑی پڑی کے روزگار کا بڑا رول ہے۔ اس لئے پی ایم سوندھی یوجنا کا فائدہ پہنچانے میں بھی یوپی آج  پورے ملک میں اول نمبر پر ہے۔ شہری خوانچہ فروشوں کی سب سے زیادہ درخواستیں یوپی سے ہی آئی ہیں۔ ملک میں اب تک  قریب 25 لاکھ سوندھی قرض کی درخواستیں مل چکی ہیں اور 12 لاکھ سے زیادہ درخواستوں کو منظور بھی کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ درخواستیں ، تو اکیلے یوپی سے ہی ملی ہیں، جس میں سے قریب پونے چار لاکھ درخواستوں کو منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ میں یوپی سرکار کو،  وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جی اور ان کی ٹیم کوخاص طور سے مبارکباد دینا چاہتا ہوں، جو اتنی تیز رفتاری سے ریہڑی ٹھیلے والوں کی فکر کر رہے ہیں۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ اب یوپی میں سوندھی یوجنا کے قرض  سمجھوتے کو اسٹیمپ ڈیوٹی سے بھی مستثنی کر دیا گیا ہے۔ یوپی میں  کورونا کے اس مشکل وقت میں 6 لاکھ ریہڑی ٹھیلے والوں کو ہزاروں روپے کی معاشی مدد بھی پہنچائی گئی ہے۔ اس لئے بھی میں یوپی سرکار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ساتھیو، غریب کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ملک میں ایسا ماحول بنا دیاتھا کہ غریب کو قرض دے دیا، تو وہ پیسہ واپس ہی نہیں کرے گا، خود گھپلے گھوٹالے اور کمیشن خوری کرنے والوں نے ہمیشہ بے ایمانی کا سارا ٹھیکرا غریبوں کے ہی سرپھوڑنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن میں نے پہلے بھی کہا ہے ، اور آج پھر دوہراتا ہوں کہ ہمارے ملک کا غریب ایمانداری اور عزت نفس  سے کبھی سمجھوتہ نہیں  کرتا ہے۔ پی ایم سوندھی یوجنا کے ذریعے غریب نے پھر ایک بار اس سچائی کو ثابت کیا ہے ۔ ملک کے سامنے اپنی ایمانداری کی مثال پیش کی ہے۔ آج ملک میں خوانچہ فروشوں کو سوندھی یوجنا کا قرض دیا گیا ہے اور زیادہ تر اپنا قرض وقت سے ادا بھی کر رہے ہیں۔ ہمارے یوپی کے خوانچہ فروش بھی محنت کر کے کمائی بھی کر رہے ہیں اور قسطیں بھی ادا کررہے ہیں۔ یہ ہمارے غریب کی قوت ارادی ہے۔ یہ ہمارے غریب کی محنت ہے، یہ ہمارے غریب کی ایمانداری ہے۔

ساتھیو، پی ایم سوندھی یوجنا کے بارے میں آپ کو بینک سے ، دوسرے اداروں سے پہلے بھی معلومات حاصل ہوئی ہے۔ یہاں بھی آپ کو اس کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بتایا جانا ضروری ہے۔ اس یوجنا میں آپ کے لئے قرض آسانی سے بھی دستیاب ہے اور وقت سے ادائیگی کرنے پر سود میں 7 فیصد کی چھوٹ بھی ملے گی اور اگر آپ ڈیجیٹل لین دین کریں گے، تو ایک مہینے میں 100روپے تک کیش بیک کے طور پر واپس بھی آپ کے کھاتے میں جمع ہوگا، ملنا شروع ہو جائے گا۔ یعنی یہ دونوں کام کرنے پر ایک طرح آپ کا جو قرض ہے، یہ پوری طرح سود سے مستثنی ہو جائے گا۔ سود مفت ہوجائے گا اور دوسری مرتبہ اس سے بھی زیادہ کا قرض آپ کو مل سکتا ہے۔ یہ پیسہ آگے آپ کو اپنا کام بڑھانے میں، کاروبار بڑھانے میں مدد کرے گا۔ ساتھیو، آج بینکوں کے جو دروازے آپ کے لئے کھلے ہیں، بینک آج جس طرح آپ تک خود چل کر آ رہا ہے، یہ ایک دن میں ممکن نہیں ہوا ہے۔ یہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس کی پالیسی کا ، اتنے برسوں کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ یہ ان لوگوں کو بھی جواب ہے، جو کہتے تھے کہ غریبوں کو بینکنگ سسٹم سے مربوط کرنےسے کچھ نہیں ہوگا۔

