وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے ڈاکٹر جوزیف مار تھوما میٹرو پولیٹن کی 90 ویں یومِ پیدائش پر خطاب کیا
آتم نربھر بھارت ہر ہندوستانی کے لئے اقتصادی قوت اور خوشحالی کو یقینی بنا رہا ہے : پی ایم
Posted On:
27 JUN 2020 12:50PM by PIB Delhi
نئی دلّی ،27 جون / وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ڈاکٹر جوزیف مار تھوما میٹرو پولیٹن کے 90 ویں یومِ پیدائش پر خطاب کیا ۔ انہوں نے انہیں مبارکباد دی اور اُن کی طویل زندگی اور اچھی صحت کے لئے نیک خواہشات پیش کیں ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ڈاکٹر جوزیف مار تھوما نے اپنی زندگی سماج اور ملک کی بہتری کے لئے وقف کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جوزیف مار تھوما ، خاص طور پر خواتین کو با اختیار بنانے اور غریبی کے خاتمے کے لئے زبردست جذبہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مارتھوما چرچ سینٹ تھومس ، جو عیسیٰ مسیح کے شاگرد تھے ، کے نظریات سے تعلق رکھتا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مختلف ذرائع سے روحانی اثرات قبول کرنے کے لئے ہمیشہ کھلا رہا ہے ۔ ڈاکٹر جوزیف مارتھوما کے اِس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ عاجزی ایک رحمت ہے اور اچھے کاموں کے لئے ہمیشہ فائدہ مند ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ عاجزی اور انکساری کے اسی جذبے کے ساتھ مارتھوما چرچ نے ہمارے ہم وطنوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے ، خاص طور پر صحت اور تعلیم میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مارتھوما چرچ نے بھارت کی جدو جہد آزادی میں ایک اہم رول ادا کیا تھا اور قومی یکجہتی کے لئے کام کرنے والوں میں سب سے آگے تھا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کووڈ – 19 ایک جسمانی بیماری نہیں ہے ، جس سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے بلکہ یہ ہمارے غیر صحت مند طرز زندگی کی جانب توجہ دلاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک عالمی وباء کا مطلب ہے کہ پوری انسانیت کو علاج کی ضرورت ہے اور انہوں نے سامعین سے کہا کہ وہ کرۂ ارض میں زیادہ ہم آہنگی اور خوشیوں کے لئے ہر ممکن کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا جانبازوں کے ساتھ بھارت کووڈ – 19 سے سختی کے ساتھ لڑ رہا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے حکومت نے کئی اقدام کئے ہیں اور عوام کی قیادت میں اس لڑائی میں بھارت کئی دیگر ملکوں سے بہتر ہے اور بھارت کی صحت یابی کی شرح بڑھ رہی ہے ۔ اس کی وجہ سے وائرس کی شدت پہلے لگائے گئے اندازے سے کم ہے ۔ انہوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ کووڈ کی وجہ سے بھارت میں فی 10 لاکھ اموات کی شرح 12 سے کم ہے ، جب کہ یہ اٹلی میں فی 10 لاکھ 574 ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ، برطانیہ ، اسپین اور فرانس میں بھی تعداد بھارت کے مقابلے کافی زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں گاؤں ، جہاں تقریباً 85 کروڑ کی آبادی ہے ، کورونا وائرس سے تقریباً پوری طرح پاک ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ذریعے کووڈ – 19 کے خلاف لڑی گئی اِس لڑائی نے اب تک اچھے نتائج دیئے ہیں اور زور دے کر کہا کہ ہمیں اپنی چوکسی کو کم نہیں کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلکہ اور زیادہ محتاط رہنا چاہیئے اور ماسک پہننا چاہیئے ، دو گز کی دوری ، سوشل ڈسٹنسنگ ، بھیڑ بھاڑ والی جگہ پر جانے سے پرہیز اب اور زیادہ اہم ہو گیا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں حکومتِ ہند نے معیشت سے متعلق طویل مدتی اور مختصر مدتی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر سے خلاء تک ، کھیت سے فیکٹریوں تک تمام شعبوں میں عوام دوست اور ترقی حامی فیصلے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آتم نربھر بھارت ، خود کفیل بھارت ہر ہندوستانی کے لئے اقتصادی قوت اور خوشحالی کو یقینی بنائے گا ۔
