وزارت آیوش

آیوش کی وزارت کی طرف سے کام کی جگہ پر آج سے یوگا کے سلسلے میں وقفے کی شروعات

Posted On: 25 SEP 2020 12:27PM by PIB Delhi

نئی دہلی،25 ستمبر،  کووڈ-19 کی شروعات کے بعد ‘‘یوگا بریک’’ پروٹوکول کی سرگرمیوں کے بارے میں آیوش کی وزارت کی طرف سے چلایا جانے والا  جو سلسلہ معطل ہوگیا تھا وہ آج سے پھر شروع ہوگیا۔ پانچ منٹ کے اس  پروٹوکول کا مقصد کام کی جگہوں پر لوگوں میں یوگا کو متعارف کرانا اور انھیں کام سے تھوڑا وقفہ لے کر اپنے آپ کو تازہ دم کرنے میں مدد دینا ہے۔

یوگا بھارت کا ایک پرانا نظام ہے اور اس کا مقصد لوگوں کی جسمانی، ذہنی، جذباتی اور روحانی ضرورت کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے۔کام کرنے کی عادتوں میں خاص طور پر کمپیوٹر پر اور کئی کئی گھنٹے مسلسل کام کرنے کی وجہ سے لوگ تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس طرح کے تناؤ سے کام پر توجہ کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے  لوگوں کی صلاحیت اور ان کی اثرپذیری میں رکاوٹ پڑتی ہے۔

آیوش کی وزارت نے ایم ڈی این آئی وائی کے ساتھ مل کر پانچ منٹ کے یوگا وقفے کا 2019 میں ایک پروٹوکول شروع کیا تھا جس کا مقصد تناؤ کو دور کرنا، تازہ دم کرنا اور کام پر توجہ دوبارہ مرکوز کرنا تھا۔اس پروٹوکول میں جو سرکردہ یوگا ماہرین نے تیار کیا ہے کچھ یوگا آسن شامل ہیں مثلاًتڈاسنا، کاٹی چکراسنا وغیرہ اور ندی سودھنا براماری ، پرانایام اور دھیان۔ اس پروٹوکول کی شروعات جنوری 2020 میں آزمائشی طور پر کی گئی تھی ۔ لوگوں سے ملنے والی رائے کے مطابق اسے بہت موثر پایا گیا۔

آیوش کی وزارت نے  یوگا بریک پروٹوکول  کی نئی دہلی میں آیوش بھون ایم ڈی این آئی وائی  کیمپس میں آج سے  دوبارہ شروعات کی۔ صحت کی موجودہ ایمرجنسی کا خیال کرتے ہوئے سانس لینے کی مشق (پرانایام) پر نئے سرے سے زور دیا گیا۔ خاص طور پر پھیپھڑوں کی صلاحیت کو اضافے کرنے میں اس کے موثر ہونے کو دیکھتے ہوئے۔آیوش بھون کے لان میں روزانہ دس منٹ کے لیے یوگا کے بارے میں مظاہرے اور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔آس پاس کے دفاتر کے لوگوں نے بھی اس میں شامل ہونے کے لیے خواہش ظاہر کی ہے۔ سماجی طور  پر دوری رکھنے کے ضابطوں اور حکومت کے رہنما خطوط کی سختی کے ساتھ پابندی کا خیال رکھا جارہا ہے۔ آیوش وزارت آنے والے ہفتوں میں جی پی او کمپلیکس، آئی این اے، نئی دہلی میں واقع مختلف دفاتر کے عملے اور افسران کے لیے یہ سہولت فراہم کرے گی۔

****************

م ن۔ اج ۔ ر ا       

U:5854


(Release ID: 1659247) Visitor Counter : 181