ساتھیو، ملک میں جب غریبی کے جن دھن کھاتے کھولے تھے، تو کئی لوگوں نے اس پر بھی سوال اٹھائے تھے، مذاق اڑایا تھا، لیکن آج وہی جن دھن کھاتے اتنی بڑی آفت میں غریب کے کام آ رہے ہیں، غریب کو آگے بڑھانے میں کام آ رہے ہیں۔ آج غریب بینک سے منسلک ہیں، معیشت کے اصل دھارے میں شامل ہیں۔ اتنی بڑی عالمی آفت جس کے آگے دنیا کے بڑے بڑے ملکوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑے ہیں، اس بحران سے لڑنے میں ، جیتنے میں آج ہمارے ملک کا عام آدمی بہت آگے ہے۔ آج ہماری مائیں، بہنیں گیس پر کھانا پکا رہی ہیں، لاک ڈاؤن کے وقت بھی انہیں دھوئیں میں کھانا نہیں بنانا پڑا۔ غریب کو رہنے کے لئے پردھان منتری آواس مل رہا ہے، سوبھاگیہ یوجنا کے سبب گھر میں بجلی کنکشن ملا ہے۔آیوشمان یوجنا سے 5 لاکھ تک کا مفت علاج مل رہا ہے۔ آج بیمہ یوجناؤں کا آسرا بھی غریب کے پاس ہے۔ غریبوں کی پوری ترقی ان کی زندگی سے متعلق ایک مجموعی کوشش ، آج یہ ملک کا عزم ہے۔ آج اس موقع پر جتنے ریہڑی پڑی دکاندار، جتنے بھی محنت کش ، مزدور، کسان ساتھ جڑے ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک آپ کے روزگار کو ، آپ کے کاروبار کو ، آپ کے کام کو آگے بڑھانے کے لئے آپ کی زندگی کو بہتر اور آسان بنانے کے لئے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑےگا۔

ساتھیو، کورونا کی تکلیفوں کا جس مضبوطی سے آپ سب نے سامنا کیا ہے، جس چوکسی سے آپ بچاؤ کے اصولوں پر عمل کر رہے ہیں، اس کے لئے میں ایک بار پھر آپ کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کی اس بیداری سے، اس چوکسی سے ملک جلد ہی اس عالمی وبا کو پوری طرح شکست دے گا۔ مجھے یقین ہے کہ جلد ہی ہم سب مل کر خود کفیل بھارت کے خواب کو پورا کریں گے اور ہاں دو گز کی دوری، ماسک ضروری، یہ منتر ہمیں تہوار کے دنوں میں بھی ذرازیادہ دھیان رکھنا ہے۔ کوئی کمی نہیں آنی چاہئے، انہیں نیک خواہشات کے ساتھ میں پھر ایک مرتبہ آپ سب کو تہواروں کی بہت بہت نیک خواہشات پیش کرتا ہوں،  بہت بہت مبارکبادبھی دیتاہوں اور آپ کی زندگی میں بہت ترقی ہو، یہی ایشور سے دعا کرتا ہوں۔

بہت بہت شکریہ!

*************

( م ن ۔  اس ۔  ک ا(

U. No. 6729



(Release ID: 1667813) Visitor Counter : 234