حال ہی میں متعارف کرائی گئی پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اسکیم 20 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ ماہی گیری کے سیکٹر میں تبدیلی لائے گی ، بر آمدات کی کمائی میں اضافہ کرے گی اور 55 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو روز گار فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو چین کو زیادہ مضبوط بنانے کے لئے بہتر ٹیکنا لوجی اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کرایا جائے گا۔ انہوں نے اِس یقین کا اظہار کیا کہ کیرالہ کے ماہی گیر مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں گے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خلاء کے سیکٹر میں کی گئی تاریخی اصلاحات ، خلائی اثاثوں اور سرگرمیوں کے زیادہ استعمال کو یقینی بنائیں گی ۔ اعداد و شمار اور ٹیکنا لوجی تک رسائی بہتر ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیرالہ کے بہت سے جوان ، خاص طور پر جنوبی بھارت کے نو جوان ، جو سائنس اور ٹیکنا لوجی میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں ، ان اصلاحات سے فائدہ اٹھایں گے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بھارت کو ترقی کا انجن بنانے کے لئے احساس اور طویل مدتی ویژن سے رہنمائی حاصل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے دلّی میں سرکار کے آرام دہ دفاتر میں نہیں کئے جاتے بلکہ بنیادی طور پر لوگوں کی رائے کے بعد کئے جاتے ہیں ۔ اس سے ، اِس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ہر ہندوستانی کو ایک بینک کھاتے تک رسائی حاصل ہو ، 8 کروڑ خاندانوں کو دھوئیں سے پاک باورچی خانے ملے ہیں ، 1.5 کروڑ بے گھر لوگوں کو مکان دیئے گئے ہیں اور بھارت اب دنیا کی حفظانِ صحت کی سب سے بڑی اسکیم آیوشمان بھارت کا بھی مرکز ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ غریبوں کے لئے ایک ملک اور راشن کارڈ اسکیم نے انہیں ، جہاں بھی وہ ہیں ، راشن حاصل کرنے میں مدد کی ہے ۔ متوسط طبقے کے لئے رہن سہن میں آسانی کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ کسانوں کے لئے ایم ایس پی میں اضافہ کیا گیا ہے اور اِس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ انہیں درست قیمتیں ملیں ۔ خواتین کے لئے اِس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ اُن کی صحت پر مختلف اسکیموں کے ذریعے پوری توجہ دی جائے اور زچگی کی چھٹیوں میں اضافے کے ذریعے اُن کے کیریئر کو بھی محفوظ کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی حکومت عقائد ، صنف ،ذات پات یا زبان کے درمیان امتیاز نہیں کرتی اور 130 کروڑ بھارتیوں کو با اختیار بنانے کی خواہش کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ہماری رہنمائی کے لئے بھارت کا آئین ہے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ہماری سرگرمیاں قومی ترقی میں اضافہ کر سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت یہ کہہ رہا ہے ، " ہم مقامی طور پر پیدا کریں گے اور مقامی مصنوعات ہی خریدں گے " ۔ اس سے بہت سے گھروں میں خوشحالی کے دئے جلیں گے ۔
پس منظر :
ملن کارا مار تھوما سیرین چرچ ، جو مار تھوما چرچ کے نام سے جانا جاتا ہے ، کیرالہ کے قدیم چرچوں میں سے ایک ہے ۔ روایتی طور پر یہ یقین کیا جاتا ہے کہ حضرت عیسیٰ مسیح کے ایک شاگرد سینٹ تھومس سن 52 ء میں بھارت آئے تھے اور انہوں نے یہ چرچ قائم کیا تھا ۔ اس چرچ کی سربراہی 21 ویں ملن کارا میٹرو پولیٹن ڈاکٹر جوزیف مارتھوما کر رہے ہیں ، جو پچھلے 13 سال سے چرچ کے سربراہ ہیں ۔ مارتھوما چرچ نے بھارت کی آزادی کی جدو جہد کے دوران قوم پرستی اور جمہوریت کے جذبے کو فروغ دیا اور اس کے بعد ایمرجنسی کے دور میں بھی جمہوریت کا پرچم بلند کیا ۔ یہ چرچ انسانیت کی خدمت کے لئے عہد بستہ ہے اور بہت سے سماجی فلاح کے ادارے ، اسپتال ، کالج ، اسکول اور ٹیکنیکل ادارے چلاتا ہے ۔ زلزلے ، سیلاب ، سونامی وغیرہ جیسے بحران کے وقت بھی چرچ نے مختلف ریاستوں میں امداد اور باز آباد کاری کی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) (27-06-2020)
U. No. 3553
(Release ID: 1634860)
Visitor Counter : 277
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Assamese
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam