وزارت دفاع

بھارتی فضائیہ میں رافیل طیاروں کی شمولیت سے متعلق تقریب

Posted On: 09 SEP 2020 1:14PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  9/ستمبر 2020 ۔ بھارتی فضائیہ 10 ستمبر 2020 کو امبالا ایئر فورس اسٹیشن میں باقاعدہ طریقے سے رافیل طیاروں کو اپنے بیڑے میں شامل کرے گی۔ یہ طیارہ فضائیہ کے 17ویں اسکواڈرن  ’’گولڈن ایروز‘‘ کا جزو ہوں گے۔ پانچ رافیل طیاروں کی پہلی کھیپ 27 جولائی 2020 کو فرانس سے امبالا کے ایئرفورس اسٹیشن پر پہنچی تھی۔

عزت مآب وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ اور فرانس کی وزیر دفاع محترمہ فلورینس پارلی اس موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا، سکریٹری دفاع ڈاکٹر اجے کمار،دفاعی تحقیق و ترقی کے محکمے کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی کے ساتھ وزارت دفاع اور مسلح افواج کے دیگر سینئر افسران بھارتی فضائیہ کی تاریخ میں درج ہونے والے اس اہم واقعے کے موقع پر موجود رہیں گے۔ اس موقع پر فرانسیسی وفد  کی نمائندگی بھارت میں فرانس کے سفیر جناب ایمانوئیل لینین، فضائیہ کے سربراہ ایرک آٹیلیٹ، فرانسیسی فضائیہ کے وائس چیف اور دیگر سینئر افسران کے ذریعے کی جائے گی۔ ڈسالٹ ایوی ایشن کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو، ایرک ٹریپیئر اور ایم بی ڈی اے کے سی ای او جناب ایرک بیرانگر سمیت فرانسیسی دفاعی صنعت کے متعدد افسروں پر مشتمل ایک بڑا وفد بھی اس انعقاد کے موقع پر موجود رہے گا۔

فرانس کی وزیر دفاع محترمہ فلورینس پارلی کو دہلی آمد پر روایتی طریقے سے گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ امبالا میں رافیل طیارے کی رسمی شمولیت روایتی طریقے سے ’سرو دھرم پوجا‘ کے ساتھ کی جائے گی۔ اس موقع پر رافیل اور تیجس طیارے ہوائی کرتب دکھائیں گے، جس میں سارنگ ایروبیٹک ٹیم بھی شامل ہوگی۔ اس کے بعد رافیل طیارے کو روایتی طریقے سے واٹر کینن کی سلامی دی جائے گی۔ تقریب کا اختتام فضائیہ کے 17ویں اسکواڈرن میں رافیل طیارے کو باقاعدہ طور پر شامل کئے جانے کے ساتھ ہوگا۔ اس تقریب کے بعد بھارتی اور فرانسیسی وفود کی دو فریقی میٹنگ بھی ہوگی۔

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 5217

 



(Release ID: 1652831) Visitor Counter : 128